امریکی سفارت خانہ کےرسالہ اسپَین کی اشاعت کے 65 سال مکمل

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 04-10-2024
امریکی سفارت خانہ کےرسالہ اسپَین کی اشاعت کے 65 سال  مکمل
امریکی سفارت خانہ کےرسالہ اسپَین کی اشاعت کے 65 سال مکمل

 

نئی دہلی :امریکی سفارت خانہ کے شعبہ عوامی سفارت کاری کے پریس آفس سے شائع ہونے والے معروف جریدہ اسپَین کی اشاعت کو 65 سال  مکمل ہوگئے ہیں ۔  اسپَین کی اشاعت نومبر1960میں نئی دہلی کے امریکی سفارت خانہ سے شروع ہوئی۔اس میں امریکہ۔ ہند تعلقات کے علاوہ امریکی تاریخ، امریکی ثقافت، امریکی طرز زندگی کے ساتھ امریکی حکومت کی پالیسی،   تعلیم ، تجارت ، صحت ، ماحولیات ، تارکین وطن، سائنس اور ٹیکنالوجی، دفاع ، انسانی حقوق، کاروباری پیشہ وری  وغیرہ سے متعلق مضامین شامل ہوتے ہیں۔ رسالہ اسپَین کا ایک اور امتیاز یہ ہے کہ دنیا کے کسی اور  امریکی سفارت خانہ سے ایسا کوئی رسالہ اس قدر طویل مدت تک شائع نہیں ہوا۔

آپ کو بتا دیں کہ اسپین کے  اردو اور ہندی ایڈیشن کی اشاعت کا آغاز 2003 میں ہوا تھا۔مارچ/اپریل میں دونوں زبانوں میں اسپَین کا پہلا شمارہ منظرِ عام پر آیاتھا۔اردو اسپَین کے ابتدائی دو شمارے جناب محمد عبدالحئی  فلاحی کی مشاورت اور نگرانی میں شائع ہوئے۔ اسپَین کے لیے  باقاعدہ مدیر کا تقرر اس کے بعد عمل میں آیااور انجم نعیم نے بطور مدیر ساڑھے چھ برسوں تک اردو اسپَین کی ادارت کی ذمہ داری سنبھالی ۔ ان کے بعد ڈاکٹر ملک راشد فیصل نے تقریباً ڈیڑھ برس تک رسالہ کے ایڈیٹر رہے۔ پھر اردو اسپَین کے موجودہ ایڈیٹر ڈاکٹر سید سلیمان اختر نے 2012 میں یہ ذمہ داری سنبھالی اور وہ ہنوز اس عہدے پر فائز ہیں۔ یوں وہ اردو اسپَین کے سب سے طویل عرصے تک ایڈیٹر رہے ہیں۔  اب تک اردو اسپَین نے اپنی اشاعت کے۲۲برس مکمل کر لیے ہیں۔  اسپَین کا شمار اردو کے عالمی معیار کے رسالوں میں ہوتا ہے۔ اس کی خوبصورتی،مضامین کا تنوع، جدید تقاضوں سے قاری کو ہم آہنگ کرنے کی پیش قدمی اسے قابلِ مطالعہ بناتی ہے۔ یہی سبب ہے کہ اسپَین سے تعارف ہونے کے بعد کوئی اسپَین سے دور نہیں رہ سکتا۔ قاری اسے پڑھنا چاہتے ہیں، اسے خریدنا چاہتے ہیں اور اس کی کاپیوں کو محفوظ رکھنا چاہتے ہیں۔اسپَین کو جو چیزیں دوسرے جریدوں سے ممتاز کرتی ہیں ان میں اس کے مضامین کے ترجموں کا اعلیٰ معیار بھی ایک چیز ہے۔

جشن اسپین کا ایک منظر


اسپَین موضوعات کے انتخاب، مضامین اور تصاویر کی پیشکش اور نادر عنوانات پر اردو زبان میں مواد کی فراہمی کا ایک معیاری ذریعہ ہے۔ جدید تقاضوں کا خیال رکھتے ہوئے اسے ای میل پر مفت دستیاب کروایا جارہا ہے۔ اسپَین کے مضامین کو اس کی ویب سائٹ پر بھی پڑھا جا سکتا ہے جہاں اسپَین کے تمام شمارے تینوں زبانوں انگریزی، اردو اور ہندی میں دستیاب ہیں۔ اسپَین کی  نئی ویب سائٹ لانچ کرنے کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ امید ہے کہ یہ اس سال کے اختتام سے پہلے مکمل ہوجائے گا۔

اسپَین کو اردو قارئین کے لیے دلچسپ بنانے پر غوروخوذ جاری رہتا ہے۔ اس سلسلے میں قاری سے گفت وشنید اور قارئین کے دائرہ کار میں اضافے کے لیے رسالہ کا ادارہ جاتی عملہ ملک میں جابجا منعقد ہونے والے معیاری پروگراموں میں بھی شرکت کرتا رہتا ہے تاکہ قارئین اور مداحوں کو ادارتی عملہ سے دوبدو ملاقات کا موقع میسر آئے اور ان کی آرا سے واقفیت بھی ہو۔

اس سال جن پروگراموں میں اسپَین کی شرکت متوقع ہے ان میں اسی ماہ منعقد ہونے والا آئی آئی ٹی دہلی کا باوقار سالانہ پروگرام ’روندیوو‘، دہلی اردو اکادمی کا پروگرام ’جشن ِ اردو‘ نومبر  میں سندر نرسری میں منعقد ہونے والا پروگرام ’ بوکرو فیسٹیول‘ اور دسمبر میں جواہرلال نہرو اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والا’جشنِ ریختہ‘ بھی ہے۔

اسپین کے 65سال مکمل ہونے پر ایک تقریب کا منظر


اسپین کے اس سنگ میل پر ایک تقریب گذشتہ ہفتہ دہلی میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں علمی ، ادبی اور صحافتی دنیا کی  بعض معروف شخصیات کے علاوہ اسپَین سے کسی نہ کسی طور پر وابستہ افراد نے شرکت کی۔ تقریب کی میزبانی منسٹر کانسلر فار پبلک افیئرس گلوریا ایف بربینا نے کی جس میں امریکی سفارت خانہ کی مختلف ایجنسیوں کے امریکی عہدے داران کے علاوہ ہندوستانی عہدے داروں نے بھی شرکت کی۔ سفارت خانہ کے ڈپٹی چیف آف مشن جورگن کے اینڈریوز نے تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی اور اس پُروقار تقریب میں کیک کاٹا۔ تقریب میں شریک امریکی عہدے داروں میں سفارت خانہ کے ترجمان کرسٹوفر ایلمس اور نائب ترجمان نکول ہولر بھی شامل تھے۔ نکول رسالہ اسپَین کی ایڈیٹر ان چیف بھی  تھیں ۔