جودھپور : آٹو ڈرائیور لال محمد نے واپس کیا 20 لاکھ کا بیگ
Story by اے ٹی وی | Posted by Aamnah Farooque | Date 20-04-2025
جودھپور : آٹو ڈرائیور لال محمد نے واپس کیا 20 لاکھ کا بیگ
فرحان اسرائیلی / جودھپور
آج کے اُس دور میں جہاں خودغرضی اور لالچ کی خبریں اکثر سرخیوں میں رہتی ہیں، وہیں جودھپور کے سوجتی گیٹ علاقے میں ایک غریب آٹو رکشہ ڈرائیور لال محمد عباسی نے ایسا کام کر دکھایا ہے جس نے نہ صرف شہر کو فخر کا موقع دیا بلکہ انسانیت، ایمانداری اور بھروسے کی ایک نئی مثال بھی قائم کر دی ہے۔
معاملہ کیا ہے؟
یہ واقعہ سوجتی گیٹ علاقے کا ہے جہاں چمن پورہ کے رہائشی آٹو ڈرائیور لال محمد کو سڑک پر ایک بیگ پڑا ہوا ملا۔ انہوں نے تاخیر کیے بغیر بیگ کو محفوظ رکھ لیا۔ اس بیگ میں تقریباً 18 تولے سونے کے زیورات اور کچھ نقد رقم موجود تھی، جس کی کل مالیت تقریباً 20 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔
بیگ میں ملا یہ سامان
بیگ کس کا تھا اور کیسے گرا؟
یہ بیگ کالو سنگھ نامی شخص کا تھا، جو کُڑی بھگتاسنی علاقے کے رہائشی ہیں اور گھنٹہ گھر کے قریب ایک دکان پر کام کرتے ہیں۔ ان کی بیوی کو ایک شادی میں شرکت کے لیے جانا تھا، جس کے لیے انہوں نے بُڑڑکیا میں واقع اپنے میکے سے زیورات منگوائے تھے۔ کالو سنگھ وہ بیگ لے کر موٹرسائیکل پر واپس آ رہے تھے کہ سوجتی گیٹ کے قریب راستے میں بیگ گر گیا۔جب انہیں بیگ کے گرنے کا احساس ہوا تو فوراً سوجتی گیٹ پولیس چوکی پہنچے اور گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی۔ پولیس نے فوراً علاقے میں تلاش مہم شروع کر دی۔
بیگ واپس کیسے ملا؟
اسی دوران، نئی سڑک علاقے میں آٹو چلا رہے لال محمد نے ایک پولیس اہلکار کو بیگ کے بارے میں بات کرتے سنا۔ انہیں اندازہ ہوا کہ یہ وہی بیگ ہے جو انہیں ملا تھا۔ انہوں نے بغیر کسی ہچکچاہٹ کے فوراً سوجتی گیٹ پولیس چوکی جا کر وہ بیگ پولیس کی موجودگی میں اصل مالک کالو سنگھ کو لوٹا دیا۔لال محمد نے بتایا کہ انہوں نے بیگ گرا ہوا دیکھا اور فوراً اسے محفوظ کر لیا۔ انہوں نے بیگ کے مالک کا پیچھا کرنے کی بھی کوشش کی، مگر شناخت نہ ہو سکی۔
ایمانداری کا اعزاز
لال محمد کی اس شاندار ایمانداری پر سماجی تنظیموں اور مقامی لوگوں نے انہیں عزت سے نوازا۔ ٹیپو سلطان سیوا سنستھان اور برادر گروپ کی جانب سے انہیں پھول مالا، راجستھانی صافہ اور تعریفی سند دے کر اعزاز بخشا گیا۔اس تقریب میں تنظیم کے صدر سرفراز خان کے علاوہ وسیم اکرم، قاسم خان، محمد اسحاق، شاہ رخ، مراد بھائی سمیت کئی سماجی کارکنان موجود تھے۔ سرفراز خان نے کہا کہ آج بھی شہر میں گنگا-جمنی تہذیب زندہ ہے۔ لال محمد جیسے لوگوں کو اعزاز دینا سماج کی ذمہ داری ہے۔پولیس انتظامیہ نے بھی لال محمد کی ایمانداری کی تعریف کی ہے۔ افسران کا کہنا ہے کہ ان کا یہ قدم سماج میں بھروسہ قائم رکھنے والا ہے اور انہیں باضابطہ طور پر اعزاز دینے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ایک سینئر پولیس افسر نے کہا کہ جب لالچ اور خودغرضی کا دور ہو، تب لال محمد جیسے لوگ ہمیں امید دیتے ہیں کہ انسانیت ابھی بھی زندہ ہیں۔
غربت نہیں، ضمیر پہچان بناتا ہے
لال محمد ایک سادہ آٹو ڈرائیور ہیں۔ ان کی مالی حالت مضبوط نہیں ہے، مگر انہوں نے ثابت کر دیا کہ ایمانداری کا کوئی مول نہیں ہوتا — یہ دل اور کردار کی بات ہوتی ہے۔ انہوں نے نہ صرف 20 لاکھ کے زیورات سے بھرا بیگ واپس کیا، بلکہ معاشرے کو یہ سبق دیا کہ انسانیت سب سے بڑی دولت ہے۔
جو چیز ہماری نہیں، وہ ہمیں کیوں رکھنی چاہیے – لال محمد عباسی
اس واقعے نے ایک بار پھر جودھپور کو انسانیت اور بھروسے کا تحفہ دیا ہے۔ لال محمد عباسی جیسے لوگ وہ بنیادیں ہیں جن پر آنے والی نسلیں یقین اور بھلائی کی عمارت کھڑی کر سکتی ہیں۔