کشمیر: ایک مسلم خاندان 35 سال سے کررہا ہےمندر کی دیکھ بھال

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 09-03-2025
 کشمیر:  ایک مسلم خاندان  35 سال سے  کررہا ہےمندر کی دیکھ بھال
کشمیر: ایک مسلم خاندان 35 سال سے کررہا ہےمندر کی دیکھ بھال

 

احسان فاضلی، سری نگر

جموں وکشمیر میں 35 سال سے جب مسلح تحریک کا آغاز ہوا اور کشمیری پنڈتوں کی وادی سے ہجرت ہوئی، ضلع اننت ناگ کے قصبہ بجبہارہ میں ایک مسلم خاندان ایک مندر کی دیکھ بھال کر رہا ہے۔سیب کے باغات کے درمیان واقع جیا دیوی مندر (شکتی استھل ماتا جیا دیوی) قصبے کے بلند مقام پر واقع ہے، جہاں سے سرسبز کھیتوں اور باغات کا حسین نظارہ ہوتا ہے۔ یہ مندر پرانے سری نگر-جموں قومی شاہراہ پر ہے، جو اب این ایچ 44 کے نام سے جانی جاتی ہے۔

بجبہارہ اپنے چنار کے درختوں کے لیے مشہور ہے، خصوصاً پادشاہی باغ اور دارا شکوہ پارک جو دریائے جہلم کے دونوں کناروں پر موجود ہیں۔مرکزی شاہراہ سے ایک لنک روڈ مندر تک لے جاتا ہے جو ایک خوبصورت علاقے کریوا کالونی کے آخر میں واقع ہے۔ بجبہارہ میں یہ واحد مندر نہیں ہے، بلکہ یہاں کئی دیگر مندر بھی ہیں، جیسے ویجیشور مندر، ہر جی لال مندر اور ٹیلی محلہ میں واقع ایک اور مندر۔ ان مندروں میں سے کچھ کی دیکھ بھال مقامی مسلمان کر رہے ہیں، خاص طور پر 1989-90 میں کشمیری پنڈتوں کی بڑے پیمانے پر ہجرت کے بعد۔ مندر کی دیکھ دیکھ مسلمانوں نے کی

ہم اس مندر (جیا دیوی) کی دیکھ بھال اس وقت سے کر رہے ہیں جب سے ہمیں یہ ذمہ داری دی گئی_ ان خیالات کا اظہار مقامی رہائشی پرویز احمد شیخ نے آواز-دی وائس سے بات چیت کرتے ہوۓ کیا۔انہوں نے کہا کہ مسلمان ہونے کے ناطے یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے ہمسایوں کی جائیداد کی حفاظت کریں، جنہوں نے ہم پر بھروسہ کیا، یہ ذمہ داری پہلے ان کے والد غلام نبی شیخ نے سنبھالی، جو اب جموں و کشمیر حکومت کی ملازمت سے سبکدوش ہو چکے ہیں۔ پرویز احمد کے بھائی بلال احمد شیخ نے بھی ابتدائی سالوں میں اپنے والد کی مدد کی۔ بلال احمد کے مطابق،شروع کے سالوں میں یہ بہت مشکل تھا، لیکن وقت کے ساتھ حالات بہتر ہوتے گئے اور اب کافی حد تک بدل چکے ہیں۔

سالانہ تہواروں کے موقع پر کشمیری پنڈت، جو وادی سے ہجرت کرچکے ہیں اور کچھ جو کشمیر کے مختلف علاقوں میں رہائش پذیر ہیں، مندر میں پوجا کے لیے جمع ہوتے ہیں۔ پرویز احمد نے بتایا کہ یہ پنڈت ہجرت کے بعد بھی ان تہواروں کے دوران یہاں آتے رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امر ناتھ یاترا، نوراتری، مہا شیوراتری اور رکشا بندھن کے مواقع پر تقریباً 100 سے 150 عقیدت مند مندر میں پوجا کے لیے آتے ہیں۔

قصبے کے دیگر مندروں میں شامل ہیں

ایکادش رودر مندر (ہریش چندر گھاٹ پر)

ماتا وجیا دیوی شکتی استھل (دریائے جہلم کے بائیں کنارے پر)

ویجیشور دیوستھان ٹرسٹ (سابقہ دیوستھان پر بندھک کمیٹی) کے ویریندر موہن بھٹ نے آواز-دی وائس سے فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بجبہارہ ہندوؤں، خاص طور پر کشمیری پنڈتوں کے درمیان ‘منی کاشی’ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ مسلم خاندان کئی دہائیوں سے جیا دیوی مندر کی دیکھ بھال کر رہا ہے اور تہواروں کے دوران عقیدت مندوں کے لیے بہت مددگار ثابت ہوا ہے۔یہ مندر چھ کنال سے زیادہ زمین پر محیط ہے، جسے گزشتہ سال باڑ لگا کر محفوظ بنایا گیا اور کچھ زمین کو تجاوزات سے پاک بھی کیا گیا۔

بجبہارہ کی تاریخی اہمیت

مشہور مورخ کلہن نے اپنی کتاب راج ترنگنی میں لکھا ہے کہ بجبہارہ قصبے کی تعمیر راجہ وجے آنند نے ویجیشور مندر کے ارد گرد کی تھی، اور اسی وجہ سے قصبے کا نام بجبہارہ پڑا۔ اس مندر اور قصبے کا ذکر نیل مت پران، کلہن کی راج ترنگنی اور تاریخ حسن میں بھی ملتا ہے۔بجبہارہ، جو اپنے گھنے چناروں کے لیے مشہور ہے، کئی مسلم زیارت گاہوں کا بھی مرکز ہے۔ ان میں سب سے مشہور زیارت بہاء الدین گازی رحمتہ اللہ علیہ کی ہے، جو کہ سہروردیہ سلسلے کے صوفی، شاعر اور عالم تھے۔ یہاں سالانہ عرس کے موقع پر دمبلی کا انعقاد ہوتا ہے۔

نادی مرگ کا ارادے نریشور مندر 20 سال بعد کھلا

دریں اثنا، جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں واقع نادی مرگ گاؤں کے ارادے نریشور مندر کو 5 اکتوبر 2023 کو 20 سال بعد دوبارہ کھولا گیا، جو ایک اہم روحانی اور ثقافتی موقع تھا۔ یہ مندر 23 مارچ 2003 کی رات کو انتہا پسندوں کے ہاتھوں 24 کشمیری پنڈتوں کے قتل کے بعد بند کر دیا گیا تھا۔

 دراصل5 اکتوبر 2023 کو، کشمیری پنڈت برادری کے عقیدت مندوں نے مندر میں پوجا کی اور مورتی استھاپنا (مورتی کی تنصیب) پوجا مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ ادا کی۔

انتظامیہ کا تعاون

ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) کولگام، اتھر عامر خان نے مندر کا دورہ کیا، عقیدت مندوں سے ملاقات کی اور انہیں انتظامیہ کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ضلع انتظامیہ نے نادی مرگ تک سڑک تعمیر کی اور علاقے میں مزید ترقیاتی منصوبے شروع کیے۔

سابقہ ڈپٹی کمشنر شوپیاں، محمد شاہد سلیم ڈار نے بھی مندر کا دورہ کیا، جہاں کشمیری پنڈت برادری کے افراد نے پوجا میں شرکت کی۔یہ پوجا تقریب 20 سال کے وقفے کے بعد منعقد ہوئی، جسے امن اور خوشحالی کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔تقریب میں مقامی مسلم کمیونٹی اور ضلعی و سب ڈویژنل حکام نے بھی شرکت کی۔ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور تمام ضروری سہولیات فراہم کی گئیں۔ڈپٹی کمشنر نے کشمیری پنڈتوں کے خالی گھروں اور اراضی کا بھی دورہ کیا اور ان کی فلاح و بہبود کے متعلق مسائل سنے، جس میں کمیونٹی ہال یا یاترا بھون کی تعمیر کا مطالبہ شامل تھا۔ ڈی سی نے فوری کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔