نئی دہلی: ترنمول کانگریس کے رہنما ڈیرک اوبرائن نے جمعہ کے روز کہا کہ وقف ایکٹ 2025 برابری، شخصی خودمختاری، وفاقیت، اور اُس نظریے کی خلاف ورزی کرتا ہے جس پر یہ قوم قائم ہے۔ایک بلاگ پوسٹ میں ترنمول کانگریس کے رہنما نے کہا کہ یہ مسئلہ صرف زمین یا قانون کا نہیں ہے، بلکہ وقار کا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اگر ایک کے لیے حقوق دوبارہ لکھے جا سکتے ہیں، تو سب کے لیے لکھے جا سکتے ہیں۔ڈیرک اوبرائن نے اپنی بلاگ پوسٹ بعنوان "کیا میں کافی بھارتی ہوں؟میں لکھاکہ وقف ترمیمی بل صرف زمین یا قانون کا معاملہ نہیں ہے۔ یہ وقار کا معاملہ ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ لاکھوں بھارتیوں کے لیے، خاص طور پر اقلیتوں اور پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والوں کے لیے، یہ کوئی جذباتی سوال نہیں بلکہ ایک جیتی جاگتی حقیقت ہے۔ یہ ایک خاموش بوجھ ہے۔ یہ اُن کے وجود پر ڈالا گیا ایک گہرا شک ہے۔ ہر قانون سازی، ہر پالیسی۔اوبرائن نے لکھاکہ وقف ترمیمی بل محض ایک قانون سازی کی تجویز نہیں ہے، یہ ایک آئینہ ہے۔ اور جو کچھ ہم اس میں دیکھتے ہیں وہ ہم سب کے لیے تشویشناک ہونا چاہیے — چاہے ہم ہندو ہوں، مسلمان، عیسائی، سکھ، کسی بھی مذہب سے ہوں یا نہ ہوں۔ کیونکہ اگر ایک کے لیے حقوق دوبارہ لکھے جا سکتے ہیں، تو سب کے لیے دوبارہ لکھے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بل برابری کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ یہ شخصی خودمختاری کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ یہ وفاقیت کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ اور سب سے بڑھ کر، یہ اُس نظریے کی خلاف ورزی کرتا ہے جس پر ہماری عظیم قوم کی بنیاد رکھی گئی ہے... آئین یہ نہیں پوچھتا کہ ہم کتنے متعلق ہیں۔ یہ ضمانت دیتا ہے کہ ہم متعلق ہیں۔
ترنمول کانگریس کے راجیہ سبھا میں پارلیمانی لیڈر نے اس ایکٹ کو وفاقیت پر حملہ قرار دیا۔زمین ریاستی فہرست(لسٹII) کے تحت آتی ہے، جیسا کہ آئین کی ساتویں شیڈیول میں درج ہے۔ کل کو کیا مرکز کو یہ اختیار حاصل ہو جائے گا کہ وہ ہندو مندر بورڈز یا گرجا گھروں کی زمینیں اپنے قبضے میں لے؟ یہ اصلاح کا معاملہ نہیں ہے، بلکہ کنٹرول کا ہے۔ اور ایسا اقدام بھارتی وفاقیت پر براہ راست حملہ ہے۔اوبرائن نے اس ایکٹ کی چند دفعات پر سوال اٹھائے، جن میں "پانچ سالہ معیار" شامل ہے، جو کہتا ہے کہ کوئی شخص زمین کو وقف میں صرف اسی وقت دے سکتا ہے جب وہ کم از کم پانچ سال سے مسلمان ہو۔
انہوں نے کہاکہ یہ صرف من مانا نہیں بلکہ گہرائی میں جا کر امتیازی بھی ہے۔ کسی اور مذہبی وقف(endowment) کے لیے ایسا کوئی اصول نہیں ہے (آرٹیکل 14 کی خلاف ورزی)۔ ہندو، عیسائی یا سکھ کسی بھی وقت اپنی زمین اپنے مذہبی ادارے کو عطیہ کر سکتا ہے۔ تو پھر صرف مسلمانوں سے ان کے عقیدے کی پائیداری کا ثبوت کیوں مانگا جا رہا ہے؟اوبرائن نے 'وقف بائی یوزر' کے خاتمے کو بھی سنگین مسئلہ قرار دیا، جو ایسی جائیدادوں کو وقفتسلیم کرنے کا تصور تھا جو طویل عرصے سے مذہبی یا فلاحی استعمال میں رہی ہوں، خواہ اس کی باضابطہ دستاویزات نہ ہوں۔
انہوں نے کہاکہ مسلمان اداروں سے یہ پہچان چھین کر، حکومت مذہبی برادریوں کے درمیان ایک قانونی درجہ بندی(hierarchy) قائم کر رہی ہے۔ یہ آئین کے آرٹیکل 14 کی سیدھی خلاف ورزی ہے، جو قانون کی نظر میں برابری کی ضمانت دیتا ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ کیا قوانین واقعی اجتماعی بھلائی کے لیے بن رہے ہیں یا صرف سیاسی اقسام بندی(pigeonholing) کے لیے۔یہ سب کچھ صرف زمین یا قانون کا معاملہ نہیں ہے۔ یہ وقار کا معاملہ ہے۔ اس بات کا کہ آیا ہمارا آئین اب بھی ہم سب کے لیے معنی رکھتا ہے، یا صرف کچھ کے لیے۔انہوں نے اس بات پر بھی اعتراض کیا کہ غیر مسلموں کو وقف پینلز میں شامل کیا جا رہا ہے اور ایک سرکاری افسر کو یہ اختیار دیا جا رہا ہے کہ وہ کسی جائیداد کو وقف قرار دے۔سپریم کورٹ نے جمعرات کو درخواستوں کے ایک گروپ کے جواب میں وقفزمینوں کی ڈی نوٹیفکیشن پر پابندی لگا دی اور اثاثہ جات و تقرریوں پر اسٹیٹس کو کا حکم دیا، اگلی سماعت 5 مئی تک ملتوی کر دی۔چیف جسٹس سنجیو کھنہ، جسٹس سنجے کمار، اور جسٹس کے وی وشواناتھن پر مشتمل بنچ نے مرکز کی نمائندگی کرنے والے سالیسٹر جنرل تشار مہتا کی اس یقین دہانی کو بھی ریکارڈ پر لیا کہ تب تک سینٹرل وقف کونسل اور بورڈز میں کوئی نئی تقرری نہیں کی جائے گی۔