جموں: جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں شدید موسمی صورتحال کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے دو افراد جاں بحق اور 40 سے زائد مویشی ہلاک ہو گئے، جبکہ تیز ہواؤں اور ژالہ باری نے متعدد علاقوں میں مکانات، فصلوں اور بجلی کے نظام کو شدید نقصان سے دو چار کردیا ہے اطلاعات کے مطابق ضلع ریاسی کی تحصیل ارناس کے جامیری گاوں میں آسمانی بجلی گرنے سے محمد رشید ولد محمد کالو اور شہباز بیگم زوجہ مختاراحمد، ساکنان دھروٹ، موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔واقعے میں ایک اور شخص گلزار ولد عبدالرشید زخمی ہوا جس سے علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
دریں اثنا راجوری کے کالاکوٹ تحصیل اور موگلا بلاک میں طوفائی ہواوں کی وجہ سے کم از کم ایک سو کے قریب رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔تیز آندھی کی وجہ سے بجلی کے کھمبے اور درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، جس وسے بجلی کی فراہمی مکمل طورپر معطل ہو گئی ہے۔
ادھر، پونچھ اور راجوری کے کئی دیہی علاقوں میں ژالہ باری کے باعث پھلدار درختوں اور فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ کسانوں نے حکومت سے فوری سروے اور معاوضے کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے