جے. این. ٹاٹا نے آئی آئی ایس سی کیسے قائم کیا اور اس کا سوامی وویکانند سے کیا تعلق ہے؟

Story by  ثاقب سلیم | Posted by  [email protected] | Date 03-03-2025
 جے. این. ٹاٹا نے آئی آئی ایس سی کیسے قائم کیا اور اس کا سوامی وویکانند سے کیا تعلق ہے؟
جے. این. ٹاٹا نے آئی آئی ایس سی کیسے قائم کیا اور اس کا سوامی وویکانند سے کیا تعلق ہے؟

 

تحریر: ثاقب سلیم 

انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس کا قیام  جمسیٹ جے نسروان جی ٹاٹا کی دور اندیشی اور سخاوت کا نتیجہ ہے، جنہوں نے 1896 میں یہ خیال پیش کیا کہ بمبئی شہر میں واقع کچھ مکانات اور اراضی کو ٹرسٹیز کے حوالے کیا جائے، جن کی مجموعی مالیت 30 لاکھ روپے ہو، تاکہ اس سے حاصل ہونے والی سالانہ آمدنی، جو تقریباً 1,25,000 روپے تھی، ہندوستان میں ایک تحقیقی ادارے کے قیام کے لیے وقف کی جا سکے۔ اس تجویز پر انگلینڈ اور ہندوستان میں تبادلہ خیال کیا گیا؛ جناب ٹاٹا نے اس کی ترویج کے لیے بمبئی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی سربراہی میں ایک عارضی کمیٹی نامزد کی؛ اور 31 دسمبر 1898 کو، جب لارڈ کرزن بمبئی پہنچے، ایک وفد نے ان کے سامنے یہ تجویز رکھی۔"  
یہ وہ ابتدائی جملے تھے جو 27 مئی 1909 کو شملہ میں جاری ہونے والی ہندوستانی حکومت، ہوم ڈیپارٹمنٹ کی قرارداد میں شامل تھے، جو انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس (آی آی ایس سی ) کے قیام کے حوالے سے تھی۔  
ٹاٹا کا وژن اور تعلیمی تحریک 
جے. این. ٹاٹا ایک کامیاب تاجر ہونے کے ساتھ ساتھ قوم کی خدمت کا جذبہ بھی رکھتے تھے۔ 1889 میں بمبئی یونیورسٹی کے جلسہ تقسیم اسناد کے دوران جب اس وقت کے گورنر، لارڈ رے، نے ہندوستانی یونیورسٹیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ محض امتحانات لینے والے ادارے بن کر رہ گئی ہیں اور علم کی تخلیق میں کوئی کردار ادا نہیں کر رہیں، تو ٹاٹا اس سے بے حد متاثر ہوئے۔ انہوں نے اس مسئلے کا حل تلاش کرنے کی ٹھان لی اور ہندوستان کو سائنس اور تحقیق کا مرکز بنانے کا فیصلہ کیا۔  
سال1892 میں، انہوں نے معاشی طور پر کمزور مگر ذہین طلبہ کو یورپ میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے اسکالرشپ دینا شروع کی۔ ایف. آر. ہیریس لکھتے ہیں کہ "ان کا بنیادی مقصد زیادہ سے زیادہ ہندوستانیوں کو اعلیٰ انتظامی اور تکنیکی خدمات کے لیے تیار کرنا اور انہیں تعلیم کے مواقع فراہم کرنا تھا، جو اس سے پہلےہندوستان میں ممکن نہیں تھا۔  
ٹاٹا کے اس اقدام کی وجہ سے تقریباً 20 فیصد ہندوستانی آئی سی ایس افسران،ڈاکٹر اور انجینئر انہی وظائف کے ذریعے تعلیم حاصل کرکے آئے۔ یہ وظائف آسان قرضوں کی طرح تھے، جہاں طلبہ جب روزگار حاصل کر لیتے تو اس رقم کو واپس کرتے تاکہ آئندہ بھی مستحق طلبہ کو مدد دی جا سکے۔ٹاٹا کا یہ اقدام گہرےحب الوطنی کے جذبات سے سرشار تھا۔ 1899 میں انہوں نے کہا تھا، "ہمارے نوجوانوں نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ یورپ کے بہترین افراد کے ساتھ مقابلہ کر سکتے ہیں، بلکہ انہیں مات بھی دے سکتےہیں... ہر وہ ہندوستانی جو سول سروس میں آتا ہے، میں نے حساب لگایا ہے کہ وہ ملک کے دو لاکھ روپے بچاتا ہے، جو ایک انگریز سول سرونٹ کی تنخواہ، الاؤنس اور پنشن کی صورت میں برطانیہ چلے جاتے ہیں۔  
سوامی وویکانند کے ساتھ ملاقات  
ٹاٹا ہندوستان کو سائنسی اور تکنیکی لحاظ سے خود کفیل بنانا چاہتے تھے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن راستہ تلاش کر رہے تھے۔ 1893 میں، وہ ایک جہاز کے سفر کے دوران سوامی وویکانند سے ملے، جو جاپان سے شکاگو جا رہے تھے، جہاں وہ اپنی تاریخی تقریر کرنے والے تھے۔ 23 نومبر 1898 کو لکھے گئے ایک خط میں ٹاٹا نے سوامی کو یاد دلاتے ہوئے لکھا کہ مجھے امید ہے کہ آپ مجھے یاد رکھتے ہوں گے، ہم جاپان سے شکاگو کے سفر میں ہمسفر تھے۔مجھے آج بھی آپ کے وہ خیالات یاد ہیں جو آپ نے ہندوستان میں زہد و تقویٰ کے فروغ کے بارے میں پیش کیے تھے، اس بات پر زور دیا تھا کہ اسے ختم کرنے کے بجائے مثبت سمت میں موڑنا چاہیے۔ مجھے یہ خیالات اپنے سائنس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے منصوبے کے حوالے سے یاد آ رہے ہیں، جس کے بارے میں آپ نے یقینی طور پر سنا ہوگا
ایف. آر. ہیریس نے اپنی سوانح میں لکھا، "سر دوراب جی ٹاٹا کا ماننا تھا کہ ان کے والد کو اس وقت اس منصوبے کے لیے حکومت کی حمایت حاصل ہونے کی زیادہ امید نہیں تھی۔ نومبر 1898 میں، ٹاٹا نے سوامی وویکانند کو ایک خط لکھا، جس میں ان سے گزارش کی کہ وہ تعلیمی اصلاحات کے بارے میں ایک پمفلٹ شائع کریں اور اس کے اخراجات وہ خود برداشت کریں گے۔"
سوامی وویکانند نے اس منصوبے کے لیے قوم سے مالی امداد کی اپیل کی، جو کارآمد ثابت ہوئی۔ رام کرشنا مشن کے رسالے *پربدھا بھارت* نے اپریل 1899 کے شمارے میں اس منصوبے کی حمایت میں ایک اداریہ شائع کیا، جس میں لکھا گیا
ہم نہیں جانتے کہ ہندوستان میں اس سے زیادہ مناسب اور دوررس اثرات رکھنے والی کوئی تجویز پیش کی گئی ہو، جتنی کہ مسٹر ٹاٹا کی پوسٹ گریجویٹ ریسرچ یونیورسٹی کی تجویز ہے۔ اگر ہندوستان کو زندہ رہنا ہے، ترقی کرنی ہے، اور دنیا کی عظیم اقوام میں شمار ہونا ہے، تو سب سے پہلے خوراک کے مسئلے کو حل کرنا ہوگا، جو جدید سائنس کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
منصوبے کی تکمیل  
سوامی وویکانند کی اپیل رائیگاں نہیں گئی۔ میسور کے دیوان، سر شیشادری ایّر، جو پہلے ہی اس منصوبے میں دلچسپی رکھتے تھے، نے بنگلور میں 371 ایکڑ زمین، 5 لاکھ روپے، اور سالانہ 1 لاکھ روپے کی مالی امداد کی پیشکش کی۔ بعد میں یہ سالانہ رقم کرکے 30,000 کر دی گئی۔حکومت کو یہ منصوبہ بہت زیادہ مہنگا لگا اور انہیں یقین نہیں تھا کہ ج. این. ٹاٹا کو اس کا کوئی ذاتی فائدہ حاصل ہوگا۔ 1899 میں، ٹاٹا نے حکومت کی ہدایات کو قبول کرتے ہوئے اس منصوبے کو ذاتی یا خاندانی فوائد سے آزاد رکھنےکافیصلہ کیا۔
ڈی. ای. واچا لکھتے ہیں، "جے. این. ٹاٹا کو یقین تھا کہ ہندوستان کا مستقبل سائنسی ترقی میں پوشیدہ ہے، اور سائنس اور صنعت ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں۔ یہی وہ بنیادی خیال تھا جو ان کے ذہن میں عرصے سے گردش کر رہا تھا، اور جسے انہوں نے عملی جامہ پہنانے کی ٹھان لی-سال1909 میں جب انسٹی ٹیوٹ کا باضابطہ قیام عمل میں آیا تو اس کے لیے مختص رقم 30 لاکھ سے بڑھ کر تقریباً دوگنی ہو چکی تھی۔ ج. این. ٹاٹا 1904 میں انتقال کر چکے تھے، لیکن ان کے بیٹوں نے اپنے والد کی خواہشات کے مطابق اس منصوبے کو مکمل کرنے کا عزم کیا۔  
سر بھال چندرا کرشنا نے 1905 میں ج. این. ٹاٹا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا، "ان کی زندگی کا سب سے بڑا کارنامہ، جو ہمیشہ انہیں ہندوستان میں یاد رکھا جائے گا، یہ تحقیقی ادارہ ہے۔ اس کی بنیاد میں ان کی انتھک محنت، علم سے محبت اور قوم کی ترقی کا جذبہ پوشیدہ ہے۔یہی وہ عزم تھا جس نے ہندوستان کو ایک عظیم سائنسی تحقیقی مرکز دیا، جو آج بھی عالمی سطح پر ایک نمایاں ادارہ ہے۔