سری نگر :آواز دی وائس
کشمیر کے سرکردہ اسلامی علماء نے پہلگام میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے امن اور اتحاد کا مؤثر پیغام دیا ہے۔ مفتی اعظم ناصر الاسلام، درگاہ دستگیر صاحب کے امام مفتی سید مدثر گیلانی اور مولوی سجاد نے اس واقعے کو انسانیت کے خلاف سنگین جرم قرار دیا ہے۔
اسلام کی اصل روح کو اجاگر کرتے ہوئے علماء کرام نے کہا کہ تشدد کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں اور بے گناہ جان لینا اسلام کی تعلیمات کے سراسر خلاف ہے۔انہوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاکہ کشمیر ہمیشہ سے اپنے مہمانوں کا استقبال کرتا آیا ہے اور ان کی حفاظت کو اپنا فرض سمجھتا ہے۔ سیاح ہمارے وقار کا حصہ ہیں اور ہم ان کی عزت و احترام میں کبھی کمی نہیں آنے دیں گے۔یہ بیان نہ صرف مذہبی ہم آہنگی کی مثال ہے بلکہ یہ بھی ثابت کرتا ہے کہ اسلام امن، محبت اور انسانیت کا دین ہے
حریت کانفرنس کے صدر اور کشمیر کے ممتاز اسلامی رہنما میرواعظ عمر فاروق نے پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا، بڑے افسوس کے ساتھ ہم نے یہ منظر دیکھا۔ اس نے ہمارے دلوں کو چھلنی کر دیا ہے۔ یہ واقعہ ہمارے دلوں کو تھرا گیا ہے۔
انہوں نے کہا، جس طرح ہم نے سنا کہ شناخت کرنے کے بعد، مذہب پوچھنے کے بعد، خاندان والوں کے سامنے... یہ خونریز واقعہ انجام دیا گیا۔ 25 سے زائد افراد کو قتل کر دیا گیا۔ جموں و کشمیر کے عوام، ہم اس کی مکمل مذمت کرتے ہیں۔
#WATCH | Srinagar, J&K: On #PahalgamTerrroristAttack, President of All Parties Hurriyat Conference, Mirwaiz Umar Farooq says, "A very tragic incident took place this week, which has shaken our hearts. The way people were identified, their religion was asked, and more than 25… pic.twitter.com/HA7zTLoFFC
— ANI (@ANI) April 25, 2025
میرواعظ نے جمعہ کی نماز کے بعد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا:اپنوں کو کھونے کا درد ہم سے زیادہ کون سمجھ سکتا ہے؟ہم نے کتنا برداشت کیا ہے۔ جن کے پیاروں کو ان سے دور کیا گیا، آج جموں و کشمیر کی عوام خون کے آنسو رو رہی ہے۔ ہر کوئی اس درد کو محسوس کر رہا ہے۔ ہم اللہ سے صبر کی دعا کرتے ہیں، جو زخمی ہیں، انہیں جلد صحت عطا فرمائے۔ ہماری میزبانی پوری دنیا میں مشہور ہے۔ کشمیریوں نے انسانیت، مدد اور ہمدردی کی روایت کو برقرار رکھا ہے۔ جان خطرے میں ڈال کر لوگوں کو بچانے کی کوشش کی گئی۔
عادل نے جان دے دی۔ بہادر کشمیری نوجوانوں نے زخمیوں کو کندھوں پر اٹھا کر میلوں چل کر ہسپتال پہنچایا۔ کشمیری عوام متاثرین کے ساتھ کھڑے ہوئے۔ سیاح اس کی تعریف کر رہے ہیں۔ لوگوں نے اپنے گھروں کے دروازے کھول دیے۔ واضح رہے کہ 22 اپریل کو دہشت گردوں نے پہلگام میں سیاحوں کو نشانہ بنا کر حملہ کیا تھا، جس میں 26 افراد جاں بحق ہوئے۔ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔