سرینگر: شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کے تلیل علاقے میں نیشنل کانفرنس کے ایم ایل اے نذیر احمد خان کی ریلی پر بھیڑ نے حملہ کیا۔ واقعے میں ایک درجن سے زائد افراد زخمی ہوئے جب کہ متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ موقع پر موجود پولیس اہلکاروں نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے دھویں کے گولے داغے اور حالات کو قابو میں کیا۔
پولیس کے مطابق جھڑپ میں زخمیوں کو اسپتال بھیجا گیا جن میں سے تین کو بہتر علاج کے لیے سری نگر کے اسپتال ریفر کردیا گیا۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔ فی الحال اس معاملے میں کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔ ایم ایل اے نذیر احمد خان نے بی جے پی کارکنوں اور حریف بی جے پی لیڈر فقیر محمد خان کے رشتہ داروں پر ریالی میں ان کی آمد کے دوران حملہ کرنے کا الزام لگایا۔
نذیر خان نے کہا کہ ریالی کو بی جے پی کے حامیوں نے جان بوجھ کر نشانہ بنایا اور ان کے حامیوں کو چوٹ پہنچائی۔ وہیں بی جے پی لیڈر فقیر محمد خان کے بیٹے اور تلیل کے ڈی ڈی سی اعجاز احمد خان نے ایم ایل اے نذیر خان کے الزامات کی تردید کی۔
اعجاز نے کہا کہ نذیر خان کی ریلی میں آنے والے حامیوں نے بی جے پی کارکنوں کے گھروں پر پتھراؤ کیا، جس کی وجہ سے گاؤں والوں نے اس کے خلاف احتجاج کیا۔ اعجاز نے دعویٰ کیا کہ تصادم میں ان کے کارکن زخمی ہوئے اور کئی گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔ اس واقعے کے بعد مقامی پولیس نے معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہے۔