نئی دہلی
امیر جماعت اسلامی ہند جناب سید سعادت اللہ حسینی نے مولانا عثمان مںصور پوریؒ صاحب کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت اور ان کے اعزہ خصوصاً ان کے فاضل فرزندگان، نیز دارالعلوم دیوبند اور جمعیۃ علمائے ہند کے ذمے داران سے تعزیت کی ہے۔امیر جماعت نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ مرحوم عثمان منصورپوری صاحب کی رحلت ہندوستان کی ملت اسلامیہ کے لئے ایک بڑا حادثہ ہے۔ مرحوم کی خدمات کا دائرہ بہت وسیع تھا۔ جمعیۃ علمائے ہند کے صدر کی حیثیت سے انہوں نے ملت اسلامیہ ہند اور ملک عزیز کی گراں قدرخدمات انجام دیں۔ ایک قابل استاذ کی حیثیت سے زندگی بھر علوم دینیہ کی خدمت فرماتے رہے، خصوصاً دارالعلوم میں وہ لمبے عرصے تک حدیث کے استاذ رہے اور موطا امام مالک اور مشکوۃ المصابیح جیسی اہم کتابوں کا درس دیتے رہے۔ پھردس گیارہ سال دارالعلوم کے نائب مہتمم کی حیثیت سے اور گزشتہ سال سے کارگذار مہتمم کی حیثیت سے نظم و انتظام میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
امیر جماعت نے مرحوم کے ساتھ اپنے تعلق پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ گزشتہ دو سالوں میں اہم ملی امور و مسائل پرمرحوم کے ساتھ متعدد نشستیں اور ملاقاتیں ہوئیں۔ کئی مسائل پر ہمارے مشترک بیانات آئے۔ لاک ڈاون کے عرصے میں بعض آن لائن میٹنگیں بھی منعقد ہوئیں۔ ان سب میں مرحوم کی سادگی، وقار و شائستگی، توازن و اعتدال، امت اور امت کےمسائل کے لئے درد مندی اور امت کے تمام طبقات کے ساتھ مل جل کر کام کرنے کا جو جذبہ ابھر کر سامنے آیا وہ ہم سب کے لئے نمونہ ہے۔
امیر جماعت نے دعا فرمائی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ ان کی خدمات جلیلہ کو قبول فرمائے۔ امت مسلمہ ہند، اور دارالعلوم کو ان کا نعم البدل عطا فرمائے اور ان کے اعزہ و اقارب کو صبر جمیل عطا فرمائے۔