امریکی نائب صدر وینس کا دہلی پہنچنے پر پرتپاک استقبال

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 21-04-2025
امریکی نائب صدر وینس کا دہلی پہنچنے پر پرتپاک استقبال
امریکی نائب صدر وینس کا دہلی پہنچنے پر پرتپاک استقبال

 



نئی دہلی: امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس پیر کو بھارت کے چار روزہ دورے پر یہاں پہنچے ہیں۔ یہ دورہ اس وقت ہو رہا ہے جب بھارت اور امریکہ کے درمیان دو طرفہ تجارتی معاہدے پر بات چیت جاری ہے، جس میں ٹیرف اور مارکیٹ تک رسائی جیسے متعدد مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔وینس کے ہمراہ ان کی بھارتی نژاد اہلیہ اوشا چلوکوری، ان کے تین بچے ایوان، ویوک اور میرابل، اور امریکی حکومت کے سینئر حکام پر مشتمل ایک وفد بھی موجود ہے۔نائب صدر وینس اور ان کی اہلیہ کا استقبال پالم ایئر بیس پر مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے کیا۔

اس موقع پر وینس کو باضابطہ طور پر استقبالیہ بھی دیا گیا۔ ان کے بچوں نے روایتی بھارتی لباس پہنا ہوا تھا۔وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ نائب صدر جے ڈی وینس، دوسری خاتون اول اوشا ۔ینس اور امریکی وفد کو بھارت میں خوش آمدید۔"  انہوں نے بتایا کہ یہ دورہ دہلی، جے پور اور آگرہ پر مشتمل ہے اور اس کا مقصد بھارت-امریکہ جامع عالمی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا ہے۔شام کو وزیر اعظم نریندر مودی نائب صدر وینس اور ان کی اہلیہ کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے، اس سے قبل دونوں رہنما وسیع البنیاد مذاکرات بھی کریں گے۔

ان مذاکرات میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال، خارجہ سیکرٹری وکرم مسری، اور امریکہ میں بھارتی سفیر ونے موہن کَواترہ سمیت کئی اعلیٰ حکام وزیر اعظم کی قیادت میں شریک ہوں گے۔مذاکرات کا مرکز مجوزہ دو طرفہ تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینا اور دونوں ممالک کے تعلقات کی مجموعی رفتار کو تیز کرنا ہوگا۔دہلی کے علاوہ، وینس اور ان کے اہل خانہ جے پور اور آگرہ کا بھی دورہ کریں گے۔نائب صدر کا بھارت کا یہ پہلا دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب کچھ ہفتے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تقریباً 60 ممالک بشمول بھارت پر سخت ٹیرف عائد کیے تھے، جنہیں بعد میں معطل کر دیا گیا۔اب بھارت اور امریکہ کے درمیان اس سلسلے میں ایک دو طرفہ تجارتی معاہدے پر بات چیت جاری ہے، جس میں ٹیرف اور مارکیٹ تک رسائی جیسے مسائل حل کیے جانے کی توقع ہے۔

نائب صدر وینس اور ان کے اہل خانہ پیر کی رات کو جے پور روانہ ہوں گے۔ دہلی میں وہ آئی ٹی سی موریہ شیریٹن ہوٹل میں قیام پذیر ہیں۔22 اپریل کو، وینس خاندان جے پور میں کئی تاریخی مقامات کا دورہ کرے گا، جن میں امیر فورٹ (ایمبر فورٹ) بھی شامل ہے، جو یونیسکو کا عالمی ثقافتی ورثہ ہے۔دوپہر میں نائب صدر جے ڈی وینس راجستھان انٹرنیشنل سینٹر میں ایک اجتماع سے خطاب کریں گے، جہاں وہ ٹرمپ انتظامیہ کے تحت بھارت-امریکہ تعلقات کے وسیع پہلوؤں پر روشنی ڈالیں گے۔ اس تقریب میں سفارتکار، خارجہ پالیسی ماہرین، بھارتی سرکاری حکام اور تعلیمی شخصیات شرکت کریں گی۔23 اپریل کی صبح، وینس خاندان آگرہ کا سفر کرے گا، جہاں وہ تاج محل اور شلپ گرام (ایک کھلی فضا میں قائم ہنر مند کاریگروں کا مرکز) کا دورہ کرے گا۔آگرہ کے دورے کے بعد، وہ 23 اپریل کی دوپہر کو دوبارہ جے پور واپس جائیں گے۔نائب صدر وینس اور ان کا خاندان 24 اپریل کو جے پور سے امریکہ کے لیے روانہ ہو جائے گا۔