دور درشن کے سابق ڈائرکٹرجنرل ایس ایم خان سپرد خاک

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 19-11-2024
دور درشن کے سابق ڈائرکٹرجنرل ایس ایم خان سپرد خاک
دور درشن کے سابق ڈائرکٹرجنرل ایس ایم خان سپرد خاک

 

نئی دہلی:صدرِ جمہوریہ ہند اے پی جے عبدالکلام کے او ایس ڈی، دوردرشن کے ڈائرکٹر جنرل اور انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے نائب صدر جیسے عہدوں پر فائز رہنے والے معروف سماجی کارکن اور عظیم انسان ایس ایم خان کو خورجہ میں سپرد خاک کردیا گیا اس موقع پر ہزاروں کی تعداد میں ان کے چاہنے والے موجود تھے ذرائع کے مطابق تدفین میں شرکت کرنے والوں میں سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید، انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے سینئر رکن آصف زیدی، تمام عہدےداران، مختلف وزارتوں کے افسران، صحافی قربان علی، انٹرنیشنل صوفی مشن کے بانی چیرمین اور معروف شاعرڈاکٹر ماجد دیوبندی وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔ انڈین انفارمیشن سروس کے افسران نے مسٹر خان کو باقاعدہ ایک وفد کی شکل میں ارشاد علی کی قیادت میںخراج عقیدت پیش کیا۔

خیال رہے کہ وہ کل دہلی کے ایک پرائیویٹ اسپتال میںزیر علاج تھے جہاں وہ67 سال کی عمر میںخالق حقیقی سے جاملے۔ وہ کچھ دنوں سے نمونیا میں مبتلا تھے۔ مرحوم نہایت ملنسار،خوش اخلاق اور قوم و ملت کے لیے ہمیشہ تیار رہتے تھے۔ جہاں جہاں بھی رہے عوام خاص طور پرمسلمانوں کی خدمت کی۔ ان کا خواب تھا کہ مسلمانوں کو تعلیم کی طرف زیادہ دھیان دے کر اپنے بچوں کوخود کفیل بنانا چاہیے۔مرحوم1982 بیچ کے انڈین انفارمیشن سروس کے سینئر افسر تھے۔سی بی آئی کے ڈائرکٹر کے علاوہ وہ جامعہ ہمدرد کوچنگ اکیڈمی کے بھی ڈائرکٹر رہے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹے ہیں