آواز دی وائس
سپریم کورٹ نے تروپتی مندر کے لڈو میں جانوروں کی چربی والے گھی کے استعمال کی تحقیقات پر عارضی طور پر روک لگا دی ہے۔ سپریم کورٹ کے تبصرے کے بعد ایس آئی ٹی کو 3 تاریخ تک اپنی جانچ روکنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ریاستی ڈی جی پی نے کہا کہ سپریم کورٹ میں سماعت چل رہی ہے، اس لیے اس مدت کے دوران تحقیقات کو روک دیا جائے گا۔
عدالت نے کیا کہا؟
اس سے قبل پیر کو ہوئی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے مشورہ دیا تھا کہ سالیسٹر جنرل کو اس معاملے میں تعاون کرنا چاہیے اور یہ فیصلہ کرنا چاہیے کہ ایس آئی ٹی کی جانچ جاری رکھی جائے یا کسی آزاد ایجنسی سے تفتیش کرائی جائے۔ جسٹس بی آر گاوائی اور کے وی وشواناتھن کی بنچ نے یہ بھی کہا کہ جب سی ایم چندرابابو نائیڈو نے اس کیس کی تحقیقات ایس آئی ٹی کو سونپ دی تھی، تو انہیں میڈیا کے سامنے جانے کی کیا ضرورت تھی؟
تروپتی مندر کے پرساد میں جانوروں کی چربی کے الزامات کے بعد سے یہ معاملہ سیاسی طور پر گرم ہو گیا ہے۔ آندھرا پردیش کے ڈپٹی سی ایم پون کلیان نے 11 دن کی تپسیا شروع کی ہے، جس میں وہ اپواس رکھ رہے ہیں۔ پون کلیان نے کہا کہ مجھے افسوس ہے کہ میں ملاوٹ کے بارے میں پہلے کیوں نہیں جان سکا۔ میں معذرت خواہ ہوں اور میں اس کا کفارہ ادا کر رہا ہوں۔
ساتھ ہی آندھرا پردیش کے سابق وزیر اعلی جگن موہن ریڈی اور ان کی پارٹی کے کارکنوں کو تروپتی مندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ اس کے لیے انہیں نوٹس جاری کیا گیا ہے۔