راجدھانی میں پابندیوں کا اثر، اے کیو آئی میں کمی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 21-11-2024
راجدھانی میں  پابندیوں کا اثر، اے کیو آئی  میں کمی
راجدھانی میں پابندیوں کا اثر، اے کیو آئی میں کمی

 

نئی دہلی : دہلی-این سی آر میں سردی کا اثر تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ لوگ سویٹر پہننے لگے ہیں۔ آج صبح کم سے کم درجہ حرارت 11.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو کہ معمول سے ایک ڈگری کم ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کا امکان ہے۔ صبح کے وقت ہلکی دھند اور سموگ چھائی رہی جس سے حد نگاہ متاثر ہوئی۔ صفدرجنگ علاقے میں بینائی کی سطح 500 میٹر اور آئی جی آئی ایئرپورٹ پر 600 میٹر تھی۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق آنے والے دنوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ دہلی اور این سی آر میں ہوا کی حالت پچھلے کئی دنوں سے خراب ہے، لیکن اب اس میں کچھ بہتری آئی ہے۔ آج کئی علاقوں کا ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی ) 400 سے نیچے ریکارڈ کیا گیا، جب کہ دو دن پہلے یہ 1000 تک پہنچ گیا تھا۔ آج دھند میں کچھ کمی آئی ہے جس سے سڑکوں پر چلنے والوں کو راحت ملی ہے۔ سردی نے بھی اپنا اثر دکھانا شروع کردیا ہے۔ دہلی اور آس پاس کے علاقوں میں صبح سے ہلکی سردی محسوس کی جارہی ہے۔

میدانی علاقوں میں سردی کا بڑھتا ہوا اثر، پہاڑوں پر برف باری کا اشارہ

شمالی ہندوستان کے میدانی علاقوں میں بڑھتی ہوئی سردی پہاڑوں پر برف باری کا اشارہ ہے۔ آئی ایم ڈی نے خبردار کیا ہے کہ دہلی اور آس پاس کی ریاستوں جیسے ہریانہ اور پنجاب میں دھند کے گھنے حالات برقرار رہ سکتے ہیں۔ اتر پردیش کے کئی اضلاع میں دھند کا پیلا اور نارنجی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ دھند کے باعث سڑکوں پر حد نگاہ کم ہونے سے ٹریفک متاثر ہوئی ہے جب کہ ٹرینیں بھی تاخیر سے چل رہی ہیں۔ لکھنؤ سمیت یوپی کے کئی اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت 10 سے 12 ڈگری سیلسیس کے درمیان پہنچ گیا ہے۔