گال:: آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ نے بدھ کو سری لنکا کے خلاف گال انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن اپنے ٹیسٹ کیریئر کے 10 ہزار رنز مکمل کر لیے۔ اسمتھ نے میچ کا آغاز 9,999 رنز سے کیا اور اپنی پہلی گیند پر پرباتھ جے سوریا کے خلاف ایک رن لے کر یہ سنگ میل عبور کرنے والے 15ویں ٹیسٹ بلے باز اور چوتھے آسٹریلوی کھلاڑی بن گئے۔
اسٹیو اسمتھ سٹیو اسمتھ دو جون 1989 کو کوگاراہ، سڈنی، نیو ساؤتھ ویلز، آسٹریلیا میں پیدا ہوئے۔ ان کا پورا نام سٹیون پیٹر ڈیورکس اسمتھ ہے۔ ان کے والد، پیٹر اسمتھ، ایک کیمسٹ تھے اور ان کی والدہ، جلیان اسمتھ، ایک گھریلو خاتون تھیں۔ اسمتھ نے 17 سال کی عمر میں انگلینڈ منتقل ہو کر کلب کرکٹ کھیلی۔ بعد میں وہ آسٹریلیا واپس آئے اور آسٹریلوی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا حصہ بنے۔
انہوں نے 2010 میں پاکستان کے خلاف ٹی 20 میچ میں بین الاقوامی ڈیبیو کیا اور اسی ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے ڈیبیو بھی کیا۔ ابتدائی طور پر اسمتھ کو لیگ سپنر کے طور پر منتخب کیا گیا تھا، لیکن بعد میں وہ بلے بازی میں بہتر کارکردگی کی وجہ سے اوپر آئے اور چھا گئے۔ انہوں نے 2013 میں آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی کی اور 2015 میں مائیکل کلارک کے بعد کپتانی سنبھالی۔ اسمتھ نے 2015، 2016، اور 2017 میں دنیا کے بہترین ٹیسٹ بلے باز کے طور پر رینکنگ حاصل کی۔ اسمتھ 2015 اور 2023 میں کرکٹ ورلڈ کپ، 2021 میں ٹی 20 ورلڈ کپ، اور 2023 میں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیموں کا حصہ رہے ہیں۔ ان کی شاندار کارکردگی کی وجہ سے انہیں کئی ایوارڈز ملے ہیں، جن میں سر گارفیلڈ سوبرز ٹرافی (2015)، آئی سی سی ٹیسٹ پلیئر آف دی ایئر (2015، 2017)، اور ایلن بارڈر میڈل (2015، 2018، 2021، 2023) شامل ہیں