مسلمان عید الاضحی پر برادر ِوطن کے جذبات کی قدر کریں :شیخ ابوبکر

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 16-06-2024
 مسلمان عید الاضحی پر برادر ِوطن کے جذبات کی قدر کریں  :شیخ ابوبکر
مسلمان عید الاضحی پر برادر ِوطن کے جذبات کی قدر کریں :شیخ ابوبکر

 

صاف صفائی کا خیال رکھیں،قربانی کی تصاویر سوشل میڈیا پر نہ ڈالیں:شیخ ابوبکر

کالی کٹ (عبدالکریم امجدی)
عید الاضحی ایک انتہائی بامقصد اور یادگار دن ہے،قربانی تسلیم ورضا اور سنت ابراہیمی کی پیروی کا عظیم دن ہے،عید قرباں جذبہ ایثار صبر وتحمل کا درس دیتی ہے۔ اس دن ہمیں ملک وملت کے تئیں امن وامان،خوشحالی،خیر سگالی،قومی یکجہتی کا پیغام عام کرنا چاہئے۔مذکورہ خیالات کا اظہار گرانڈ مفتی آف انڈیا شیخ ابوبکر احمد نے آج یہاں جاری ایک بیان میں کیا۔
شیخ نے کہاکہ مبارک تہوار پُر امن طریقے سے منایا جائے،برادرِ وطن کے جذبات کی قدر کریں۔ہمارے کسی بھی عمل سے پڑوسی کو تکلیف نہ پہونچے۔شیخ نے کہاکہ عید الاضحی پر صفائی کا خیال بیحد ضروری ہے۔فضلہ،خون آلوداور ممنوعہ اشیا کو دفن کردیں۔شیخ ابوبکر احمد نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ قربانی کی تصاویر ویڈیوز ہرگز نہ بنائی جائے اور نہ ہی اسے سوشل میڈیا پر اپلوڈ کیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ برادرِوطن کے جذبات واحساسات کا احترام ہم پر لازم ہے۔ عید الاضحی کے موقع پر صفائی کا خیال خود بھی کریں اور دوسروں کو بھی اس کی ترغیب دلائیں۔شیخ ابوبکر احمد نے کہاکہ قربانی شعائر اسلام سے ہے۔حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اللہ کی اطاعت اور اسکے احکامات کی بجاآوری کے لئے جان ومال اور اولاد کی بھی قربانی دینے سے گریز نہ کیا۔شیخ نے اس موقع پر اہل وطن کو عید الاضحی کی مبارک بادپیش کی اور ملک وملت کے تئیں امن وشانتی اور آپسی اخوت ومحبت کی دعا کی۔