خانقاہ معلی : عظیم صوفی بزرگ حضرت شاہ ہمدان کی نشانی

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 04-11-2022
خانقاہ معلی : عظیم صوفی بزرگ  حضرت شاہ ہمدان  کی نشانی
خانقاہ معلی : عظیم صوفی بزرگ حضرت شاہ ہمدان کی نشانی

 

 

تحریر: اعجاز حسین غریبی

وادی کشمیر جہاں ایک طرف اپنی قدرتی خوبصورتی اور دلآویز مناظر کی وجہ سے پوری دنیا میں ایک مقام اورپہچان رکھتی ہےتودوسری طرف بےشماربزرگان دین اولیاء دین متین کےفیوض وبرکات سےمالامال ہے

ان میں ایک نام حضرت میر سید علی ہمدانی کا ہے۔ جو نہ صرف یہ کہ بحیثیت ولئ کامل اپنا ایک منفرد مقام رکھتے ہیں ٗبلکہ مملکتِ علم و حکمت میں وہ جس بلندی پہ فائز ہے اس کا اعتراف تمام اہلِ دانش و بینش نے بہ یک زبان کیا ہے ۔ آپ کو علومِ عقلیہ و نقلیہ میں جو کمال حاصل ہے تاریخ میں اس کی نظیر ملنا بہت مشکل ہے ۔ آپ نے نہ صرف یہ کہ صغیر سنی میں ہی مروج علومِ میں عروج حاصل کیا ٗ بلکہ راہِ سلوک کا سفر طے کرکے آپ اقلیمِ ولایت میں ایک ایسا مقام پاگئے کہ بقولِ حضرت شاہ نعمت اللہ ولیؒ

شاہ ہمدان رحمۃ اللہ علیہ ایک کثیر الجہت ہستی تھے۔ وہ ایک مبلغ تھے تو ساتھ ہی سماجی و فلاحی شخصیت بھی۔ انہوں نے کشمیر میں اسلام شناسی اور تبلیغ دین کا نیا انداز سکھلایا، دین مبین میں داخل ہونے والوں کے ایمان و عقائد کو مضبوط کیا۔ انہوں نے ان کی کردار سازی میں اہم کردار ادا کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے اسلام کو ایک منظم نظام حیات کے طور پر ثابت کیا۔ آپ رحمۃ اللہ علیہ کے معجزات کے طور پر چٹارگام، چہاردرہ، بٹ گام و دیگر مقامات پر آپ کے دست مبارک سے لگائے گئے چنار کے درخت موجود ہیں جو آپ رحمۃ اللہ علیہ نے 1374 ھ میں لگائے تھے۔

اگر مجھ سے چالیس گنا صاحب ولایت دنیا میں ہوگا ٗ پھر بھی سید علی کے مرتبہ تک نہ پہنچ سکے گا 

حضرت امیر کبیر سید علی ہمدانی رحمۃ اللہ علیہ بن شہاب الدین ہمدانی (1314ء تا1384 ) نہ صرف سلسلہ کبرویہ کے ایک عظیم صوفی بزرگ تھے بلکہ عرفانی شاعر ہونے کے ساتھ ایک محقق بھی تھے۔

مخزن علوم ظاہری،مظہر تجلیات ربانی،عالمِ عامل،عارف کامل،صاحبِ کرامات و خوارق عادات تھے،علوم ظاہری و باطنی میں آپ کو وہ کمال حاصل تھا کہ ایک سو ستّرسےزیادہ کتابیں تصنیف کیں جن میں سے مجمع الاحادیث،شرح اسماء الحسنیٰ،ذخیرۃ الملوک،شرح فصوص الحکم،مراۃ التائبین،شرح قصیدہ حمزیہ و فارضیہ،آداب المریدین،اور دس قواعد اشہر ہیں۔ 780 میں مع سات سور فقاء وسادات کے ہمدان سے کشمیر میں تشریف لائے ۔

محلہ علاء الدین پورہ میں جہاں اب آپ کی خانقاہ فیض پناہ ہے،جلوہ افروز ہوئے۔ بادشاہ کمال خشوع و خضوع سے آپ کی خدمت میں حاضر ہوا۔اسلام نے جو بلبل شاہ کے وقت سے کشمیر میں رواج پکڑنا شروع کیا تھا آپ کے وقت میں رونق بے اندازہ حاصل کی،اسی لیے آپ کو بانی مبانی اسلام کہتے ہیں کہ ایک شاعر نے کہا ہے یعنی آں بانی مسلمانی میر سیّد ھمدانی

سری نگر میں خانقاہ ’’خانقاہ معلیٰ اندرونی منظر 

پیدائش

آپ رحمۃ اللہ علیہ 12 رجب المرجب 714 ہجری کو پیر کے دن ہمدان میں پیدا ہوئے اور 786 ہجری میں مانسہرہ کے علاقہ پکھلی میں انتقال فرما گئے اور ختلان میں مدفون ہوئے۔

آپ رحمۃ اللہ علیہ نے ایک بادشاہ کے فرزند ہونے کے باوجود بادشاہت کو ٹھکرا کر تبلیغ اسلام کیلئے اپنی پوری زندگی وقف کردی۔ چنانچہ کشمیر، بلتستان سمیت خطے کے کئی علاقوں میں اسلام کا نور پھیلایا، مورخین کے مطابق اس خطے میں امیر کبیرسید علی ہمدانی رحمۃ اللہ علیہ ہی پہلے مبلغ اسلام ہیں جن کی تبلیغ کے نتیجے میں اہالیان کشمیر و تبت دائرہ اسلام میںداخل ہوئے۔

امیر کبیر سید علی ہمدانی رحمۃ اللہ علیہ کی تشریف آوری کے بعد کشمیر کی ثقافت ہی تبدیل ہو گئی۔سید علی ہمدانی رحمۃ اللہ علیہ کو شاہ ہمدان (ایران کے ہمدان کے بادشاہ) کے علاوہ امیر کبیر یعنی عظیم قائد کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے ۔ آپ رحمۃ اللہ علیہ نے عقائد،فضائل اہلبیت علیہم السلام اور رموز تصوف کے علاوہ دیگر موضوعات پر چھوٹے چھوٹے رسائل سے لے کر انتہائی ضخیم کتابیں بھی تالیف کیں۔

خاندان

ہمدان کے انتہائی معزز اور مثالی خاندان میں پیدا ہوئے اور آپ رحمۃ اللہ علیہ کا سلسلہ نسب امام زین العابدین علیہ السلام سے جاملتا ہے ۔ ان کی والدہ ماجدہ کا نام سیدہ فاطمہ ہے جو سترہویں پشت کے بعد جناب رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے جاملتا ہے ۔ بعض کے مطابق 12 رجب المرجب 714 بمطابق 12 اکتوبر 1314 ء کو آپ کی پیدائش ہوئی جبکہ بعض کا کہنا ہے کہ 713 ھ میں 12 رجب کو آپ رحمۃ اللہ علیہ نے آنکھ کھولی۔

اول الذکر تاریخ پیدائش پر اکثر مؤرخین کا اتفاق ہے۔ آپ رحمۃ اللہ علیہ کا اصل نام علی ہے اور شہرت امیر کبیر ، علی ثانی ، شاہ ہمدان اور میر سید علی ہمدانی کے نام سے ہے ۔ اس کے علاوہ آپ رحمۃ اللہ علیہ کے القابات میں قطب زمان، شیخ شیخان ، قطب الاقطاب ، افضل المحققین، اکمل المحقق الہمدانی و دیگر شامل ہیں ۔

awaz

تاجکستان کے دارالخلافہ دوشنبہ کے نواحی شہر ختلان

تعلیمی زندگی کا آغاز

سید علی ہمدانی رحمۃ اللہ علیہ کا تعلق ایک تعلیم یافتہ خاندان سے تھا، آپ رحمۃ اللہ علیہ خود بھی ایک نہایت ذہین اور فطین شخصیت تھے۔ آپ رحمۃ اللہ علیہ نے ابتدائی اسلامی اور قرآن پاک کی تعلیم اپنے ماموں حضرت علاء الدولہ سمنانی رحمۃ اللہ علیہ سے حاصل کی اورایک سال میں قرآن پاک کا مکمل ترجمہ اور تفسیر کا دورہ مکمل کیا۔ حضرت علاء الدولہ سمنانی رحمۃ اللہ علیہ سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد انہوں نے آپ رحمۃ اللہ علیہ کو ابوالبرکات شیخ محمد مزدقانی رحمۃ اللہ علیہ کے حوالے کیا جہاں سے آپ رحمۃ اللہ علیہ نے روحانی فیض حاصل کیا۔

سلسلہ طریقت

آپ رحمۃ اللہ علیہ رحمۃ اللہ علیہ سلسلہ طریقت کبرویہ سے منسلک تھے اور ابوالمیامین نجم الدین محمد بن محمد مزدقانی رحمۃ اللہ علیہ سے روحانی تبلیغ کی اجازت حاصل کی۔ سلسلۂ طریقت کے پیریت کا منصب سنبھالنے کے بعد آپ رحمۃ اللہ علیہ نے پوری دنیا میں سیاحت شروع کی،شیخ محمود مزدقانی رحمۃ اللہ علیہ کا حکم تھا کہ دنیا کی سیر کرو او رجتنا ہوسکے کسب فیض کرو ۔ اس حکم کی تعمیل کے نتیجے میں جناب امیر کبیر رحمۃ اللہ علیہ نے تین دفعہ پیدل بیت اللہ شریف کا حج ادا کیا اور بیس یا اکیس سال مسلسل سفر میں رہے ۔ اس عرصے میں آپ رحمۃ اللہ علیہ نے بہت سے اولیاء اللہ رحمۃ اللہ علیہم سے ملاقاتیں کیں ۔

کشمیر میں ورود

امیر کبیر رحمۃ اللہ علیہ اپنے کم و بیش 700 مریدوں اور پیروکاروں کے ہمراہ کشمیر تشریف لائے ۔ اقوام متحدہ کی خصوصی تنظیم یونیسکو کے مطابق امیر کبیر سید علی ہمدانی وہ عظیم ہستی تھے جنہوں نے کشمیر کی ثقافت کی کئی بنیادوں کو تبدیل کرتے ہوئے نہ صرف اسلامی ثقافت کا درجہ دیا بلکہ خطے میں کشمیر کی اقتصادی حالت بھی انتہائی مضبوط کردی ۔ وقت کے بادشاہ امیر تیمور کے مظالم سے بچنے کیلئے آپرحمۃ اللہ علیہ نے کشمیر کا رخ کیا۔

قبل ازیں اپنے والد گرامی کی بادشاہت کے دوران نے دو مریدوں میر سید حسن سمنانی رحمۃ اللہ علیہ اور میر تاج الدین سمنانی رحمۃ اللہ علیہ کو کشمیر روانہ کرچکے تھے تاکہ وہاں تبلیغ اسلام کیلئے راہ ہموار کی جاسکے۔ دونوں بادشاہوں کے درمیان باہمی تعلقات اور معاہدے کے باعث آپ رحمۃ اللہ علیہ اپنے کثیر مریدوں کے ہمراہ کشمیر میں داخل ہونے میں کامیاب ہوئے ۔ آپ کے دونوں فرستادگان نے آپ رحمۃ اللہ علیہ اور دیگر ساتھیوں کا کشمیر میں زبردست استقبال کیا۔ اس دوران کشمیر کی حکمرانی مرزا فیروز تغلق کے پاس تھی ۔

سری نگر میں خانقاہ ہمدان میں عرس کا ایک منظر

خانقاہوں کی تعمیر

کشمیر میں جناب امیر کبیر رحمۃ اللہ علیہ نے ایک نہایت ہی منظم انداز میں اسلام کی تبلیغ شروع کردی۔ ان کے پیروکاروں نے علاقے کے اہم گزرگاہوں اور مقامات پر مساجد کی تعمیر میں آپ رحمۃ اللہ علیہ کا بھرپور ساتھ دیا۔ ان مشہور مساجد میں دریائے جہلم کے کنارے واقعہ خانقاہ معلی ، درگاہ شاہ ہمدان سری نگر و دیگر شامل ہیں۔ گلگت بلتستان میں جناب امیر کبیر رحمۃ اللہ علیہ کے ہاتھوں تعمیر کردہ مساجد کو ’’مسجد حضرت امیر‘‘ مقامی زبان میں اختصار کیساتھ ’’حضامیر ‘‘کے نام سے یاد کیا جاتا ہے ۔

آپ رحمۃ اللہ علیہ نے ہمیشہ کیلئے کشمیر میں پڑائونہیں ڈالا بلکہ مختلف اور مناسب مواقع پر اس علاقے کا دورہ فرماتے رہے ۔ آپ رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے تمام مریدین کو مساجد میں ائمہ جمعہ و جماعت کی ذمہ داریاں دے کر وہاں سکونت پذیر کردیا اور خود تمام معاملات کی نگرانی فرماتے رہے ۔ ان کی تعمیر کردہ خانقاہیں فن تعمیر کی شاہکار ہیں ، دیواروں میں لکڑیوں کا استعمال ، کھڑکیوں ، دروازوں اور روشندانوں میں لکڑی پر تزئین و آرائش کا انتہائی حسین فن آٹھویں صدی ہجری میں فن نقش نگاری کے عروج کو ظاہر کرتا ہے ۔

خانقاہوں کو دوسرے الفاظ میں جامع مسجد کہا جاتا ہے جہاں نہ صرف پانچ وقت باجماعت نمازیں ہوتی ہیں بلکہ جمعۃ المبارک کو قریب و دور سے ہزاروں مسلمان جمعہ کے عظیم اجتماع کیلئے جمع ہوجاتے ہیں۔ بلتستان میں امیر کبیر سید علی ہمدانی کی تعمیر کردہ بہت سی خانقاہیں موجود ہیں جہاں مکتب صوفیہ امامیہ نوربخشیہ کے لاکھوں افراد نماز پنجگانہ ، نماز جمعہ، عیدین و دیگر اسلامی تہواروں پر جمع ہوتے ہیں۔خاص کر ایام عزاداری میں انہیں خانقاہوں میں بہت اہتمام کے ساتھ مجالس ہوتی ہیں ایک خاص بات یہ ہے کہ حضامیر میں عزاداری جس شان و عزت سے ہوتی ہے جو دوسرے جگہوں پر نہیں ہوتا ہے۔

کشمیر میں دوسری بار آمد

آپ رحمۃ اللہ علیہ نے پہلی بار کشمیر کا دورہ 774 ہجر ی میں کیا اس وقت کشمیر کے حکمران سلطان شہاب الدین تھے۔ اس دورے میں آپ رحمۃ اللہ علیہ چھ ماہ تبلیغ دین فرماتے رہے ۔ دوسری مرتبہ 781 ھ میں آپ رحمۃ اللہ علیہ کشمیر تشریف لائے جبکہ قطب الدین والی کشمیر تھے۔ اس موقع پر آپ رحمۃ اللہ علیہ نے کم و بیش ایک سال کشمیر میں قیام فرمایا۔ اس دوران آپ نے کشمیر کے قریہ قریہ کا دورہ فرمایا اور لوگوں کو حلقہ بگوش اسلام کیا۔ 783 ھ میں آپ رحمۃ اللہ علیہ نے لداخ سمیت ترکستان کا بھی سفر کیا۔ تیسری بار 785 ھ میں آپ نے کشمیر کا رخ فرمایا اس بار آپ رحمۃ اللہ علیہ کا ارادہ تھا کہ اب مکمل طور پر اس علاقے میں اقامت پذیر ہو جائیںتاہم خدائے ذوالجلال کو کچھ او ر ہی منظور تھا ۔

میر ہمدانی رحمۃ اللہ علیہ کا انتقال

چنانچہ علالت کے باعث آپ رحمۃ اللہ علیہ کو واپس ہمدان جانا پڑا۔ واپسی پر جب پکھلی پہنچے توشاہی مہمانوں کی طرح استقبال کیا گیا ۔ یہیں آپ رحمۃ اللہ علیہ کی بیماری شدت اختیار کر گئی اور یہ مرض المرگ ثابت ہوئی ۔ پکھلی میں پانچ دن کی شدید علالت کے بعد آپ رحمۃ اللہ علیہ 6 ذی الحج 786 ھ کو اس دارفانی سے کوچ فرما گئے ۔

    میر سید ہمدانی رحمۃ اللہ علیہ774ھ،1372ء میں پہلی بار کشمیر پہنچے اور کچھ عرصہ تبلیغ و ارشاد میں مصروف رہ کر واپس چلے گئے دوسری بار781ھ، 1379ء میں اورتیسری بار 1384ھ786ء میں آپ رحمۃ اللہ علیہ پہلی بار کشمیر کے راستے  بلتستان پہنچے تھے  بلتستان سے آپ رحمۃ اللہ علیہ سیاچن گلیشر کے ذریعے ترکستان چلے گئے تھے اور ان علاقوں کی سیاحت کے بعد 785ھ،1383ء میں پھر بلتستان تشر یف لائے تھے ۔

بلتستان میں مختصر قیام کے بعد  تیسری بار کشمیر پہنچے کشمیر میں مختصر قیام کے بعد حج بیت اللہ کی غرض سے نکلے اور6 ذلحجہ 786ھ1384ء کو پکھلی موجودہ نوکوٹ نزد مانسہرہ کے مقام پر خالق حقیقی سے جا ملے۔ مادہ تاریخ وفا ت'' بسم اللہ الر حمن الر حیم " ہے۔ متعدد لوگوں نے تاریخ وفات کہی۔ آپ کی نعش آپ کی وصیت کے مطابق پکھلی سے ختلان(موجودہ کولاب دوشنبہ تاجکستان) پہنچائی گئی اور وہاں دفن ہوئی آپ کا مزار مبارک وہا ں مو جودہے۔

آپ رحمۃ اللہ علیہ کے جسد انور کو تاجکستان کے دارالخلافہ دوشنبہ کے نواحی شہر ختلان لایا گیا اور یہیں تدفین عمل میں آئی ۔ آپ رحمۃ اللہ علیہ کا مزار آج بھی مرجع خلائق ہے۔

اولاد

    میر سید علی ہمدانی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی زندگی کا بیشتر حصّہ ریاضت ومجاہدات بجالانے، سیر وسیاحت کرنے، دین اسلام پھیلانے اور کتب ورسائل لکھنے میں گزار دیا ۔ اس وقت آپ نے شادی کی جبکہ آپ کی عمر کے چالیس برس گزرچکے تھے تاہم ایک بیٹا اور ایک بیٹی متولد ہوئے۔ بیٹا مشہور مبلغ اسلام میر سید محمد ہمدانی رحمۃ اللہ علیہ تھے اور بیٹی آپ کے مشہور مرید اور خلیفہ خواجہ اسحاق ختلانی رحمۃ اللہ علیہ کے عقد میں آئیں۔ دونوں کے مزار علی  ثانی رحمۃ اللہ علیہ کے مزار مبارک کے احاطے میں واقع ہیں۔ سید محمد ہمدانی رحمتہ اللہ علیہ کے توسط سے آپ کی نسل بڑھی اب بھی پاک وہند میں آپ کی اولاد سادات ہمدانی کے نام سے موجود ہے۔

شاگردان امیر رحمۃ اللہ علیہ

امیر کبیر رحمۃ اللہ علیہ سے سینکڑوں شاگردوں نے کسب فیض کیا ۔ ان میں نورالدین جعفر بدخشی رحمۃ اللہ علیہ ، خواجہ اسحاق ختلانی رحمۃ اللہ علیہ ، شیخ قوام الدین بدخشی رحمۃ اللہ علیہ ، میر سید حسین سمنانی رحمۃ اللہ علیہ ، میر رکن الدین، سید فخر الدین، قطب امجد سید محمد قریشی، رحمۃ اللہ علیہ ، سید احمد قریشی رحمۃ اللہ علیہ ، سید محمد عزیز اللہ، سید محمد مرید اور پیر محمد قادری و دیگر شامل ہیں ۔ خواجہ اسحاق ختلانی رحمۃ اللہ علیہ کو خرقہ اجازت عطا ہوا اور انہوںنے بحیثیت پیر طریقت عنان طریقت سنبھالا۔ یہ سلسلہ ان کے بعد حضرت سید محمد نوربخش رحمۃ اللہ علیہ سے ہوتے ہوئے موجودہ پیر طریقت صوفیہ امامیہ نوربخشیہ سید محمد شاہ نورانی مدظلہ العالی تک پہنچا ہے اور ان شاء اللہ تا قیام قیامت بلاکسی انقطاع کے جاری و ساری رہے گا۔

شاہ ہمدان کا مسلک

کسی عارف بزرگ کے بارے میں یہ کہنا کہ ان کا ایک خاص فرقہ سے تعلق تھا۔ ان کے شایان شان نہیں ۔ تاہم ان کی تعلیمات کو سامنے رکھتے ہوئے یہ دعویٰ کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں کہ شاہ ہمدان کا مسلک وہی ہے جو چہاردہ معصومین علیہم السلام کا ہے۔ آپ رحمۃ اللہ علیہ تصوف کے صرف اس راستے کو درست مانتے ہیں جس پر چہاردہ معصومین علیہم السلام نے عمل کیا۔ آپ رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے اشعار میں اس حقیقت کو واضح طور پر بیان کیا ہے ۔

گر طاعت حق جملہ بر آوری بجان بے مہر علی ہیچ قبولت نبود

پشمینہ سازی کی صنعت کا فروغ

امیر کبیر سید علی ہمدانی رحمۃ اللہ علیہ نے تصوف اور خرقہ پوشی کو اتنی زیادہ ترجیح دیکر موثر تبلیغ کی کہ علاقے میں پشمینا سازی کو صنعت کا درجہ مل گیا چنانچہ مورخین انہیں کشمیر میں پشمینا سازی کے بانی کے طور پر بھی یاد کرتے ہیں ۔ اس صنعت کے باعث کشمیر کو چین، منگولیا، امریکا، ہندوستان اور دیگر علاقوں میں اقتصادی قوت کے طور پر دیکھا جانے لگا۔

شاہ ہمدان رحمۃ اللہ علیہ کے دور میں کشمیر میں پشمینا (اون) سے قالین کی صنعت ، شال بافی ، چادرکی تیاری کو عروج ملا، کیونکہ سالکان راہ طریقت کیلئے آپ رحمۃ اللہ علیہ کی تعلیمات میں سے ایک اون سے تیار کردہ لباس زیب تن کرنا تھی۔ قرب و جوار میں لوگوں کی بڑی تعداد گھروں پر یہ اشیا تیار کرتے تھے بلکہ ایک عرصے تک لباس اسی صنعت کے مرہون منت ثابت ہوا۔

یہ لباس ایک طرف روحانی لباس کی حیثیت رکھتا تھا تو دوسری طرف نہایت ارزاں اور آسان تیاری کے باعث غریبوں کا بہترین انتخاب تھا ساتھ ہی ساتھ کشمیر جیسے سنگلاخ اور انتہائی سرد علاقے میں موسمی ضرورت بھی تھی۔ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ نے جناب امیر کبیرسید علی ہمدانی رحمۃ اللہ علیہ کو کشمیر میں قالین کی صنعت کا بانی قرار دیتے ہوئے فرمایا ہے کہ شاہ ہمدان رحمۃ اللہ علیہ نے قالین بافی میں کشمیر و تبت کو چھوٹا ایران بنادیا۔

خطہ راآن شاہ دریا آستین داد علم و صنعت وتہذیب و دین

آفرید آن مرد ایران صغیر باہنرہائے عجیب و دل پذیر

تالیفات

حضرت امیر کبیر رحمۃ اللہ علیہ نے ایک موثر مبلغ کی حیثیت سے سینکڑوں کی تعداد میں عربی اور فارسی زبانوں میں کتابیں، خطوط اور رسالے تالیف کئے۔ جس میں ذخیرہ الملوک، دعوات صوفیہ امامیہ ، رسالہ نوریہ، رسالہ مکتوبات، در معرفت صورت و سیرت انسان، در حقائق توبہ، حل النصوص علی الفصوص، رسالہ درمعرفت مذاہب اہل تصوف ، شرح قصیدہ خمریہ فریضیہ عمر ابن فارز ، رسالہ اصطلاحات، علم القیافہ، دہ قاعدہ، کتاب المودۃ القربیٰ، کتاب السبعین فی فضائل امیر المومنین، چہل حدیث ، چہل حدیث فضائل امیر المومنین ، منازل السالکین، اوراد فتحیہ، اسرارالنقطہ ،مشارب الاذواق و دیگر شامل ہیں۔

حاصلِ کلام یہ ہے کہ بانئ اسلام در ملکِ کشمیر حضرت امیرِ کبیر میر سید علی ہمدانیؒ ایک ہمہ جہت شخصیت ہے جن کے چراغِ معرفت سے اپنے دیے روشن کرکے موجودہ علمی و عملی بحران میں اپنی راہ پاسکتے ہیں ۔