بحریہ کے بیڑے میں شمولیت کو تیار آئی این ایس توشیل

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 06-12-2024
بحریہ کے بیڑے میں شمولیت کو تیار آئی این ایس توشیل
بحریہ کے بیڑے میں شمولیت کو تیار آئی این ایس توشیل

 

ممبئی :ہندوستانی بحریہ 9 دسمبر کو روس کے کیلینن گراڈ میں اپنے جدید ترین ملٹی رول اسٹیلتھ گائیڈڈ میزائل فریگیٹ، آئی این ایس توشیل کو کمیشن کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ مہمان خصوصی کی حیثیت سے تقریب کی صدارت کریں گے۔ اس تقریب میں اعلیٰ سطحی ہند-روس حکومت اور دفاعی حکام موجود ہوں گے۔

آئی این ایس توشیل پروجیکٹ 1135.6 کا ایک اپ گریڈ شدہ کریواک تھرڈ کلاس فریگیٹ ہے۔ ان میں سے چھ پہلے سے خدمت میں ہیں، جن میں تین تلوار قسم کے جہاز شامل ہیں، جو بالٹیسکی شپ یارڈ، سینٹ پیٹرزبرگ میں بنائے گئے ہیں، اور تین فالو آن ٹیگ کلاس جہاز، جو ینٹر شپ یارڈ، کیلینن گراڈ میں بنائے گئے ہیں۔ آئی این ایس توشیل سیریز کا ساتواں اور دو ایڈوانسڈ اضافی فالو آن جہازوں میں سے پہلا ہے۔

اس کے لیے اکتوبر 2016 میں جے ایس سی روزوبورونیکس پورٹ ، ہندوستانی بحریہ اور حکومت ہند کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے۔ اس جنگی جہاز کی لمبائی 409.5 فٹ، بیم 49.10 فٹ اور ڈرافٹ 13.9 فٹ ہے۔ یہ سمندر میں 59 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑ سکتا ہے۔ یہ 18 افسران سمیت 180 فوجیوں کو لے کر 30 دن تک سمندر میں رہ سکتا ہے۔ آئی این ایس توشیل الیکٹرانک جنگی نظام سے لیس ہے۔ یہ لانچروں سے لیس ہے۔ اس میں 100 ملی میٹر اے-190ای نیول گن بھی لگائی گئی ہے۔

اس کے علاوہ یہ ایک 76 ایم ایم اوٹو میلارا نیول گن اور 2 اے کے 630 سی آئی ڈبلیو ایس اور 2 کاشتان سی آئی ڈبلیو ایس گنوں سے لیس ہے۔ ان خطرناک توپوں کے علاوہ یہ جنگی جہاز دو 533 ایم ایم ٹارپیڈو ٹیوبوں سے بھی لیس ہے۔ اس میں ایک راکٹ لانچر بھی تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اس جہاز کو کاموف-28 یا کاموف-31 یا دھرو ہیلی کاپٹر سے لیس کیا جا سکتا ہے۔