آواز دی وائس
حال ہی میں دیوالی اور چھٹھ پوجا کے موقع پر جنرل کوچ کے کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے۔ اب ریلوے کی جانب سے جنرل کوچ میں سفر کرنے والوں کے لیے خوشخبری سنائی گئی ہے۔ ٹرینوں میں جنرل کوچز شامل کرنے کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے، ریلوے بورڈ کے ای ڈی آئی پی دلیپ کمار نے کہا کہ ریلوے کو مسلسل تجاویز موصول ہو رہی ہیں کہ ہر عام ٹرین میں چار جنرل کوچز ہونے چاہئیں۔
دلیپ کمار نے کہا کہ ریلوے نے فیصلہ کیا ہے کہ ہر اہم ٹرین میں نئے جنرل کوچز شامل کیے جائیں گے۔ دس ہزار نئے جنرل کوچز کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ گزشتہ دو ماہ میں مختلف ٹرینوں میں 583 نئے جنرل کوچز شامل کیے گئے ہیں۔ اس ماہ کے آخر تک 370 سے زائد ٹرینوں میں ایک ہزار سے زائد جنرل کوچز شامل کر دی جائیں گی۔
ریلوے بورڈ کے اہلکار کی جانب سے کہا گیا کہ ہندوستانی ریلوے نے لوگوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے اگلے سال ہولی کے لیے منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔ ریلوے نے اگلے دو سالوں میں دس ہزار نان اے سی کوچز شامل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جس کے بعد روزانہ آٹھ لاکھ مزید مسافر سفر کر سکیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کوچز کی تیاری کا کام انٹیگرل کوچ فیکٹری، چنئی اور ریل کوچ فیکٹری، کپورتھلا میں جنگی بنیادوں پر جاری ہے، تاکہ مقررہ تاریخ کو پورا کیا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ تمام 10,000 کوچز ایل ایچ بی کیٹیگری کے ہیں۔ ایل ایچ بی کوچز جدید حفاظتی خصوصیات اور مسافروں کی سہولیات کو یقینی بناتے ہیں۔
وزیر اعظم دہلی سری نگر وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔
مرکزی وزیر روونیت سنگھ بٹو نے منگل کو بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کشمیر کو نئی دہلی سے جوڑنے والی وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کو ہری جھنڈی دکھا سکتے ہیں۔ کشمیر کو جموں اور نئی دہلی سے ملانے والی ریلوے لائن چناب ریل پل سے گزرتی ہے۔