آر ایس ایس رہنما قتل کیس : ملزمان کو دی گئی ضمانت کے خلاف دائر درخواست سپریم کورٹ نے رد کی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 16-04-2025
آر ایس ایس رہنما قتل کیس : ملزمان کو دی گئی ضمانت کے خلاف دائر درخواست سپریم کورٹ نے رد کی
آر ایس ایس رہنما قتل کیس : ملزمان کو دی گئی ضمانت کے خلاف دائر درخواست سپریم کورٹ نے رد کی

 

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے آر ایس ایس رہنما سرینواسن کے قتل کے معاملے میں ملزمان کو دی گئی ضمانت کے خلاف دائر عرضداشت کو مسترد کر دیا ہے۔ عدالت نے درخواست گزاروں کو ہدایت دی کہ وہ اس معاملے میں خصوصی عدالت یا ہائی کورٹ سے رجوع کریں۔ کیرالا ہائی کورٹ نے 2022 میں پیش آئے آر ایس ایس رہنما کے قتل کے مقدمے میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے 17 ارکان کو مشروط ضمانت دے دی تھی۔

نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے اس ضمانت کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ جسٹس ابھیے ایس اوکا اور جسٹس این کوٹیشور سنگھ کی بنچ نے کہا کہ کیرالا ہائی کورٹ کی طرف سے ملزمان کو دی گئی ضمانت کا حکم ایک سال پرانا ہے، اور اگر ضمانت کی شرائط کی خلاف ورزی کی گئی ہے تو ہائی کورٹ کو اسے منسوخ کرنے کا اختیار ہے۔ عدالت نے کہا کہ ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے کے اختتام پر کہا تھا کہ اگر کوئی فریق چاہے تو وہ ضمانت منسوخ کرانے کے لیے خصوصی عدالت سے رجوع کر سکتا ہے۔

اس لیے درخواست گزار اپنے دلائل کی بنیاد پر خصوصی عدالت میں ضمانت منسوخی کی درخواست دے سکتے ہیں، اور یہی مناسب فورم ہو گا۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ این آئی اے ملزمان کے خلاف شواہد پیش کرکے یہ ثابت کر سکتی ہے کہ انہوں نے ضمانت کی شرائط کی خلاف ورزی کی ہے۔

عدالت نے کہا کہ ہم اس معاملے میں خصوصی اجازت کی درخواستوں پر غور کرنے سے انکار کرتے ہیں، اور درخواست گزاروں کو آزادی دیتے ہیں کہ وہ خصوصی عدالت یا ہائی کورٹ میں ضمانت منسوخ کرانے کی کوشش کریں۔ اگر خصوصی عدالت یا ہائی کورٹ میں ان کی اپیل کامیاب نہ ہو، تو دیگر راستے کھلے رہیں گے۔ عدالت نے واضح کیا کہ جب بھی ضمانت منسوخی کی درخواست دی جائے گی، تو عدالت یہ نہیں سمجھے گی کہ سپریم کورٹ کی طرف سے انکار کسی رکاوٹ کے مترادف ہے۔

این آئی اے کی طرف سے پیش ہونے والے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل راجا ٹھاکرے نے کہا کہ ملزمان نے ضمانت کی شرائط کی خلاف ورزی کی ہے اور گواہوں سے رابطہ کیا ہے، اس لیے ان کی ضمانت منسوخ کی جائے۔ کیرالا ہائی کورٹ نے 25 جون کو پی ایف آئی کے 17 ملزمان کو ضمانت دی تھی۔ یہ تمام افراد ریاست اور ملک کے دیگر حصوں میں فرقہ وارانہ تشدد بھڑکانے کے الزام کا سامنا کر رہے ہیں۔ 26 ملزمان میں سے 17 کو ضمانت دی گئی، لیکن سخت شرائط کے ساتھ، جیسے: تفتیشی افسر کے ساتھ اپنا موبائل نمبر اور حقیقی وقت کاجی پی ایس مقام شیئر کرنا کیرالہ سے باہر نہیں جانا ہوگا۔

پاسپورٹ عدالت میں جمع کرانا۔ موبائل فون مسلسل آن اور چارج رکھنا ہوگا۔ عدالت نے انہیں خصوصی عدالت کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا، اور کہا کہ اگر عدالت مناسب سمجھے تو انہیں شرائط کے ساتھ رہا کیا جا سکتا ہے۔ ابتدائی طور پر، 16 اپریل 2022 کو سرینواسن کے قتل کے سلسلے میں 51 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ان میں سے ایک کی موت ہو چکی ہے اور سات تاحال مفرور ہیں۔ باقی کے خلاف جولائی اور دسمبر 2022 میں دو مرحلوں میں چارج شیٹ داخل کی گئی۔

ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ قتل کی تفتیش کے دوران مرکز کو اطلاع ملی کہ پی ایف آئی اور اس سے منسلک افراد نے ریاست اور ملک میں فرقہ وارانہ تشدد اور دہشت گردی پھیلانے کی سازش کی ہے۔ ستمبر 2022 میں مرکز نے این آئی اے کو کیس کی تفتیش کا حکم دیا۔ 19 دسمبر کو مرکز نے بتایا کہ پی ایف آئی لیڈروں نے بڑی سازش تیار کی تھی، جس کی گہرائی سے جانچ ضروری ہے۔ این آئی اے نے 2023 میں چارج شیٹ داخل کی، اور بعد میں دو ضمنی چارج شیٹ بھی دائر کی گئیں۔