آدیتی بھدوری
تو آخرکار، طالبان کے نمائندے دہلی میں موجود ہیں,طالبان کے نمائندے دہلی پہنچ چکے ہیں اور وہ ممبئی اور حیدرآباد میں افغان قونصل خانوں میں بھی موجود ہیں۔ یہ ایک ناگزیر حقیقت تھی، چاہے ہندوستان کے لیے طالبان کے ساتھ برابری کی سطح پر معاملات طے کرنا کتنا ہی مشکل کیوں نہ ہو۔ تاہم، پورے خطے میں ہندوستان سب سے آخر میں طالبان کے ساتھ تعلقات قائم کرنے والا ملک ہے۔ اور ایسا کیوں نہ ہوتا؟کون بھول سکتا ہے کہ انڈین ایئرلائنز کی فلائٹIC 814 کا خوفناک ہائی جیکنگ واقعہ طالبان کے ہاتھوں پیش آیا تھا؟ یا وہ متعدد حملے، جن میں ہندوستانی شہریوں اور کارکنوں کو افغانستان میں طالبان نے نشانہ بنایا؟ یہی طالبان، جس نے اسامہ بن لادن اور القاعدہ کے دہشت گردوں کو پناہ دی اور داعش جیسے مزید خطرناک گروپ کو وجود میں آنے میں مدد دی؟
عالمی معاملات
ایک عجیب موڑ اور ہندوستان کے قابو سے باہر ہونے والے حالات کے باعث، طالبان ایک بار پھر اقتدار میں واپس آچکے ہیں۔وہ طالبان جنہیں دنیا کی واحد سپر پاور امریکہ نے بیس سال تک جنگ میں الجھائے رکھا تھا۔ لیکن سیاست میں نہ کوئی مستقل دوست ہوتا ہےاور نہ ہی کوئی مستقل دشمن– بلکہ صرف قومی مفادات ہوتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ آج ہندوستان کے لیے طالبان سے تعلقات استوار کرنا ایک ضرورت بن چکا ہے۔2002 میں طالبان حکومت کےخاتمےکےبعد امریکہ اور عالمی برادری نے افغانستان کی تعمیرِ نو، حکومتی ڈھانچے کی مضبوطی، اور ترقی کے لیے اربوں ڈالر خرچ کیے۔ نئی حکومتوں میں پشتون اکثریتی آبادی کے ساتھ ساتھ تاجک اور دیگر اقلیتوں کو بھی شامل کیا گیا۔ لیکن اس سب کے باوجود، طالبان کوشکست دینا ممکن نہ ہو سکا۔پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کی بڑی مدد سے طالبان نے افغانستان میں شورش جاری رکھی، جس کے نتیجے میں سینکڑوں غیر ملکی اور افغان شہریوں اور فوجی اہلکاروں کی جانیں گئیں۔ ہندوستان بھی اس سے محفوظ نہ رہا،حالانکہ اس نے افغانستان میں دو ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی تھی۔ طالبان سے وابستہ متعدد حملے ہندوستانی مفادات اور اہلکاروں پر کیے گئے۔
داعش کا ابھرنا اور طالبان کا ردعمل
ادھر، امریکہ کے عراق پر حملے اور صدام حسین حکومت کے خاتمے نے ایک اور بڑا خطرہ پیدا کیا – یعنی داعش(ISIS)۔ داعش طالبان سے بھی زیادہ خطرناک ثابت ہوئی کیونکہ اس نے صرف افغان سرزمین پر دعوے نہیں کیے، بلکہ عالمی سطح پر ایک خلافت کے قیام کا اعلان کر دیا۔داعش نے دنیا بھر سے نوجوانوں کو اپنی صفوں میں شامل کیا،جن میں روسی بولنے والے 5000 سے زائد جنگجو شامل تھے۔ اسی خطرے کے پیشِ نظر روس نے شام میں فوجی مداخلت کرکےبشارالاسد کی حکومت کو تحفظ فراہم کیا۔افغانستان میں طالبان اورداعش کے درمیان بھی کشیدگی رہی۔ طالبان نے افغانستان میں داعش کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کو روکنے کی کوشش کی، جبکہ امریکہ کی حمایت یافتہ افغان حکومت کمزور و غیر مستحکم ثابت ہوئی طالبان نے افغانستان کے سرحدی علاقوں پر کنٹرول حاصل کر لیا اور وسطی ایشیائی ممالک ترکمانستان اور ازبکستان کے ساتھ کاروباری تعلقات بھی قائم کیے، تاکہ معیشت چلتی رہے۔
علاقائی ممالک کی طالبان سے قربت اور ہندوستان کی تنہائی
روس، چین، ایران، اور وسطی ایشیائی ممالک نے طالبان کے ساتھ رابطے استوار کر لیے تاکہ افغانستان کی صورتحال کو قابو میں رکھا جا سکے۔ صرف تاجکستان نے طالبان سے دوری برقرار رکھی۔مارچ 4 کے ایک واقعے نے اس خطرے کو مزید واضح کیا – اس دن ماسکو میں روسی سیکیورٹی فورسز نے داعش خراسان صوبہ(ISKP) کے ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا، جو ماسکو کے سب وے اور ایک عبادت گاہ پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔امریکہ کے 2020 کے دوحہ معاہدے نے بھی یہ ثابت کر دیا کہ طالبان کو بین الاقوامی سطح پر قبول کیا جا رہا ہے، جبکہ ہندوستان تنہا رہ گیا۔ بھارت نے افغانستان میں ڈیم، پارلیمنٹ، اور تاریخی یادگاریں تعمیر کیں، لیکن طالبان کے قبضے کے بعد سب کچھ روکنا پڑا۔اگست 2021 میں طالبان نے کابل پر قبضہ کر لیا۔ اس کے بعد طالبان نے بین الاقوامی برادری کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اچھے ہمسایہ تعلقات برقرار رکھیں گے اور افغان سرزمین کو دہشت گردانہ حملوں کے لیے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔روس، قازقستان، اور ازبکستان نے طالبان کو اپنی دہشت گردوں کی فہرست سے نکال دیا اور انہیں سفارتی مشنز سنبھالنے کی اجازت دی۔ چین نے اس سے بھی آگے بڑھ کر کابل میں اپنا سفیر تعینات کردیااورافغانستان کے قیمتی معدنی وسائل کے شعبے میں سرمایہ کاری شروع کر دی۔ہندوستان کے لیے بہترین راستہ یہی تھا کہ وہ دیگر ممالک کے نقشِ قدم پر چلے، خاص طور پر ان ممالک کے جو اس کے قریبی اتحادی ہیں جیسے سعودی عرب، یو اے ای، اور قطر۔
ہندوستان کا طالبان سے روابط بحال کرنا
داعش خراسان کی مسلسل کارروائیاں، جیسے ماسکو حملے کی سازش، اس بات کا تقاضا کرتی ہیں کہ ہندوستان طالبان کے ساتھ محتاط مگر عملی تعلقات قائم کرے۔ہندوستان نے پہلے ماسکو میں طالبان نمائندوں سے ملاقات کی اور پھر ازبکستان اور قطر میں بھی طالبان حکام کے ساتھ روابط قائم کیے۔ طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعدبھی ہندوستان نے افغانستان کو انسانی امداد فراہم کی۔2022 میں ہندوستان نے کابل میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولا اور وہاں "تکنیکی ٹیم" تعینات کی۔
طالبان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی – ہندوستان کے لیے موقع
حال ہی میں طالبان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی بھی اس بات کی دلیل ہے کہ طالبان اب پاکستان کے مکمل کنٹرول میں نہیں رہے اور اپنی خودمختار پالیسی اپنا رہے ہیں، جو ہندوستان کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔ہندوستان کے خارجہ سیکرٹری وکرم مسری کی دبئی میں طالبان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کو ہندوستان-افغانستان تعلقات میں ایک اہم موڑ قرار دیا جا سکتا ہے۔تاہم،افغانستان میں سیاسی عدم استحکام اور داعش خراسان کی بڑھتا ہوئی کارروائیاں دیکھتے ہوئے، ہندوستان بہت سوچ سمجھ کر اور احتیاط سے طالبان کے ساتھ معاملات طے کرے گا
آدیتی بھدوری ایک آزاد صحافی ہیں اور مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے امور پر لکھتی ہیں۔