نئی دہلی: چیف جسٹس آف انڈیا سنجیو کھنہ نے سپریم کورٹ کے اگلے چیف جسٹس کے طور پر جسٹس بھوشن آر گوائی کے نام کی سفارش وزارت قانون کو بھیج دی ہے۔ واضح رہے کہ وزارت قانون نے موجودہ چیف جسٹس سنجیو کھنہ سے درخواست کی تھی کہ وہ اپنے جانشین کا نام تجویز کریں۔
جسٹس سنجیو کھنہ کی مدتِ ملازمت 13 مئی کو مکمل ہو رہی ہے۔ جسٹس بھوشن گوئی بھارت کے 52ویں چیف جسٹس ہوں گے اور وہ 14 مئی کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ ان کا مدتِ کار چھ ماہ پر مشتمل ہوگا۔
یاد رہے کہ سنجیو کھنہ نے بھارت کے 51ویں چیف جسٹس کے طور پر 11 نومبر گزشتہ سال حلف لیا تھا۔ انہیں صدر دروپدی مرمو نے حلف دلایا تھا۔ انہوں نے سابق چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی جگہ لی تھی، جو 10 نومبر کو ریٹائر ہوئے تھے۔ نئے چیف جسٹس سنجیو کھنہ کی مدت بھی 6 ماہ رہی، اور وہ 13 مئی 2025 تک چیف جسٹس کے عہدے پر فائز رہیں گے۔