جدہ: سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نےپاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور بھارتی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر سے جمعہ کو ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق، دونوں وزرائے خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، خطے کی حالیہ صورتحال اور کشیدگی کو کم کرنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
پاکستانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ کو بھارت کی طرف سے اعلان کردہ یکطرفہ اقدامات کے تناظر میں پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال پر مشاورت اور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ایس پی اے کے مطابق، سعودی وزیر خارجہ نے بھارتی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ اس دوران دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات، خطے کی حالیہ صورتحال اور کشیدگی کو کم کرنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔