راجکوٹ: ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری پانچ ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کے تیسرے میچ میں انگلینڈ نے انڈیا کو 26رنز سے شکست دے دی ہے۔
منگل کو راجکوٹ کے نرنجن شاہ اسٹیڈیم میں انگلینڈ کے 171 رنز کے تعاقب میں ہندوستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز ہی بنا سکی۔ انگلینڈ کی جانب سے سات برس بعد ہندوستان کو اس کے ہوم گراؤنڈ میں شکست دی گئی۔ میزبان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو انگلینڈ نے بیٹنگ کرتے ہوئے 171 رنز کا ہدف دیا۔ انگلینڈ کی جانب سے بین ڈک 51، جوس بٹلر 24 اور لائم لونگ سٹون 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
ہندوستان کی جانب سے ورن چکرویتی نے عمدہ بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کی۔ ان کے علاوہ ہاردک پانڈیا نے دو، راوی بسونی اور اکشر پٹیل نے ایک ایک انگلش کھلاڑی کو پویلین روانہ کیا۔ محمد شامی جو انجری اور فٹنس کے دوسرے مسائل کا شکار ہونے کی وجہ سے ٹیم سے باہر تھے، نے اس میچ میں انٹرنیشنل کرکٹ میں کم بیک کیا۔