پہلگام حملے کے متاثرین کے لیے ’سب سے بڑے انسداد دہشتگردی فنڈ‘ کی تجویز: سمیر احمد صدیقی کی منفرد پہل

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 28-04-2025
پہلگام حملے کے متاثرین کے لیے ’سب سے بڑے انسداد دہشتگردی فنڈ‘ کی تجویز: سمیر احمد صدیقی کی منفرد پہل
پہلگام حملے کے متاثرین کے لیے ’سب سے بڑے انسداد دہشتگردی فنڈ‘ کی تجویز: سمیر احمد صدیقی کی منفرد پہل

 



 ملک اصغر ہاشمی/ نئی دہلی

پہلگام میں ہونے والے ہولناک دہشتگرد حملے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ اس حملے میں جاں بحق ہونے والے معصوم افراد کی بیواؤں، بچوں اور دیگر لواحقین کی مدد کے لیے اب ایک نئی اور تاریخی تجویز سامنے آئی ہے۔ یہ تجویز پیش کی ہے ملک کے معروف آئی اے ایس کوچ اور ماہر تعلیم سمیر احمد صدیقی نے، جنہیں ایک سماجی مفکر کے طور پر بھی تیزی سے پہچانا جا رہا ہے۔

سمیر احمد صدیقی نے ایک ایسا تصور پیش کیا ہے، جو اگر عملی شکل اختیار کرے تو یہ کشمیر، ہندوستانی مسلمانوں اور دہشتگردی مخالف کوششوں کی تاریخ میں ایک سنہری باب کا اضافہ کر سکتا ہے۔

دنیا کے سب سے بڑے انسداد دہشتگردی فنڈ کا خیال

سمیر احمد صدیقی کی تجویز ہے کہ ہندوستانی مسلمان مل کر دنیا کی سب سے بڑی "انسداد دہشتگردی فنڈنگ" مہم شروع کریں۔ ان کے مطابق، ہندوستان میں تقریباً 20 کروڑ مسلمان بستے ہیں۔ اگر ان میں سے صرف 20 لاکھ مسلمان بھی 100-100 روپے کا عطیہ دیں تو ایک عظیم فنڈ قائم ہو سکتا ہے۔اس فنڈ کا استعمال پہلگام حملے میں جاں بحق افرادکےخاندانوں کو سات نسلوں تک مالی معاونت فراہم کرنےکے لیے کیا جا سکتا ہے۔ان کا مقصد محض کسی ادارے کا قیام نہیں بلکہ ان خاندانوں کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے جو دہشتگردی کا نشانہ بنے ہیں۔

سمیر اپنی اس تجویز کا موازنہ کولکاتا کے ولی رحمانی کی پہل سے کرتے ہیں، جنہوں نے معمولی عطیات کے ذریعے 12 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک جدید اسکول قائم کیا، جہاں غریب اور یتیم بچوں کو اعلیٰ معیار کی تعلیم دی جا رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے پہل کی اپیل

سمیر احمد صدیقی کا کہنا ہے کہ اس تاریخی مہم کی شروعات جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو کرنی چاہیے۔ ان کا مؤقف ہے کہ کشمیر طویل عرصے سےدہشت گردی اور منفی خبروں کے ساتھ جڑا رہا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ اسے ایک مثبت اور تاریخی ریکارڈ کے ساتھ بھی جوڑاجائے۔ان کا کہنا تھا کہ جہاں بے گناہوں کو مذہب پوچھ کر قتل کیا گیا ہو اور کلمے کی بے حرمتی کی گئی ہو، وہاں کی عوام کے پکار پر دنیا کی سب سے بڑی انسداد دہشتگردی فنڈنگ مہم ابھرنی چاہیے۔ اس سے نہ صرف کشمیر کا چہرہ بدلے گا بلکہ انسانیت کے حق میں ایک مضبوط پیغام بھی دنیا تک پہنچے گا۔

سوشل میڈیا پر حمایت کی لہر

سمیر احمد صدیقی نے یہ تجویز اپنے یوٹیوب چینل 'ٹیم سمیر صدیقی' پر پانچ دن قبل پیش کی تھی۔ تب سے یہ ویڈیوسوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ لوگوں نے سمیر کی سوچ کی بھرپور تعریف کی اور اسے ’آنکھیں کھولنے والی مہم‘ قرار دیا ہے۔ویڈیو کے کمنٹس سیکشن میں لوگوں نے لکھا کہ سر، آپ کی سوچ کو سلام ہے۔ آپ نے جو بات رکھی ہے وہ آج کے وقت میں بے حد ضروری ہے۔ لتعلیم سے دوری آج ہماری ناکامی ہے، آپ جیسے اسکالر ہی ہماری امید ہیں۔

سبحان اللہ! کیسی گہری سوچ کے ساتھ اتنا بڑا پیغام دیا ہےکتنی گہرائی سے ایک بڑی بات کو سمجھایا ہے آپ نے۔سب سے مضبوط جواب - اتحاد اور تعلیم۔

یہ واضح ہے کہ سماج کے ایک بڑے طبقے نے اس تجویز کی تائید کی ہے اور اسے آگے بڑھانے کی ضرورت کو شدت سے محسوس کیا ہے۔

کون ہیں سمیر احمد صدیقی؟

سمیر احمد صدیقی نہ صرف ایک معروف آئی اے ایس کوچ ہیں بلکہ ماضی میں ایک کامیاب بزنس اینالسٹ بھی رہ چکے ہیں۔ ان کا انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سروس انڈسٹری میں طویل تجربہ رہا ہے۔

وہ آپریشن مینجمنٹ، ابلاغ، قیادت اور ڈیٹا تجزیے میں مہارت رکھتے ہیں۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے فارغ التحصیل سمیر اس وقت نئی دہلی میں واقع ایم پوری آئی اے ایس انسٹیٹیوٹ میں جنرل اسٹڈیز کے سربراہ ہیں۔ یہ ادارہ ملک کے اعلیٰ سول سروسز ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں شامل ہے، جہاں سے سب سے زیادہ آئی اے ایس، آئی پی ایس اور گروپ-اے افسران منتخب ہوتے ہیں۔

ان کی لکھی ہوئی کتابیں، خصوصاً "اندرونی سلامتی اور دوطرفہ تعلقات" پر مبنی کتاب، مقابلہ جاتی طلبہ میں خاصی مقبول ہیں۔سمیر مستقبل کی ضروریات کے مطابق تعلیم میں تبدیلی کے داعی ہیں، جہاں آرٹیفیشل انٹیلیجنس، مشین لرننگ اور روبوٹکس کے عہد میں نئی نسل کو تیار کرنے پر زور دیا جاتا ہے۔وہ روایتی اور جدید سائنس کے اصولوں کوخوبصورتی سے جوڑنے کے لیے بھی جانے جاتے ہیں۔ان کےلیکچرز اور تجزیے یوٹیوب اور دیگر پلیٹ فارمز پر لاکھوں لوگ دیکھ اور شیئر کر چکے ہیں۔

دہشتگردی کے خلاف ایک مثبت اور طاقتور جواب

سمیر احمد صدیقی کی یہ تجویز محض ایک مالی امدادی منصوبہ نہیں بلکہ دہشتگردی کے خلاف ایک مثبت اور طاقتور پیغام بن سکتی ہے۔اگر ہندوستانی مسلمان متحد ہو کر اس منصوبے کو اختیار کرتے ہیں اور کشمیری عوام اس کی پہل کرتی ہے تو نہ صرف متاثرہ خاندانوں کو نئی امید ملے گی بلکہ پوری دنیا کو یہ پیغام جائے گا کہ انسانیت کی طاقت دہشت کی نفرت سے کہیں زیادہ عظیم ہے۔اب دیکھنا یہ ہے کہ جموں و کشمیر حکومت اور سماج کے دیگر طبقات اس تاریخی مہم کو حقیقت بنانے کے لیے کیا عملی اقدامات اٹھاتے ہیں۔