نئی دہلی ::انڈین پریمیئر لیگ(IPL) 2025 کا تازہ ترین ایڈیشن شروع ہونے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ اس مقبول ترین لیگ کا 18واں سیزن 22 مارچ سے آغاز کر رہا ہے، اور شائقین ایک بار پھر اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں۔ بی سی سی آئی (بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا) نے سیزن کے آغاز سے قبل کپتانوں کی میٹنگ کا اہتمام کیا، جس میں تمام 10 ٹیموں کے قائدین کو قوانین اور میڈیا کمیٹمنٹس کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔مزید برآں، میٹنگ کے بعد، کپتانوں کو گیٹ وے آف انڈیا کے سامنے آئی پی ایل ٹرافی کے ساتھ تصویریں کھنچواتے ہوئے بھی دیکھا گیا، جو ٹورنامنٹ کی شاندار روایت کا حصہ بن گیا ہے۔
یہ 10 کھلاڑی قیادت کے فرائض انجام دیں گے
اس سیزن میں پیٹ کمنز، شریاس آئیر، رشبھ پنت، سنجو سیمسن، ہاردک پانڈیا، اجنکیا رہانے، شبمن گل، رتوراج گائیکواڑ، راجت پاٹیدار، اور اکشر پٹیل اپنی اپنی ٹیموں کی قیادت کریں گے اور آئی پی ایل 2025 میں اپنی ٹیموں کو جیت کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پُرعزم ہوں گے۔
بی سی سی آئی نے قوانین میں بڑی تبدیلیاں کیں
کپتانوں کی میٹنگ کے دوران، بی سی سی آئی نے کچھ اہم نئے ضوابط کا اعلان کیا، جن میں سب سے بڑی تبدیلی گیند کو چمکانے کے لیے تھوک کے استعمال کی اجازت دینا ہے۔ یہ قانون کووڈ-19 کی وبا کے دوران متعارف کرایا گیا تھا، لیکن اب آئی پی ایل پہلا بڑا کرکٹ ٹورنامنٹ بن گیا ہے جس نے دوبارہ تھوک کے استعمال کی اجازت دے دی ہے۔
Iconic location 😍
— IndianPremierLeague (@IPL) March 20, 2025
Iconic trophy 🏆
🔟 captains all in readiness 💪
🥁 Let #TATAIPL 2025 begin 🥁 pic.twitter.com/23Nry0ZSyk
اس کے علاوہ، سلو اوور ریٹ (یعنی وقت پر اوور مکمل نہ کرنے) پر کپتانوں کی معطلی کا قانون بھی ختم کر دیا گیا ہے، کیونکہ ماضی میں اس قانون کی وجہ سے کئی بڑے کھلاڑی اہم میچوں سے باہر ہو چکے تھے۔ مزید برآں، دوسری اننگز میں ٹیم کو دو نئی گیندوں کے استعمال کی اجازت دی گئی ہے تاکہ شبنم(Dew) کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔
آئی پی ایل 2025— ایک سنسنی خیز ٹورنامنٹ کی امید
ان اہم قواعد و ضوابط میں تبدیلیوں کے ساتھ، آئی پی ایل 2025 ایک بار پھر ایک دلچسپ اور سنسنی خیز ٹورنامنٹ بننے جا رہا ہے۔ تمام 10 ٹیمیں بہترین کارکردگی دکھانے اور چمچماتی ہوئی آئی پی ایل ٹرافی اپنے کے لیے میدان میں اتریں گی۔