روح افزا تنازعہ: رام دیو کو ہائی کورٹ کی پھٹکار

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 22-04-2025
روح افزا تنازعہ: رام دیو کو ہائی کورٹ کی پھٹکار
روح افزا تنازعہ: رام دیو کو ہائی کورٹ کی پھٹکار

 



نئی دہلی: یوگا گرو بابا رام دیو کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، کیونکہ دہلی ہائی کورٹ نے ان کی جانب سے مشہور مشروب روح افزا کے بارے میں دی گئی شر بتِ جہاد والی متنازعہ رائے کو ناقابلِ قبول قرار دے دیا ہے۔ عدالت کا کہنا ہے کہ ایسی باتیں نہ صرف غیر مناسب ہیں بلکہ سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔

جسٹس امِت بنسل نے روح افزا بنانے والی کمپنی ہم درد کی جانب سے دائر کردہ مقدمے کی سماعت کے دوران کہا: یہ بیان سن کر عدالت کی اندرونی روح کو دھچکا لگا ہے۔ یہ ناقابلِ قبول ہے۔ عدالت نے بابا رام دیو کے اس بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کاروباری مسابقت کے نام پر اس طرح کے مذہبی حساسیت پر مبنی بیانات نہ صرف معاشرے میں تفرقہ ڈال سکتے ہیں بلکہ عوام کو گمراہ بھی کرتے ہیں۔

جسٹس بنسل نے اس بات پر زور دیا کہ اشیائے خورد و نوش کے متعلق کسی بھی برانڈ کو "جہاد" یا کسی دوسرے انتہائی مذہبی یا سیاسی لفظ سے جوڑنا ایک غیر ذمہ دارانہ اقدام ہے۔ عدالت نے اس بات پر بھی غور کیا کہ بابا رام دیو جیسے عوامی شخصیت سے ایسے بیانات کی امید نہیں کی جاتی، جو معاشرتی ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے خلاف ہوں۔

ہمدرد دواخانہ نے عدالت سے یہ درخواست کی تھی کہ بابا رام دیو کو اس قسم کے تبصروں سے روکا جائے، کیونکہ ان کا برانڈ روح افزا ہندوستان کے لاکھوں گھروں میں استعمال ہوتا ہے اور اس طرح کی باتیں نہ صرف ان کے کاروبار کو نقصان پہنچاتی ہیں بلکہ عوامی جذبات کو بھی مجروح کرتی ہیں۔ اب عدالت اس کیس کی مزید سماعت اگلے ہفتے کرے گی، اور ممکن ہے کہ بابا رام دیو کو وضاحت پیش کرنے کے لیے عدالت طلب کیا جائے۔ اس بیچ رام دیو نے وکیل کے وعدہ کیا کہ رام دیو کی مذکورہ ویڈیو ہٹادی جائے گی۔

روح افزا ایک صدی سے زائد پرانی یونانی دوا پر مبنی ٹھنڈی شربت کی روایتی پہچان رکھتی ہے، جو نہ صرف بھارت بلکہ پاکستان اور دیگر ممالک میں بھی یکساں مقبول ہے۔ اس کے برعکس بابا رام دیو کی کمپنی پتنجلی نے اپنی خود کی اسکواش ڈرنک متعارف کرائی ہے، اور مسابقتی بنیاد پر اس نے ہم درد کے مشروب پر تنقید کی تھی۔ عدالت کی یہ مداخلت ممکنہ طور پر برانڈز کے مابین غیر اخلاقی مارکیٹنگ کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف ایک مثال بن سکتی ہے۔