غزہ کی ہلاکتوں پرپرینکا گاندھی کا اظہار تشویش

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 26-07-2024
غزہ کی ہلاکتوں پرپرینکا گاندھی کا اظہار تشویش
غزہ کی ہلاکتوں پرپرینکا گاندھی کا اظہار تشویش

 

نئی دہلی۔ کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے غزہ (اسرائیل حماس جنگ) میں بے گناہ لوگوں کے مارے جانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے دنیا کی تمام حکومتوں پر زور دیا کہ وہ غزہ میں جاری فوجی کارروائی کی شدید مذمت کریں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں آئے روز معصوم بچے، خواتین، بزرگ، ڈاکٹر، صحافی مارے جا رہے ہیں۔

اسرائیل سمیت دنیا بھر کے شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ غزہ میں ہونے والی فوجی کارروائی کی مذمت کریں۔ پرینکا گاندھی نے سوشل میڈیا ہینڈل ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کو نشانہ بنایا۔ آپ کو بتا دیں کہ وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے بدھ کو امریکی کانگریس کے مشترکہ ایوانوں سے خطاب کیا۔ خطاب کے بعد دونوں ایوانوں کے ممبران پارلیمنٹ نے کھڑے ہو کر ان کے لیے تالیاں بجائیں۔ ساتھ ہی بعض رہنماؤں نے اسرائیلی وزیراعظم کی تقریر کو تاریخی قرار دیا تھا۔

پرینکا گاندھی نے امریکی لیڈروں کے اس رویہ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ امریکی رہنماؤں کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسانیت اور تہذیب پر یقین رکھنے والوں کو ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔ پرینکا گاندھی نے مزید کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی طرف سے بربریت کو مغربی ممالک کی حمایت حاصل کرنا شرمناک ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب پرینکا گاندھی نے اسرائیل-حماس پر اپنا ردعمل دیا ہو۔

اس سال فروری کے مہینے میں انہوں نے کہا تھا کہ اس جنگ میں انسانیت کے تمام اصولوں اور بین الاقوامی ضابطوں کو توڑ دیا گیا ہے اور دنیا نے اس کی آنکھوں پر پٹی باندھ دی ہے۔ اسرائیل اور حماس کے حوالے سے دنیا دو حصوں میں بٹی ہوئی ہے۔ ایک طرف جہاں بیشتر مغربی ممالک اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہیں تو دوسری طرف وسطی ایشیا میں ایران جیسے ممالک فلسطین کی حمایت کر رہے ہیں۔ اس جنگ کی سب سے بڑی قیمت غزہ کے عوام ادا کر رہے ہیں۔ اسرائیل، غزہ کے مختلف علاقوں میں مسلسل فوجی کارروائی کر رہا ہے۔

اس فوجی کارروائی میں کئی بے گناہ لوگ بھی اپنی جانیں گنوا رہے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں بچے، خواتین اور بزرگ بھی شامل ہیں۔ غزہ سے آئے روز چھوٹے بچوں کی ہلاکت کی تصویریں سامنے آتی ہیں جس نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے لیکن اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کا واضح طور پر کہنا ہے کہ حماس کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔