شیو بھکتوں پرپھولوں کی بارش کرکے مسلمانوں نے دیا ہم آہنگی کا پیغام

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 23-07-2024
شیو بھکتوں پرپھولوں کی بارش کرکے مسلمانوں نے دیا ہم آہنگی کا پیغام
شیو بھکتوں پرپھولوں کی بارش کرکے مسلمانوں نے دیا ہم آہنگی کا پیغام

 

وارانسی: نیم پلیٹ تنازعہ کی گونج ابھی پوری طرح خاموش نہیں ہوئی ہے کہ عوام کا ایک طبقہ ہندو۔مسلم یکجہتی کی بات کرکے نفرت انگیز سیاسی ہتھکنڈوں کو ناکام کرنے کے لئے سامنے آیا ہے۔ ساون کا مہینہ شروع ہوتے ہی شیو بھکت جل ابھیشیک کے لئے نکل پڑے ہیں اور مسلمان، ان پر پھولوں کی بارش کرکے قومی ہم آہنگی کا پیغام دے رہے ہیں۔

وارانسی کی جامع ثقافت کی عکاسی کرنے والی روایت کو جاری رکھتے ہوئے، ایک سماجی کارکن آصف شیخ کی قیادت میں مسلمانوں کے ایک گروپ نے کانوریوں سمیت بھگوان شیو کے عقیدت مندوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ہندوؤں کے مقدس مہینے شراون کے پہلے پیر کو یہاں گوڈولیا چوراہے کے قریب انہیں پانی پیش کیا۔

آصف شیخ نے کہا کہ سخت گرمی کے درمیان آج بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے کاشی کا دورہ کیا ہے۔ ہم مسلم طبقے سے تعلق رکھنے والے بھگوان شیو کے عقیدت مندوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے ان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ شیخ نے کہا کہ ہم نے انہیں پانی کی بوتلیں بھی دیں۔ مزید کہا کہ وہ یہ کام پچھلے کئی سالوں سے کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔

وارنسی ہمیشہ سے "گنگا جمنی تہذیب" (جامع ثقافت) کی ایک مثال رہی ہے۔ ہم اس روایت اور میراث کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ وارانسی میں ہندو، مسلمان، سکھ اور عیسائی مل جل کر رہتے ہیں اور ہر تہوار کو بڑی خوشی سے مناتے ہیں۔ شیخ اور گروپ میں شامل دیگر لوگوں نے کہا کہ ہم کسی سیاست میں نہیں پڑنا چاہتے۔ ہم یہاں آنے والے شیو بھکتوں کا استقبال کر رہے ہیں۔ ہم یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ کاشی میں تمام مذاہب کے لوگ ہم آہنگی سے رہتے ہیں۔