مشہور مجاہد آزادی مجنوں شاہ کے نام پر ’مجنوں شاہ ایوارڈ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 10-06-2023
مشہور مجاہد آزادی مجنوں شاہ کے نام پر ’مجنوں شاہ ایوارڈ
مشہور مجاہد آزادی مجنوں شاہ کے نام پر ’مجنوں شاہ ایوارڈ

 

نئی دہلی:ہندوستان کی آزادی کے 75 سال پورے ہونے کے موقع پر مشہور مجاہد آزادی اور انگریزوں کے دانت کھٹے کردینے والے مجنوں شاہ کے نام پر مجنوں شاہ ایوارڈ فنکشن کل11 جون غالب اکیڈمی میں منعقد ہونے جارہا ہے جس میں ملک کے اہم سیاست داں، وزراء اور مختلف شعبہائے حیات سے تعلق رکھنے والے نمائندہ شخصیات شرکت کریں گی۔"

آل انڈیا شاہ سائیں کمیٹی کے زیر اہتمام منعقد ہونے اس پروگرام کی صدارت کمیٹی کے قومی صدر محمد اسیر الدین شاہ کریں گے جب کہ مہمان خصوصی بہار کے ریاستی کانگریس کے صدر اکھلیش سنگھ، آل انڈیا کانگریس کے جنرل سکریٹری اور سابق مرکزی وزیر طارق انور، ڈاکٹر شمیم وزیر قانون بہار، شاہنواز عالم وزیر حکومت بہار، ڈاکٹر ادت راج سابق رکن پارلیمنٹ شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر شہباز شاہ، اصغر امام بھارتی، محمد سجاد صدرشاہ سائیں کمیٹی دہلی، ڈاکٹر بشیر شاہ مہاراشٹر، مولانا غیاث الدین قادری،مفتی اسرائیل ماکن پور، سنجے پاسوان سابق وزیر حکومت بہار شامل ہوں گے۔

آل انڈیا شاہ سائیں کمیٹی کے صدر محمد اسیر الدین شاہ نے بتایا کہ اس ایوارڈ پروگرام کے ذریعہ جہاں ہم عظیم مجاہد آزادی کی عظیم قربانی کو یاد کرنا چاہتے ہیں وہیں اس برادری کی جس نے ہندوستان کی جنگ آزادی میں نمایاں کردار ادا کیا، حکومت اور معاشرے کی توجہ ان کی پسماندگی، لاچاری، بے کسی اور محروم کئے جانے کی طرف مبذول کرانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ اس ایوارڈ فنکشن میں ملک کی جن اہم شخصیات کو ایوارڈ یا جائے گا ان میں سابق مرکزی وزیر طارق انور، سابق رکن پارلیمنٹ ادت راج، وزیر قا نون حکومت بہار شمیم احمد، وزیر حکومت بہار شاہنواز عالم، سابق وزیر حکومت بہار سنجے پاسوان اور وزیر حکومت بہار للت یادو شامل ہیں۔اس کے علاوہ دیگر کو ایوارڈ دیا جائے گا۔ مسٹر اسیر الدین نے بتایا کہ شاہ سائیں برادری کی حقیقی تصویر کے ساتھ ان کی موجودہ سماجی، سیاسی، معاشی اور تعلیمی صورت پر بھی روشنی ڈالی جائے گی۔