ممبئی- پونے میں بارش سے حالات خراب، امداد کے لیے فوج تعینات

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 26-07-2024
ممبئی- پونے میں بارش سے حالات خراب، امداد کے لیے فوج تعینات
ممبئی- پونے میں بارش سے حالات خراب، امداد کے لیے فوج تعینات

 

ممبئی/ آواز دی وائس
 پونے، پالگھر، تھانے اور ممبئی سمیت پورے مہاراشٹر میں بارش نے تباہی مچا دی ہے۔ مسلسل بارش سے سیلاب جیسی صورتحال ہے۔ چاروں طرف پانی ہی پانی ہے۔ ڈیموں میں پانی کی سطح بھی بڑھ گئی ہے۔ سڑکیں بند کر دی گئی ہیں۔ کئی اضلاع میں اسکول اور کالج بند کردیئے گئے ہیں۔ ریل خدمات متاثر ہیں اور ممبئی سے کئی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ بارش کی وجہ سے لوگوں کا برا حال ہے۔
 انتظامیہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر بھیج رہی ہے۔ این ڈی آر ایف کی ٹیمیں مسلسل لوگوں کو بچانے میں لگی ہوئی ہیں۔ اب تک 10 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ ممبئی، تھانے اور پالگھر میں بارش کا اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے پونے شہر اور گھاٹ علاقوں میں شدید بارش کا ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ بھور، ویلہا، ماول، ملشی، کھڑکواسلا، حویلی، کھیڈ، امبیگاؤں، جنر، پونے شہر اور پمپری چنچواڑ میں تمام آنگن واڑی، اسکول اور کالج بند کردیئے گئے ہیں۔ ٹرینوں، بسوں، پروازوں سمیت تمام نقل و حمل درہم برہم ہے۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے گھروں میں رہیں۔ 
رائے گڑھ کے لیے 'ریڈ الرٹ' جاری کر دیا گیا ہے۔ موسلادھار بارش نے نہ صرف نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا کی ہے اور ضروری خدمات کو متاثر کیا ہے بلکہ ممبئی لوکل جیسی بڑی ٹرانسپورٹ خدمات کو بھی متاثر کیا ہے۔ مہاراشٹر میں چار ندیاں بھی خطرے کے نشان کو عبور کر چکی ہیں۔ مہاراشٹر میں امدادی کاموں کے لیے فوج کو تعینات کیا گیا ہے۔ 200 سے زائد افراد کو ڈوبنے سے بچا کر محفوظ مقام پر پہنچا دیا گیا ہے۔
ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے پونے ضلع کے لیے 'ریڈ الرٹ' جاری کیا ہے اور لوگوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔ موسلادھار بارش کی وارننگ کے پیش نظر ضلع کے بیشتر علاقوں کےا سکولوں اور کالجوں میں تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ پونے شہر اور ضلع کے دیگر حصوں بشمول ویلہا، ملشی، بھور تعلقہ اور کھڈکواسلا کے ساتھ کئی ڈیموں کے کیچمنٹ والے علاقوں میں بدھ کی رات سے مسلسل بارش ہو رہی ہے۔
ندیاں خطرے کے نشان سے اوپر، ڈیم سے پانی چھوڑا گیا۔
کئی دریا خطرناک حد تک نشان سے اوپر بہہ رہے ہیں۔ پونے کے ضلع مجسٹریٹ سوہاس دیواسے نے کہا کہ کھڑکواسلا ڈیم کے کیچمنٹ ایریا میں شدید بارش کے پیش نظر آبی ذخائر سے پانی چھوڑا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھڑکواسلا ڈیم کے کیچمنٹ علاقوں میں مسلسل بارشوں کے باعث 35 ہزار کیوسک سے زیادہ پانی چھوڑا جا رہا ہے۔ پانی چھوڑنے سے مٹھا ندی کے کناروں کے کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے۔
متاثرہ افراد کو نکال کر محفوظ مقامات پر پہنچانے کے لیے ہندوستانی فوج کے کئی دستے پونے میں تعینات کیے گئے ہیں۔ اب تک تقریباً 400 افراد کو نکالا جا چکا ہے۔ اس کے علاوہ این ڈی آر ایف، فائر بریگیڈ کے ساتھ ساتھ ضلع اور شہر کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کی ٹیموں کو راحتی کارروائیوں کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلی ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو بارش سے متاثر ہونے والے لوگوں کو ہوائی جہاز سے لے جایا جائے گا۔ حکام نے بتایا کہ جمعرات کو پونے شہر میں تین افراد اس وقت ہلاک ہو گئے جب وہ دکن کے علاقے میں پانی میں ڈوبی ہوئی اپنی گاڑی کو محفوظ مقام پر لے جانے کی کوشش کر رہے تھے۔