ریختہ کا ایک ویب سائٹ سے آگے کا سفر : ایپ کے ساتھ ،ہاتھوں میں پہنچنے میں کامیابی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 14-12-2024
ریختہ  کا  ایک ویب سائٹ سے آگے کا سفر  : ایپ کے ساتھ ،ہاتھوں میں  پہنچنے میں کامیابی
ریختہ کا ایک ویب سائٹ سے آگے کا سفر : ایپ کے ساتھ ،ہاتھوں میں پہنچنے میں کامیابی

 

ڈاکٹر حیدر علی 

ریختہ کا سفر ایک ویب سائٹ کے ساتھ شروع ہوا تھا لیکن اس کے بعد سنجیو صراف کے جوش اور جذبے کے سبب اس نے کئی منزلیں طے کیں ۔کئی سنگ میل قائم کئے اور نئے ہدف مقرر کئے۔ جس کے سبب ریختہ نے ایک تحریک بن کر اردو دنیا کو اپنے آغوش میں لے لیا ۔ شاعری کی ویب سائٹ کے بعد  جہاں ای بکس کا پروجیکٹ کامیابی کی ایک کہانی بنا ،وہیں صوفی نامہ کی ویب  سائٹ نے بھی ہلچل پیدا کی لیکن سب سے اہم رہا اردو کو گیجیٹس سے جوڑنے کی پہل ۔ ریختہ کے ایپ نئے دور میں اردو کو ہر کسی کے ہاتھوں میں پہنچانے میں کامیاب رہے ۔

نئی ریختہ ایپ: عاشقان اردو  کے لیے ایک اور تحفہ:

ریختہ ویب سائٹ کا آغاز اب سے  بارہ سال پہلے چند شاعروں کی تخلیقات اور ادیبوں کی لکھی کچھ کتابوں سے ہوا تھا لیکن آج ریختہ ویب سائٹ دنیا بھر میں کسی بھی زبان اور اس کے ادب کا سب سے بڑا ذخیرہ رکھنے والی ویب سائٹ کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ اس چھوٹے سے عرصے میں ریختہ  کےلیے جو بڑی حصولیابیاں رہی ہیں ان میں اردو کی تمام اچھی شاعری، نثر ی تحریریں، اردو ای- لرننگ پورٹل اور 90ہزار سے زیادہ اردو   ای-کتابوں کی مفت فراہمی ہے۔

ریختہ فاؤنڈیشن ڈیجٹل اسپیس میں اردو کی ترقی اور ترویج کے لیے مسلسل  کام کرتی جارہی ہے۔اس سلسلے کی ایک اہم کڑی ریختہ ویب سائٹ کی نئی اینڈرائیڈ ایپلیکیشن  کا اجرا ہے۔ ریختہ ایپلیکیشن پلے اسٹور اور ایپ اسٹور پر پہلے بھی موجود تھی لیکن نئی ریختہ ایپ ٹیکنالوجی کے جدید معیار، صارفین کی نئی توقعات اور سہولت کو سامنے رکھ کر بنائی گئی ہے۔ یہاں آپ بہت آسانی  سے اپنی پسند کی شاعری، شاعر،  کہانیاں، اور دیگر ادبی تحریریں تلاش کرسکتے ہیں اور پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اپنی پسندیدہ تحریروں کا ذاتی گوشہ بنا سکتے ہیں۔ ریختہ ایپ پر اس وقت  چارہزار سے زیادہ شاعروں کی ستر ہزار سے زیادہ تخلیقات، تقریبا چار ہزار اردو کہانیاں اور مضامین مفت دستیاب ہیں۔ اور اس میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

ایپ کے اس نیے ورژن میں ایک اہم اضافہ نثری تحریروں کی شمولیت ہے۔ اس وقت ریختہ ایپ پر چار ہزار سے زیادہ کہانیاں، مضامین، خاکے اور مزاحیہ تحریریں پڑھی جاسکتی ہیں۔

ریختہ اپلیکیشن:

ریختہ اپلیکیشن  بھی ریختہ ویب سائٹ کی طرح اردو، دیوناگری اور رومن تینوں رسم الخط میں مواد فراہم کرتی ہے۔ مزیدیہ کہ قرأت کی آسانی کے لیے تمام متون کے ساتھ انبلٹ  لغت کے ذریعے کوئی بھی قاری کسی بھی لفظ کے معنی لفظ پر کلک کرے قرأت کے دوران ہی جان سکتا ہے۔  انبلٹ لغت کے علاوہ  ’ریختہ لغت‘ ریختہ ویب سائٹ اور ریختہ ایپ کا ایک اہم فیچر ہے۔ ریختہ کی کوشش رہی ہے کہ ایک ایسی لغت تیار کی جائے جو اردو  الفاظ کے معنی اردو کے ساتھ ہندی اور انگلش تینوں زبانوں میں فراہم کرے۔ ریختہ کا یہ پراجیکٹ دنیا بھر میں اردو کی سب سے بڑی اردو لغت بنانے  کا پراجیکٹ ہے۔ ابھییہ اپنے ابتدائی مرحلے میں اور ریختہ ٹیم اس کے لیے ہر روز ایک نیے جذبے کے ساتھ کام کررہی ہے۔ فی الحال آپ ریختہ ایپ میں لغت کے ابتدائی ورژن سے استفادہ کرسکیں گے۔

مصوَّر شاعری اور  شاعروں کی اپنی آواز اور دیگر فن کاروں کی آواز میں ہزاروں آڈیوز اور ویڈیوز ریختہ ایپ کے دو اور اہم سیکشن ہیں۔ ریختہ کی کوشش رہی ہے کہ تمام شاعروں کی آوازوں کو ان کی شاعری کے ساتھ محفوظ کیا جائے۔ اس سلسلے میں ریختہ کی کوششیں کامیاب رہیہیں اور اس وقت ریختہ ایپ پر سات ہزار آڈیوز اور ویڈیوز سے لطف اندوز ہوا جاسکتا ہے۔

اگر آپ اردو زبان وادب سے دلچسپی رکھتے ہیں اور صرف ایک کلک میں اپنی موبائل اسکرین پر اردو شاعری، کہانیاں، مضامین، مزاحیہ  تحریریں پڑھنا چاہتے ہیں تو ریختہ ایپ آپ کے لیے ایک بیش قیمت تحفے سے کم نہیں۔ آپ ریختہ ایپ پلے اسٹور  یا ایپ اسٹو ر سے ڈاؤنلوڈ کرسکتے ہیں۔

قافیہ ڈکشنری پروجیکٹ:

ریختہ پر موجود تمام غزلوں کے قوافی کو اکٹھا کر دیا گیا ہے اور اس کی ترتیب اس طرح دی گئی ہے کہ سرچ باکس میں آپ جو بھی قافیہ سرچ کریں گے، رزلٹ میں اس کے ہم قافیہ لفظ سجھائے جائیں گے۔ بلکہ اس میں قافیہ کے وزن کا بھی لحاظ کیا گیا ہے۔

ریختہ سہ لسانی ڈکشنری:

زبانوں  کے تہذیبی ذخیرے کی کثیر الجہات معنویت  کومحفوظ کرنے میں لغت نویسی نے ایک ہر دور میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔ الفاظ کے معنی سیاسی حالات، معاشی صورتحال، موسمی تبیدیلیوں اور دیگر عوامل کے زیر اثر  پھیلتے سکڑتے رہتے ہیں اور لفظیات کی نت نئی درجہ بندیاں بنتی مٹتی رہتی ہیں۔ ہر دور میں لفظیات کی کتنی نئی درجہ بندیاں تشکیل دی گئیں اور کتنی منسوخ ہوئیں، اسکا اندازہ ہم مفصل فرہنگوں اور لغات سے بخوبی کر سکتے ہیں۔  ریختہ ڈکشنری بھی لغت نویسی کی اسی سنہری روایت کی ایک اہم کڑی ہے جسکا مقصد اردو الفا ظ میں چھپے ادبی اور تہذیبی سرمائے کو از سر نو محفوظ کیا جائے الفاظ کے اندر معانی کی تحدید اور توسیع کا سفر تاکہ آنے والی نسلوں تک منتقل کیا جا سکے۔ 

یہ ڈکشنری ریختہ فاؤنڈیشن کی محنتوں کا پھل ہے ۔ واضح رہے کہ ریختہ فاوٗنڈیشن کے  ایک غیر منفعتی ادارہ ہے جو  ایک دہائی  سے اردو زبان اور ادب کے فروغ کے لیے کام کر رہا ہے۔

اردو شاعری اور ادب کے ذخیرے کو اور زیادہ قابل استعمال بنانے کے لیے ریختہ نے اردو، ہندی اور انگریزی کی ایک لغت تمام متون کے ساتھ in-built  کی تھی تاکہ ویب سائٹ پر موجود ہر لفظ کے معنی، لفظ پر کلک کرتے ہی سامنے آجائیں اور کوئی مشکل لفظ قرأت میں رکاوٹ نہ بن سکے۔

ڈکشنری کی منتخبہ خاصیات درج ذیل ہیں؛

1-برق رفتار سرچ باکس – جو  معنی تک بسہولت پہونچنے میں مدد

2-ارددو، ہندی انگریزی زبانوں میں اردو الفاظ کےمعنی

3-ہر اردو لفظ کا اردو، ہندی اور رومن رسم الخط میں لکھنے کا درست طریقہ

4-الفاظ   کا درست تلفظ

5-شعری مثالیں

6-لفظوں کا مأخذ اور متنوع 7-لسانی خصوصیات کی تفصیلات

8-مترادفات اور متضاد  الفاظ

9-محاورے، کہاوتیں، ضرب الامثال اور روزمرہ کا زریں ذخیرہ

10-ہم وزن اور ہم قافیہ الفاظ کی نشاندہی

یقینایہ ڈکشنری ڈیجیٹل دنیا میں اردو کی بنیادوں کو مزید مستحکم کرنے ایک اہم رول ادا کریگی۔ مختلف طبقوں، گروہوں اور مذہبوں کے لوگوں کی اردو زبان میں بڑھتی ہوئی دلچسپی اس بات کی متقاضی تھی کہ تمام اردو الفاظ کو ان کی تمام خصوصیات کے ساتھ عام لوگوں کی دسترس میں لائے جائے۔ اور کوئی بھی شخص کسی رسم الخط سے ناواقفیت کی بنا پر اردو لفظوں کی معنی جاننے سے محروم نہ رہ جائے۔ انٹرنیٹ پر  ایک  قابل اعتبار اردولغت کی عدم دستیابی باذوق شائقین اور قارئین کے راستے کا پتھر بنتی رہی ہے۔ امیدیہ کہ اب انکا راستہ آسان ہو جائیگا۔ کیونکہ ریختہ سہ لسانی لغت کےاجرا کے بعد ہر شخص جو اردو، دیوناگرییا رومن رسم الخط جانتا ہے اردو الفاظ کے معنی تک بآسانی گھر گھر بیٹھے بیٹھے رسائی حاصل کر سکتا ہے۔

ریختہ ڈکشنری کے آنے کے بعد صورتحال یہ ہوگی کہ کوئی بھی شخص صرف ایک سرچ باکس کی مدد سے کسی بھی اردو لفظ کی تمام جہتوں سے واقف ہو سکتا ہے۔ وہ اپنی پسند کی زبان میں لفظوں کے معنی جان سکتا ہے۔  لفظ کیسے استعمال کیا جاتا ہے اس کی مثالیں اس کے سامنے ہوں گی۔ صرف ایک کلک پر لفظ کا درست تلفظ سے سنا جا سکے گا۔ لفظ اردو، ہندی اور رومن میں کیسے لکھا جاتا ہے ، اس  کا مأخذ ، قواعدی خصوصیات ، مترادفات، متضاد الفاظ، اس لفظ سے بننے والے والے محاورے اور کئی متعلقہ باتیں جانی جا سکیں گی۔

ریختہ لرننگ:

ریختہ فاؤنڈیشن نے ریختہ لرننگ کے نام سے ایک نئی ویب سائٹ ، دسمبر 2023 میں لانچ کی۔ جس کا مقصد اردو زبان کو اس کے  شیدائیوں تک  پہنچانا ہے۔ اس پلیٹ فارم پر اردو زبان و ادب اور تہذیب سے متعلق مختلف موضوعات پر ویڈیو اور انٹریکٹو کورسز دستیاب ہیں۔ اردو رسم الخط ہو یا پھر اردو شاعری کی تاریخ ، تلفظ کا مسئلہ ہو یا اظہار کی سطح پر اردو لفظوں کا خوبصورت استعمال، ریختہ لرننگ نے بہت آسانی سے، اردو زبان کو سیکھنے کا ایک خوبصورت موقع فراہم کیا ہے۔ اس ویب سائٹ پر غزل رائٹنگ، اردو کمیونیکیشن، اردو زبان و تلفظ، اردو الفاظ، عروض اور ترقی پسند ادب سے متعلق کورسیز موجود ہیں۔اس کے علاوہ ریختہ لرننگ اردو غزل، اردو اسکرپٹ اور تلفظ پر لائیو کلاسز بھی فراہم کرتا ہے، جس میں ہندوستان اور بیرون ممالک سے ہر عمر کے افراد دلچسپی کے ساتھ حصہ لیتے ہیں، نیز  غزل اور اردو اسکرپٹ کے دو بیچ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئے ہیں۔ ریختہ لرننگ ہندوستان اور اس سے باہر کے ممالک میں اردو زبان سیکھنے والوں کے لیے ایک بہت کارگر پلیٹ فارم کے طور پر کام کر رہا ہے۔

ریختہ کویز:

ریختہ کویز بھی ایک نہایت اہم سلسلہ ہے۔ یہ ابھی تازہ ترین فیچر ہے جو ریختہ پر پیش کیا گیا ہے۔ اس زمرے میں ہر صارف کو ریختہ ویب سایٹ کھولتے ہیریختہ کویز‘  فیچر  نظر آ جائے گا۔ ہر دن اس کو  دس نئے سوالوں کا سامنا کرنا پڑے گا، جو اردو ادب فلم ادبی تاریخ سے متعلق ہوں گے۔ اس کی پرسنل اسکورنگ بھی ہو گی جو بعد صارف اپنا اسکور دیکھ سکے گا۔ اس کے ریختہ کو ایک بار لاگ ان کرنا پڑے  گا۔ پھر اس کے لئے جہان کویز تیار رہے گا۔ اس سلسلے کو مزید دلچسپ بنانے کی سمت میں کام جاری ہے۔

ریختہ پبلی کیشنز:

ریختہ پبلیکیشنز اُردو ادب کی دنیا میں ایک نمایاں اور معزز نام ہے۔ یہ ادارہ اُردو شاعری اور نثر کی میراث کو محفوظ کرنے اور اس کے فروغ کے عزم کے ساتھ قائم کیا گیا تھا، اور آج یہ اُردو ادب کے شائقین، محققین اور محبت کرنے والوں کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم بن چکا ہے۔ ریختہ پبلیکیشنز اپنے وسیع دائرہ کار کے لیے معروف ہے، جس میں کلاسیکی اور معاصر اُردو شاعری، نثر، تراجم اور تنقیدی مطالعے شامل ہیں۔

ریختہ کا بنیادی مقصد اُردو ادب کی اصل روح کو زندہ رکھنا اور اسے دنیا بھر کے قارئین تک پہنچانا ہے۔ یہ ادارہ میر ،  مرزا غالب، فیض احمد فیض اور دیگر عظیم شاعروں کی تخلیقات کے ساتھ ساتھ معاصر اُردو شاعروں کی آوازوں کو بھی شائع کرتا ہے۔ ان کی کتابیں عموماً خوبصورتی سے پیش کی جاتی ہیں اور اُردو کی ادبی روایت کی گہرائی اور تنوع کو اجاگر کرتی ہیں۔ ادارہ شاعری کی اسی کتابیں، جن میں میر و غالب سے لیکر فیض و فراق ،فرحت احساس اور نعمان شوق جیسے شعرا کا نمائندہ کلام شایع کیا جا چکا ہے۔ نثر کی گیارہ کتابیں جن میں منٹو، پریم چند اور انتظار حسین جیسے عظیم افسانہ نگاروں کی منتخب کہانیاں شامل ہیں۔ غیر نثری تقریباً دس کتابوں میںیادگار غالب اور ذکر میر جیسی شاہکار کتابیں شایع کر چکا ہے۔طنز و مزاح کی تقریباً دس کتابوں میں رتن ناتھ سرشار سے لیکر پطرس بخاری اور مشتاق احمد یوسفیجیسے مایاناز قلم کار شامل کیے ہیں، ریختہ لرننگ کی تقریباً دس کتابوں میں ہم نے اردو غزل کے فن کے حوالے سے لیکر ریختہ اردو لرننگ گائیڈ اور تہذیبی لغات اور نۓاردو سیکھنے والوں کے لئے اردو ڈکشنری بھی تیّار کی ہے۔ ترجمے کی چودہ کتابوں میں کلاسیکل اردو شاعروں کے کلام سے لیکر ساحر اور فراق کو بھی انگریزی زبان میں بہت اہتمام کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ ریختہ نے تقریباً دس سے زیادہ اردو ناولوں میں امراؤ جان،  موت کی کتاب، مرگ دوام، ہیچ، نو لکھی کوٹھی اور آسمان منزل جیسے اہم اور مشهور ناولوں کو شایع کر کے ایک نیا کارنامہ سر انجام دیا ہے۔ اس کے علاوہ ریختہ تین کتابیں ادب اطفال پر بھی شایع کر چکا ہے۔ان اقدام نے اُردو ادب کو عالمی سطح پر متعارف کرانے اور اس کی ثقافتی اہمیت کی مزید قدر دانی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

جشن ریختہ:

مارچ 2015ءمیں پہلی بار دہلی کے انڈیا انٹرنیشنل سنٹر میں ریختہ کی جانب سے اردو کا عالمی جشنجشن ریختہکے عنوان سے برپا کیا گیاجس میں اردو زبان اور ادب کے تمام تر ادبی، علمی اور دانش ورانہ پہلوؤں کے ساتھ ساتھ اس کے تمام تر رنگوں، خوشبوؤں اور ذائقوں کو اردو دوستوں کی ایک بہت بڑے حلقے، خاص طور پر غیر اردو داں لوگوں تک پہنچانے کے لئے علمی مذاکرات روبہ رو گفتگوؤں، مشاعرے، موسیقی کی محفلوں، قوالی، داستان گوئی، ڈراموں اور متن خوانی کی تقریبات کا اہتمام شامل تھا۔ ان تقریبات میں ہندوستان، پاکستان، امریکہ اور کناڈا کے نہایت ممتاز ادیبوں، شاعروں، نقادوں دانش وروں، گلوکاروں اور دیگر فن کاروں کے علاوہ اردو دوستوں کی ایک بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔جشن میں شریک لوگوں اور میڈیا رپورٹوں کے مطابق یہ ہندوستان میں برپا کیا جانے والا اولین جشن تھا جس نے دہلی اور پورے ملک میں اردو کو گھر گھر میں ذکر موضوع اور شوق و ذوق کا مرکز بنا دیا۔اس جشن کے دوران اردو کا پہلا ترانہسر چڑھ کے بولتا ہے اردو زباں کا جادوبھی جاری کیا گیا جو دھیرے دھیرے ساری دنیا میں محبان اردو کا نعرہ عشق بنتا جارہا ہے۔ریختہ کی پیش قدمی جاری ہے اور اس کے ساتھ اردو زبان، اردو شاعری اور اردو تہذیب کو ساری دنیا پر حکمراں بنانے کا عمل جو اردو والوں کی شرکت سے ہمیشہ یوں ہی جاری رہے گا۔آپ کو بتا دیں کہ 2023 میں پہلی بار لندن میں جشن ریختہ  منعقد ہوا اس کے علاوہ پچھلے دو سال سے لگاتار دبئی میں کامیاب جشن ریختہ  یعنی اردو کا جشن ہو رہا ہے اور اردو کے سائقین لطف اندوز ہو رہے ہیں۔اس دسمبر 13 سے 15جشن ریختہ کا اٹھواں ایڈیشن دہلی کے جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم میں منعقد ہونے جا رہا ہے