Tue Apr 08 2025 5:41:56 AM
  • Follow us on
  • Subcribe

نوراتری میں عید: ایک انوکھا جشن

Story by  اے ٹی وی | Posted by  faridi@awazthevoice.in | Date 03-04-2025
 نوراتری میں عید: ایک انوکھا جشن
نوراتری میں عید: ایک انوکھا جشن

 

ملک اصغر ہاشمی

جیسے ہی میں وشنو اور بدھ کی سرزمین "گیا" کے ریلوے اسٹیشن پر اترا، سب سے پہلا خیال عید پر اپنے دوستوں کو دعوت پر بلانے کا آیا۔ لیکن مجھے یاد نہیں رہا کہ نوراتری شروع ہو چکی ہے، اور میرے ہندو دوست ان دنوں نہ صرف گوشت اور مچھلی بلکہ لہسن اور پیاز تک سے پرہیز کرتے ہیں۔

گھر پہنچ کر ابا-اماں سے ملا اور کافی دیر تک بات چیت ہوتی رہی۔ اس دوران، صبح سورج کی کرنیں آسمان پرپھیل چکی تھیں۔ ہمارے بھائی اور بھتیجے سحری کے بعد فجر کی نماز پڑھ کر مسجد سے واپس آ چکے تھے۔ اسی لمحے میں نے اپنے دوست کمل نین کو فون کیا۔ وہ ایک اخبار میں ایک اہم عہدے پر کام کرتے ہیں اور اکثر رات دیر تک کام کرنے کے بعد دن چڑھے تک سوتے ہیں۔ پھر بھی، میں نےوقت کا خیال کیے بغیر ان کے موبائل کی گھنٹی بجا دی۔

ادھر سے نیند میں ڈوبی ہوئی آواز آئی---آ گئے دہلی سے؟

میں نے جواب دیا، "ہاں، اور ممکن ہے پیر کے دن عید ہو۔ اس لیے تمہیں دوپہر کے کھانے پر آنا ہے۔ تھوڑی دیر میں بازار جا کر دعوت کی تیاری کروں گا۔"

اتنا سننا تھا کہ کمل کی نیند جیسے غائب ہو گئی۔ وہ فوراً بولے ___ سنو، ہمارے یہاں چَیتی چھٹھ چل رہا ہے۔ نوراتری بھی ہے۔ ہم دس دن تک باہر کا کچھ نہیں کھائیں گے۔ پھر ایک لمحے رک کر مزید کہا کہ عید والے دن تمہارے گھر ضرور آؤں گا،لیکن کھانے سے پرہیز کروں گا۔ بس ایک سیلفی لے کر سیدھا دفتر نکل جاؤں گا۔

کمل کی بات سن کر مجھے احساس ہوا کہ میں نے اس پہلو پر پہلے غور کیوں نہیں کیا؟ حقیقت یہ تھی کہ عید کی دوپہر ہمارے غیر مسلم دوستوں کے لیے ہمیشہ ایک خاص موقع ہوتی تھی۔ جب تک گیا میں رہا، یہ سلسلہ چلتا رہا،لیکن گروگرام منتقل ہونے کے بعد یہ روایت ٹوٹ گئی۔ جب کبھی دہلی سے عید منانے آتا، تو دوپہر کی دعوت ضرور ہوتی، جس میں گپ شپ، سیاست پر بحث، اور ہنسی مذاق کا دور چلتا۔ پھر سب مل کر کھاتے اور اگلی عید پر ملاقات کا وعدہ کرتے۔

برسوں کے اس سلسلے میں ہمارے کئی ساتھی جیسے پربھات شانڈلیہ اور بھگوان سری بھاسکر دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں، اسی لیے ہم کسی نہ کسی بہانے ملنے کی کوشش کرتے ہیں، اور تہوار اس کے لیے سب سے بہترین ذریعہ ہوتے ہیں۔

لیکن کمل کے چَیتی چھٹھ اور نوراتری کی یاد دلانے پرمیں تھوڑا مایوس ہو گیا۔ سوچا، اگر میں دوستوں کو دعوت دوں گا تو وہ کمل کی طرح محض چند سیکنڈ کے لیے آئیں گے، بغیر کچھ کھائے سیلفی لیں گے اور چلے جائیں گے۔ یہی سوچ کر میں نے یہ مسئلہ اپنی بیوی کے سامنے رکھا۔ انہوں نے جو تجویز دی، وہ نہ صرف مجھے بلکہ بعد میں میرے تمام دوستوں کو بھی پسند آئی— "عید پر نوراتری"۔

بیوی سے مشورہ کرنے کے بعد میں نے پھر کمل کو فون کیا، "سنو، ہم کھل کر عید منائیں گے، اور محض سیلفی سے کام نہیں چلے گا۔ عید کی پارٹی ہو گی!" پھر میں نے وِملیندو، جتیندر، روپک، بلرام شرما، لال جی بابو، پنکج سنہا اور دیگر دوستوں کو فون کر کے آئیڈیا شیئر کیا۔ سب نے سن کر خوشی کا اظہار کیا اور آنے کی حامی بھر لی۔میرا ایک اور دوست چندن، جو کبھی سہارا میں بہار کے ایڈیٹر تھے اور اب نو بھارت ٹائمز کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے جڑے ہیں، ان دنوں گیا میں ہی تھے۔ جب انہیں روپک سے عید پارٹی کا پتہ چلا، تو انہوں نے بھی فوراً آنے کا فیصلہ کر لیا۔

عید کے دن...

عید کی نماز پڑھ کر پہلے گھر والوں کے ساتھ وقت گزارا، میٹھی سیویاں، دہی بھلے اور روٹی کھائی۔ اس کے بعد، چھوٹے بیٹے کے ساتھ دعوت کی تیاری کے لیے بازار گیا۔ کیدارناتھ مارکیٹ سے خریداری کے بعد سامان بیوی کے حوالے کیا اور نیچے مہمانوں کے بیٹھنے کا انتظام کرنے لگا۔دوپہر ڈیڑھ بج چکے تھے دعوت کا وقت دو بجے تھا، لیکن دوستوں کی آمد سوا دو بجے سے شروع ہو گئی۔ سب سے پہلے لال جی پرساد آئے، جو جے ڈی یو کے بانی رکن اور معروف سماجی کارکن ہیں۔ اس کے بعد جتیندر، روپک، وملیندو اور باقی دوست آ گئے۔

بیٹھک شروع ہوئی اور وہی پرانی باتیں— ماضی کے قصے، سیاست پر گفتگو، ایک دوسرے کی چھیڑ چھاڑ، اور گہرے دوستوں کی یاد۔ ہم نے ان دوستوں کو بھی یاد کیا جو اب ہمارے درمیان نہیں رہے۔

کئی گھنٹے کب گزر گئے، پتہ ہی نہیں چلا۔ اس دوران سب کے ذہن میں ایک ہی سوال تھا— "آخر کھانے میں کیا ہوگا؟"

اتنے میں میرا چھوٹا بیٹا کمرے میں آیا اور بولا، "امی پوچھ رہی ہیں، کھانا لگاؤں؟"

میں نے سب کی طرف دیکھا اور مسکرا کر کہا، "لے آؤ!"

کمرے میں چند سیکنڈ کے لیے خاموشی چھا گئی۔ پھر بیٹا شیشے کی کٹوریاں، چمچیں، ٹھنڈے پانی کی بوتلیں اور پلیٹیں لانے لگا۔ آخر میں فروٹ سے سجی ہوئی تھالیاں سامنے آئیں— تربوز، کیلا، سیب، کیوی، اسٹرابیری، پپیتا، کالے اور ہرے انگور۔

یہ دیکھ کر سب دوست حیران بھی ہوئے اور خوش بھی۔ کسی نے مسکرا کر کہا، "یہ عید ہمیشہ یاد رہے گی— نوراتری میں عید!"

پھر سب نے بھرپور پھلوں کا ناشتہ کیا، ایک دوسرے کو عطر لگایا، گلے ملے، اور دیر تک بات چیت کرتے رہے۔ دوران گفتگو وِملیندو نے سب کی تصاویر بھی کھینچیں۔

جاتے جاتے کمل نین آہستہ سے بولا، "گھر میں چَیتی چھٹھ ہو رہی ہے، پورا خاندان آیا ہوا ہے۔ چار اپریل کو تمہیں میرے گھر ضرور آنا ہے۔ میرے چھوٹے بھائی نِیلو کا بیٹا گُروگرام میں کام کرتا ہے، وہ بھی تم سے ملنا چاہتا ہے۔ پھر سب اپنے اپنے راستے روانہ ہو گئے۔ میں دل سے خوش  تھا کہ اس بار عید کو ایک نئے اور یادگار انداز میں منایا۔درحقیقت، وشنو اور بدھ کی یہ سرزمین، جہاں ہر مسئلے کا حل لوگ بغیر کسی بحث کے آسانی سے نکالنے کے عادی ہیں۔