حکومت ہند کی کینیڈا کو کھری کھری

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 13-10-2024
حکومت ہند کی کینیڈا کو کھری کھری
حکومت ہند کی کینیڈا کو کھری کھری

 

نئی دہلی: حکومت ہند نے دہشت گرد ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے حوالے سے کینیڈا کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔ ہندوستان نے واضح کیا ہے کہ کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو بغیر کوئی ثبوت پیش کیے دہشت گرد ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے لیے مودی حکومت پر بے بنیاد الزامات نہیں لگا سکتے۔ اس کے علاوہ ہندوستان نے کہا ہے کہ جسٹن ٹروڈو اپنی تفتیشی ایجنسیوں کو نام نہاد مجرموں کو پکڑنے کے لیے سیاسی ہدایات نہیں دے سکتے۔

ہفتہ (12 اکتوبر) کو ہندوستان کے اعلیٰ سیکورٹی حکام نے کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو حکومت کے عہدیداروں سے ملاقات کی۔ اس میں حکومت ہند نے کہا ہے کہ تحقیقاتی ایجنسی آر سی ایم پی کے الزامات غلط ہیں۔ آپ کو بتا دیں کہ آر سی ایم پی دہشت گرد ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کیس کی تحقیقات کر رہی ہے۔ آسیان سربراہی اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان بات چیت ہوئی۔

میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ 11 اکتوبر کو آسیان سربراہی اجلاس میں جسٹن ٹروڈو اور وزیر اعظم مودی کے درمیان ملاقات ہوئی تھی۔ اس دوران جب پی ایم مودی لاؤنج سے کھانے کی جگہ جا رہے تھے تو جسٹن ٹروڈو نے ان سے اس معاملے پر بات کی۔ اس پر وزیر اعظم مودی نے ان سے کہا کہ اس مسئلے پر بات کرنے کا یہ صحیح وقت نہیں ہے۔ رپورٹس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مصافحہ تک نہیں کیا۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ کینیڈا میں اگلے سال عام انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ ایسے میں وہ اپنی خالصتانی ووٹ بینک کی سیاست کے لیے ہندوستان کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ اس بات چیت کے بارے میں ہندوستان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان کوئی ٹھوس بات چیت نہیں ہوئی۔ اس معاملے کے حوالے سے سینئر ہندوستانی حکام کا کہنا ہے کہ ہندوستان کے پاس اس معاملے میں چھپانے کے لیے کچھ نہیں ہے۔

ٹروڈو حکومت ہندوستان کو بدنام کرنے کی وجوہات بتائے۔ اس کے علاوہ ہندوستانی حکام نے خالصتانی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی اٹھایا ہے۔ ہفتے کے روز ہونے والی ملاقات میں کینیڈا کی قومی سلامتی کی مشیر نتھالی جی ڈروئن اور نائب وزیر خارجہ ڈیوڈ موریسن نے بھی شرکت کی۔