جامعہ ملیہ اسلامیہ : پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی قائم مقام رجسٹرار

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 02-11-2024
جامعہ ملیہ اسلامیہ : پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی قائم مقام رجسٹرار
جامعہ ملیہ اسلامیہ : پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی قائم مقام رجسٹرار

 

                نئی دہلی : ملیہ اسلامیہ کے شیخ الجامعہ،پروفیسر مظہر آصف نے پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی،اعزازی ڈائریکٹر،نیلسن منڈیلاسینٹر فار پیس اینڈ کنفلٹ ریزولیوشن جامعہ ملیہ اسلامیہ کو یونیورسٹی کا نیا قائم مقام مسجل مقرر کیا ہے۔آرڈر جاری ہونے کے فوراً بعد پروفیسر رضوی نے مفوضہ ذمے داری سنبھال لی۔وہ جناب محمد نسیم حیدر،ڈپٹی رجسٹرار۔ایک کی جگہ آئے ہیں جو گزشتہ چند ماہ سے جامعہ کے قائم مقام مسجل کی خدمات انجام دے رہے تھے۔شیخ الجامعہ اور یونیورسٹی کے جامعہ  اسٹاف نے پروفیسر رضوی کو نئی ذمے داری کی مبارک دی اور یونیورسٹی کے قائم مقام مسجل کی مدت کار کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اپنے خطاب کے دوران شیخ الجامعہ نے کہاکہ ہم ایک ٹیم کے طورپر کام کریں گے اور جامعہ کو نئی اونچائیوں تک لے جائیں گے اور ہماری کوشش ہوگی کہ اس عظیم ادارے کے بانیان کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرسکیں۔

                پروفیسررضوی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ مجھ میں بھروسہ اور اعتماد اور اس اہم ذمہ کو مجھے تفویض کرنے کے لیے میں شیخ الجامعہ کا ممنون و مشکور ہوں۔انھوں نے کہا کہ میں زیادہ کچھ نہیں کہوں گا اور کوشش کروں گا کہ میں اپنے کام سے خود کو ثابت کروں۔اس کام کے لیے مجھے یونیورسٹی کے تدریسی و غیر تدریسی عملے کے تعاون کی ضرورت ہے۔

                پروفیسر رضوی کو تدریس و تحقیق کا بیس سال سے زیادہ عرصے کا تجربہ ہے۔سال دوہزار سترہ میں وہ جامعہ ملیہ اسلامیہ آئے تھے، اس سے قبل انھوں نے انسٹی ٹیوٹ فار ڈیفینس اسٹڈیز اینڈ انالیسس نئی دہلی (سرکردہ اور موقر رسرچ انسٹی ٹیوٹ،تھنک ٹینک آف منسٹری آف ڈیفینس،حکومت ہند میں بطور فیلو کام کیا۔وہ بین الاقوامی امور، خارجہ پالیسی اور سیکوریٹی معاملات میں خاص طورپر مغربی ایشیا اور شمالی افریقہ کے ممالک کے ساتھ ہندوستان کے دفاعی تعلقات کے ماہر ہیں۔

ٍ                ان کی تحقیق بھی ایران کے سیاسی و اندرونی معاملات، ایران کے نیوکلیائی پروگرام،ایران۔چین اقتصادی، سیاسی اور دفاعی معاملات پر مرکوز ہے۔مغربی ایشیا،شمالی افریقہ کے خطے،مغربی ایشیا میں توانائی کی سیکوریٹی، اور وانا خطے میں امن اور حل تنازع میں ہونے والی پیش رفتوں پر ان کی گہری نگاہ ہے۔انھوں نے آئی ڈی ایس اے اور ایرانی وزارت خارجہ اور جی سی سی ممالک کے لیے مشترکہ پروجیکٹوں پر بھی کام کیاہے۔انھوں نے مختلف انتظامی عہدوں اور مناصب پر کام کرنے کا بھی تجربہ ہے۔

                عزت مآب صدرجمہوریہ ہند نے انھیں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے کورٹ کا رکن بھی نامز د کیاہے۔وہ انسٹی ٹیوشنل اکیڈمک انٹیگریٹی پینل (آئی اے آئی پی) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی(مانو) حیدر آباد کے بیرونی رکن بھی ہیں۔