تمہاری نفرت ہم آہنگی کو مٹا نہیں سکتی:میجر (ڈاکٹر) محمد علی شاہ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 26-04-2025
تمہاری نفرت ہم آہنگی کو مٹا نہیں سکتی:میجر (ڈاکٹر) محمد علی شاہ
تمہاری نفرت ہم آہنگی کو مٹا نہیں سکتی:میجر (ڈاکٹر) محمد علی شاہ

 



آواز دی وائس : نئی دہلی 

 جموں و کشمیر کے پہلگام میں حالیہ دہشت گردانہ حملے نے پورے ملک کو غم اور غصے میں مبتلا کر دیا ہے۔ اس دلخراش واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے  سابق فوجی افسر اور معروف اداکار میجر (ڈاکٹر) محمد علی شاہ نے دہشت گردوں کے نام ایک جذباتی اور دو ٹوک کھلا خط تحریر کیا ہے، جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔اپنے خط میں میجر شاہ نے حملہ آوروں کو "ریڑھ کی ہڈی سے محروم بزدلوں کا گروہ" قرار دیتے ہوئے ان کے اس ظالمانہ اقدام کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے خود کو ایک دکھی دل والا ہندوستانی مسلمان قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے پرتشدد حملے نہ صرف معصوم شہریوں کی جان لیتے ہیں بلکہ ملک کی روح اور اتحاد پر بھی گہرا زخم چھوڑتے ہیں۔

میجر شاہ نے لکھا کہ جب تم نے پہلگام میں نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا، تو تم نے ہر اس ہندوستانی کے دل کو چیر ڈالا جو آج بھی امن، اتحاد اور انصاف کے اصولوں پر یقین رکھتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ ایک ایسے خاندان سے تعلق رکھتے ہیں جس کی بنیاد خدمت اور وطن سے محبت پر ہے، اور وہ ایسی کسی بھی کارروائی کو انسانیت اور قوم پرستی کے خلاف سمجھتے ہیں۔یہ خط نہ صرف دہشت گردی کے خلاف ایک مضبوط پیغام ہے، بلکہ یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ بھارت کا ہر شہری، چاہے وہ کسی بھی مذہب یا پس منظر سے تعلق رکھتا ہو، امن، ہم آہنگی اور یکجہتی میں یقین رکھتا ہے۔

آدھی رات گزر چکی ہے ۔ بلکہ صبح کے ابتدائی لمحات ہیں ۔ اور میں سو نہیں پا رہا۔ جب سے تمہارے ہاتھوں میری دھرتی پر بے گناہ لوگوں کا بے رحمانہ اور بے مقصد قتل سنا ہے، دل بے چین ہے۔ تم بیمار ذہنیت کے لوگ ہو۔میں تمہیں ایک غصے سے بھرے، دل شکستہ ہندوستانی مسلمان کے طور پر لکھ رہا ہوں۔ ایک ایسا انسان جس کی روح غم کی شدت اور غصے کی لپٹوں کے درمیان چیر چکی ہے۔ کیونکہ جب تم نے پہلگام میں شہریوں پر حملہ کیا، تو تم نے صرف ایک جگہ کو نشانہ نہیں بنایا، تم نے ہر اُس ہندوستانی کے دل میں خنجر گھونپ دیا جو اب بھی اتحاد، امن اور انصاف پر یقین رکھتا ہے۔

 میں صرف ایک فرد کے طور پر نہیں، بلکہ ایک ایسے خاندان کا فرد ہونے کے ناطے بات کر رہا ہوں جس کی رگوں میں اس قوم کی خدمت دوڑتی ہے۔ میرے والد، لیفٹیننٹ جنرل ضمیرالدین شاہ، بھارتی فوج کے ڈپٹی چیف آف آرمی اسٹاف کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے اور بعد ازاں علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی حیثیت سے مسلم دانشوروں کی ایک مؤثر آواز بنے۔ میرے والد کے چھوٹے بھائی، نامور اداکار نصیرالدین شاہ، پدم شری اور پدم بھوشن جیسے اعزازات سے نوازے جا چکے ہیں، اور ان کے بڑے بھائی ایک ممتاز آئی آئی ٹی کے ماہر ہیں جنہیں صدر جمہوریہ نے سراہا ہے۔میرا خاندان ہمیشہ عزت کے ساتھ جیا، اور میں ہمیشہ خود کو سب سے پہلے ایک فخر سے بھرپور ہندوستانی سمجھتا آیا ہوں۔ اسی میراث سے مجھے طاقت ملی ہے ۔ اور یہی میراث تمہارے اعمال کو میرے لیے ناقابل برداشت بناتی ہے۔

میں نے جن فلموں میں کام کیا ۔ وہ کہانیاں جو محبت، قربانی اور اتحاد کا جشن مناتی ہیں ۔ ان کی شوٹنگ انہی پہاڑی وادیوں میں ہوئی جنہیں تم نے ناپاک کیا۔ حیدر، بجرنگی بھائی جان، موجھی، اور ویب سیریز اوِرودھ جیسی قومی ایوارڈ یافتہ تخلیقات انہی زمینوں کی پیداوار ہیں۔ میں ان پر سکون راستوں پر چلا ہوں، ان پہاڑوں کی خالص ہوا کو محسوس کیا ہے، اور وہاں بسنے والی ہم آہنگی کو اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے۔ دنیا بھر میں اپنے لیکچرز میں میں نے بھارت کی روح ۔ اس کی ہمہ جہتی، روحانی و ثقافتی دولت ۔ پر فخر سے بات کی۔ اور آج، تم نے اُسی روح کو چیرنے کی کوشش کی ہے۔

لیکن سن لو: تمہاری گولیاں خوبصورتی کو خاموش نہیں کر سکتیں۔ تمہاری نفرت ہم آہنگی کو مٹا نہیں سکتی۔ پہلگام محض ایک مقام نہیں ۔ یہ بھارت کے اصل تشخص کی زندہ علامت ہے۔ اور اس کی مٹی پر خون بہا کر تم نے ہمیں کمزور نہیں کیا، بلکہ ہمیں مزید بیدار کیا ہے کہ ہمیں کیا بچانا ہے۔تم دعویٰ کرتے ہو کہ تم کسی مقصد کے لیے لڑ رہے ہو۔ کس کے لیے؟ اسلام کے لیے؟ کشمیر کے لیے؟

ہماری عقل کی توہین مت کرو۔

تم نہ مجاہد ہو، نہ سپاہی۔ تم بزدل ہو، جو بندوقوں، نقابوں اور جھوٹے نعروں کے پیچھے چھپے ہوئے ہو۔ تم صرف قصائی ہو۔تم نے کسی فوجی اڈے پر حملہ کرنے کی ہمت نہیں کی۔ تم نے عام شہریوں، سیاحوں، بچوں، ماؤں، یاتریوں، اور نو بیاہتا جوڑوں کو نشانہ بنایا ۔ غیر مسلح، بے قصور انسانوں کو۔ اور تم اسے جہاد کہتے ہو؟

یہ جہاد نہیں۔ جہاد تو جدوجہد کا نام ہے۔ تمہارا عمل گناہ ہے ۔ خونریزی، انسانیت اور خدا دونوں سے غداری۔ تم نے پہلگام کی خون آلود مٹی پر اللہ کے نام کو گھسیٹا ہے۔ تم نے امن والے مذہب کو مسخ کر کے دہشتگردی کا ہتھیار بنا دیا ہے۔ شرم کرو ۔ تم جہنم میں سڑو گے۔مجھے افسوس ہے کہ تم اور میں ایک ہی مذہب میں پیدا ہوئے ۔ کیونکہ ہم بالکل مختلف ہیں۔ میرا مذہب انسانیت ہے۔ میرا اسلام مجھے معصوموں کی حفاظت سکھاتا ہے۔ تمہارا اسلام ذبح کی تعلیم دیتا ہے۔ میرا اسلام مجھے اپنے وطن کی خدمت سکھاتا ہے، تمہارا اسے تباہ کرنے کا۔

جتنی بھی بد دعائیں تمہیں دوں، کم ہوں گی۔

اور تمہاری وجہ سے اب میرے اوپر ایک بوجھ آ گیا ہے جس کا میں نے کبھی تقاضا نہیں کیا۔ جب بھی کوئی مسلم نام سنتا ہے یا ٹوپی دیکھتا ہے، شک کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ صرف تمہاری وجہ سے۔ ایسے محب وطن مسلمان جو اپنی ماں دھرتی سے محبت کرتے ہیں، ہر روز وضاحتیں دیتے ہیں، صفائیاں دیتے ہیں، ان جرائم کی جو انہوں نے نہیں کیے، ان عقائد کی جو ان کے نہیں۔تم نے صرف جانیں نہیں لیں۔ تم نے اعتماد چھیننے کی کوشش کی ہے۔ تم نے ایک ہندوستانی مسلمان کے لیے اپنے وطن سے کھل کر، بے خوف محبت کرنا مشکل بنانے کی کوشش کی ہے۔

یہی تمہارا اصل جرم ہے۔

اور سن لو: تم ناکام ہو چکے ہو۔

ہم ۔ اصل مسلمان، اصل ہندوستانی ۔ آج بھی کھڑے ہیں۔ ہم غصے میں ہیں، خوفزدہ نہیں۔ ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ہم تمہاری گولیوں سے خاموش نہیں ہوں گے۔ ہم تمہیں یہ فیصلہ کرنے نہیں دیں گے کہ ہمیں کون ہونا چاہیے۔بھارتی عوام سے میری گزارش ہے ۔ ان درندوں کو اپنے مسلمان بھائیوں اور بہنوں سے مت جوڑو۔ ہم بھی تمہارے ساتھ خون کے آنسو رو رہے ہیں۔ ہم بھی تمہاری طرح غصے میں ہیں۔ اور ہم تمہارے دشمن نہیں ہیں۔ ہم بھی ان بزدلوں کے ہاتھوں ویسے ہی متاثر ہیں جیسے ہر ہندوستانی۔اور تم دہشتگردوں ۔ تم انسانیت کے چہرے پر ایک بدنما داغ ہو۔ لیکن یہ ملک، یہ اتحاد، یہ بھارت کی روح ۔ ابدی ہے۔

تم نے ہمیں دہشت زدہ کرنے کی کوشش کی۔ لیکن تم نے ہمیں جگا دیا ہے۔پہلگام کے خاندانوں کے لیے میری دعائیں ہی نہیں، ایک وعدہ بھی ہے: ہم بھولیں گے نہیں۔ ہم معاف نہیں کریں گے۔ ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک تمہارے جرم کی گونج اس ملک کے ضمیر میں نہ اترے ۔ اور انصاف نہ ہو۔ صرف عدالتوں میں نہیں، اس قوم کی روح میں۔تم نے مارنے سے پہلے لوگوں کے نام اور مذہب پوچھے؟ تم مسلمان نہیں ہو۔ دنیا بھر کی مسلم برادری تمہیں مسترد کرتی ہے۔ خونی دہشتگرد۔

تم نے صرف کشمیر پر حملہ نہیں کیا۔

تم نے ہم سب پر حملہ کیا۔

اور ہم اٹھیں گے ۔ بطور قوم، بطور ہندوستانی۔

جئے ہند۔