پاکستانی پشت پناہی اور کشمیر میں دہشت گردی: تاریخ سے حال تک

Story by  ثاقب سلیم | Posted by  [email protected] | Date 23-04-2025
پاکستانی پشت پناہی اور کشمیر میں دہشت گردی: تاریخ سے حال تک
پاکستانی پشت پناہی اور کشمیر میں دہشت گردی: تاریخ سے حال تک

 



ثاقب سلیم

حالیہ دنوں میں کشمیر میں دہشت گردوں کے ہاتھوں دو درجن سے زائد بے گناہ سیاحوں کی المناک ہلاکت نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا ہے۔ اس سفاک حملے کے پس منظر میں ایک بار پھر نظریں پاکستان کی طرف اٹھنے لگی ہیں، خاص طور پر جب حال ہی میں پاکستانی آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھارت اور ہندوؤں کے خلاف کھلے عام نفرت انگیز بیان دیا تھا۔یہ سانحہ 1990 کی دہائی کی وہ بھیانک یادیں تازہ کرگیا،جب پاکستان کی پشت پناہی میں ہونے والی دہشت گردی نے کشمیر کی خوبصورت وادیوں کو خون میں نہلا دیا تھا۔

پاکستان کی کشمیر میں دہشت گردی کی سرپرستی – ایک تاریخی جائزہ

یہ متشدد ذہنیت دراصل 1947 میں پاکستان کے قیام کے فوراًبعد سے پنپنا شروع ہو گئی تھی، جب پاکستان نے جموں و کشمیر پر قبضے کے ارادے سے حملہ کیا۔ اُس وقت پاکستان کے بانی محمد علی جناح نے اپنے فوجی افسران کو کشمیر پر قبضے کی منصوبہ بندی کرنے کا حکم دیا تھا۔یہ ذمہ داری میجر جنرل اکبر خان کے سپرد کی گئی، جنہوں نے “کشمیر کے اندر مسلح بغاوت” کا منصوبہ بنایا۔ اس حکمتِ عملی کا مقصد یہ تھا کہ مقامی کشمیریوں کو مسلح کر کے بھارت کے خلاف بغاوت کرائی جائے تاکہ بھارتی فوج کی مداخلت سے قبل علاقے پر قبضہ کیا جا سکے۔تاہم اُس وقت کے وزیرِ اعظم لیاقت علی خان نےاس منصوبے کو پوری طرح تسلیم نہ کیا، ایک متبادل حکمتِ عملی پر سردار شوکت حیات خان کی سربراہی میں کام کروایا۔ آپریشن کی عملی قیادت پاکستانی فوج کے دو اعلیٰ افسران، زمان کیانی اورخورشید انور کو دی گئی، جبکہ خود اکبر خان ’جنرل طارق‘ کے نام سے اس میں بھرپور کردار ادا کرتے رہے۔ اس منصوبے کے تحت کشمیر کے کئی حصوں پر قبضہ کر لیا گیا، جو آج "پاکستان کے زیرِ قبضہ کشمیر" کہلاتے ہیں۔

پنڈی سازش کیس: ایک خفیہ بغاوت کی داستان

سال 1948 کی جنگ میں ناکامی کے بعد اکبر خان دل شکستہ ہو گئے۔ اس مایوسی نے انہیں 1951 میں ایک فوجی بغاوت کی سازش پر آمادہ کر دیا۔ اس سازش میں معروف شاعر فیض احمد فیض سمیت کئی کمیونسٹ رہنما شامل تھے۔ یہ منصوبہ ’پنڈی سازش کیس‘ کے نام سے مشہور ہوا، جس میں اکبر خان کو غداری کا مرتکب قرار دیا گیا۔ اس کے باوجود، پاکستانی عوام اور فوج کا ایک بڑا طبقہ انہیں آج بھی کشمیر کی ’آزادی‘ کے ہیرو کے طور پر دیکھتا ہے۔

"دیگ کو ابالتے رہو": مستقل عدم استحکام کی پالیسی

اکبر خان نے ایک تفصیلی اسٹریٹجک دستاویز تیار کی جس کا نام تھا: "کیپ دی پاٹ بوائلنگ"۔ اس دستاویز میں کشمیر میں مستقل بدامنی پیدا کرنے کی تجاویز دی گئیں۔ ان کے مطابق، جب تک علاقائی امن خطرے میں نہ ہو، اقوام متحدہ جیسے عالمی ادارے حرکت میں نہیں آئیں گے۔ چنانچہ ان کا منصوبہ تھا کہ سرحد پار سے چھوٹے گوریلا حملے، پلوں کی تباہی، اور جنگ بندی لائن کے اندر دراندازی کے ذریعے بھارت کو اشتعال دلایا جائے، تاکہ عالمی برادری میں بھارت کو جارح جبکہ پاکستان کو مظلوم دکھایا جا سکے۔اکبر خان کے مطابق صرف 500 تربیت یافتہ جنگجو، جو مقامی لباس اور سادہ ہتھیاروں سے لیس ہوں، کشمیر میں بڑی تباہی پھیلا سکتے ہیں۔ یہ تمام اقدامات ایک منظم حکمتِ عملی کا حصہ تھے جس کا مقصد خطے کو عدم استحکام کا شکار رکھنا تھا۔

وہی سوچ آج بھی زندہ ہے

یہ پالیسی وقت کے ساتھ ساتھ مزید پختہ ہوتی گئی۔ 1970 کی دہائی میں بنگلہ دیش میں ہونے والی نسل کشی ہو یا 1990 کی دہائی میں کشمیر میں انتہا پسندی کا پھیلاؤ، سب پاکستان کی اسی سوچ کی عکاسی کرتے ہیں۔ پاکستان برسوں سے دہشتگردی کو ’’اندرونی تحریک‘‘ کا نام دے کر اس کی پردہ پوشی کرتا آیاہے۔پاکستان کے سیاسی و عسکری حلقوں میں دہشت گردی کو ایک تزویراتی (اسٹریٹجک) ہتھیار کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ چاہے وہ فوج ہو، صحافت، دانشوروں کا طبقہ یا کچھ سیاسی نظریات رکھنے والے افراد—اکثر اس پالیسی کے حمایتی نظر آتے ہیں۔ کشمیر میں پائیدار امن پاکستان کے جغرافیائی منصوبوں کے لیے خطرہ سمجھا جاتا ہے، اس لیے وہ ہر قیمت پر وہاں بدامنی برقرار رکھنا چاہتا ہے۔

آج جب کشمیر ایک بار پھر دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے، تو ہمیں اس صورتحال کے تاریخی پس منظر کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کی جانب سے ’نان اسٹیٹ ایکٹرز‘ کے ذریعے پروکسی جنگ چھیڑنے کا رویہ کوئی نئی بات نہیں، بلکہ ایک طویل المدتی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔

کشمیر میں جاری دہشت گردی صرف ہتھیاروں سے نہیں، بلکہ ایک خطرناک ذہنیت سے جنم لیتی ہے—اور جب تک عالمی برادری اس ذہنیت کے تاریخی، سیاسی اور نظریاتی پہلوؤں کو نہیں سمجھے گی، تب تک اس آگ کا بجھنا ممکن نہیں۔