نئی دہلی: اوپن فار بزنس سٹی ریٹنگز 2025' کے مطابق، ہندوستان کے بڑے شہری مراکز نے ایل جی بی ٹی کیو پلس برادری کی شمولیت کے معاملے میں درمیانے درجے کی لیکن حوصلہ افزا پیش رفت کی ہے۔ یہ ادارہ عالمی سطح پر 149 شہروں کا جائزہ لیتا ہے، جہاں وہ اس کمیونٹی کی شمولیت اور معاشی مسابقت کے معیار کو بنیاد بنا کر درجہ بندی کرتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، اگرچہ قومی سطح پر پالیسیاں اس برادری کے حقوق کو آگے بڑھانے میں اب بھی سست روی کا شکار ہیں، پھر بھی بھارتی شہروں کی یہ درجہ بندی ایشیا-بحرالکاہل خطے کے کئی دیگر شہروں سے بہتر ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان کی یہ پیش رفت زیادہ تر ریاستی سطح کی فعال کوششوں اور نجی شعبے کی قیادت کی بدولت ممکن ہوئی ہے۔
رپورٹ میں کچھ تاریخی عدالتی فیصلوں کو زیادہ شمولیت کے ماحول کی بنیاد بتایا گیا ہے، جن میں سپریم کورٹ کا ٹرانس جینڈر افراد کے لیے علیحدہ بیت الخلا کی ہدایت، اور مدراس ہائی کورٹ کا 2025 کا فیصلہ شامل ہے جس میں کہا گیا ہے کہ "ہم جنس پرستی کوئی بیماری نہیں ہے۔ اسی طرح دیگر اہم اقدامات میں 2022 میں تمل ناڈو حکومت کی جانب سے پولیس کے ذریعےایل جی بی ٹی کیو افراد کو ہراساں کیے جانے پر روک لگانے کی ہدایت اور 2024 میں جاری کردہ تعلیمی مساوات اشاریہ شامل ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کارپوریٹ دنیا میں ٹاٹا اسٹیل اور مہندرا جیسی کمپنیوں نے اس کمیونٹی کے لیے خصوصی بھرتی پروگرام اور ملازمین کے لیے وسائل گروپ شروع کیے ہیں۔ رپورٹ میں ڈیلائیٹ کے ایک سروے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ بھارتی دفاتر میں ایل جی بی ٹی کیو افراد اپنی شناخت ظاہر کرنے میں عالمی اوسط سے زیادہ آرام دہ محسوس کرتے ہیں۔ اگرچہ یہ پیش رفت حوصلہ افزا ہے، لیکن رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قومی سطح پر اقدامات پیچھے رہ گئے ہیں۔
ہم جنس شادی کو قانونی حیثیت دینے سے متعلق سپریم کورٹ کا 2023 کا انکار اس سلسلے میں ایک دھچکا قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شمولیتی شہر باصلاحیت افراد کو اپنی طرف کھینچتے ہیں اور اختراعات کو فروغ دیتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، ان شہروں نے جہاں ایل جی بی ٹی کیو کمیونٹی کی زیادہ شمولیت ہے، وہاں انسانی وسائل کے میدان میں چار گنا اور کاروباری صلاحیت میں اڑھائی گنا زیادہ کارکردگی دیکھی گئی ہے۔
پرائیڈ سرکل، رینبو بازار اور فریم ورکس انٹرٹینمنٹ کے شریک بانی شری نی راما سوامی نے کہا چیلنجز اب بھی موجود ہیں، لیکن یہ پیش رفت زیادہ شمولیتی مستقبل کی امید کو بڑھاتی ہے۔ رپورٹ اس بات پر زور دیتی ہے کہ شمولیتی شہری پالیسی نہ صرف اخلاقی ذمہ داری ہے بلکہ ایک بہترین اقتصادی حکمت عملی بھی ہے۔