پروفیسر جی این سائی بابا کا انتقال

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 13-10-2024
پروفیسر جی این سائی بابا کا انتقال
پروفیسر جی این سائی بابا کا انتقال

 

حیدرآباد:دہلی یونیورسٹی کے سابق پروفیسر جی این سائی بابا (57) کا حیدرآباد میں انتقال ہوگیا۔ اس سال مارچ میں، بامبے ہائی کورٹ نے سائی بابا کو یو اے پی اے کیس میں ماؤنوازوں سے تعلق کے الزامات سے بری کردیا تھا۔ اس سے پہلے وہ 10 سال تک مقدمے کا سامنا کر چکے ہیں۔ سائی بابا کئی بیماریوں میں مبتلا تھے۔ سائی بابا ڈی یو کے رام لال آنند کالج میں انگریزی کے پروفیسر تھے۔ انہیں مہاراشٹر پولس نے ماؤنوازوں سے مشتبہ تعلق کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

اس کے بعد انہیں 2014 میں کالج نے معطل کر دیا تھا۔ پروفیسر سائی بابا طویل عرصے سے گردے، دل اور پیٹ سے متعلق مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے۔ انہوں نے ناگپور سینٹرل جیل کے حکام پر علاج کی سہولت نہ دینے کے سنگین الزامات بھی لگائے تھے۔

سائی بابا نے گزشتہ اگست میں الزام لگایا تھا کہ ان کے جسم کا بایاں حصہ مفلوج ہونے کے باوجود جیل حکام نے انہیں 9 ماہ تک اسپتال نہیں پہنچایا اور انہیں ناگپور سینٹرل جیل میں صرف درد کش ادویات دی گئیں، جہاں وہ گرفتاری کے بعد سے بند تھے۔ جس کی وجہ سے ان کی حالت مزید بگڑ گئی۔

سائی بابا کو گزشتہ 20 دنوں سے حیدرآباد کے نظام انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں داخل کیا گیا تھا۔ 2014 میں انگلش کے سابق پروفیسر نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی آواز کو دبانے کے لیے پولیس نے پہلے انہیں اغوا کیا اور پھر گرفتار کر لیا۔ آندھرا پردیش کے رہنے والے سائی بابا نے کہا تھا کہ انہیں حکام کی جانب سے متنبہ کیا گیا تھا کہ اگر اس نے ماؤنوازوں سے اپنے روابط ختم نہیں کیے تو اسے جھوٹے مقدمے میں گرفتار کر لیا جائے گا۔

انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ مہاراشٹرا پولیس کا ایک سینئر افسر ایک تفتیشی افسر کے ساتھ ان کے گھر گیا تھا اور انہیں اور اس کے خاندان کو دھمکی دی تھی۔ سائی بابا نے یہ بھی الزام لگایا تھا کہ گرفتاری کے دوران مہاراشٹرا پولیس نے انہیں وہیل چیئر سے کھینچا جس کے نتیجے میں ان کے ہاتھ پر شدید چوٹ آئی اور ان کے اعصابی نظام پر شدید اثر پڑا۔ جب سے سائی بابا جیل سے رہائی کے بعد وہیل چیئر پر باہر آئے، تب سے کہا جا رہا تھا کہ وہ شدید بیمار ہیں۔