علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے دو طلبہ نے ڈاکٹر کرنی سنگھ شوٹنگ رینج، نئی دہلی میں منعقدہ 67ویں نیشنل شوٹنگ چیمپئن شپ (11 دسمبر 2024 تا 19 جنوری 2025) میں اپنی شاندار کارکردگی سے ادارے کا نام روشن کیا ہے۔
اے ایم یو کے سینئر سیکنڈری اسکول (گرلز) کی گیارہویں جماعت کی طالبہ صبیرہ حارث نے خواتین کے ٹریپ شاٹ گن مقابلے میں چار تمغے— دو گولڈ اور دو سلور— حاصل کر کے تاریخ رقم کی۔ جونیئر اور سینئر دونوں زمروں میں مقابلہ کرتے ہوئے انھوں نے شاندار 111/125 کا اسکور کیا اور دونوں زمروں میں وہ ٹاپ چھ فائنلز میں پہنچنے میں کامیاب رہیں۔ صبیرہ نے اتر پردیش کی نمائندگی کرتے ہوئے انفرادی مقابلوں میں چاندی کا تمغہ اور مکسڈ ٹیم ایونٹ میں سونے کا تمغہ جیتا۔ وہ ہندوستانی شوٹنگ کی تاریخ کی پہلی جونیئر لڑکی ہیں جنھوں نے ایسا شاندار کارنامہ انجام دیا ہے۔
بی ٹیک کے دوسرے سال کے طالب علم زہیر خان نے جونیئر ٹریپ شوٹنگ (انفرادی) زمرہ اور ٹریپ شوٹنگ ٹیم ایونٹ میں اتر پردیش کی نمائندگی کرتے ہوئے دو کانسے کے تمغے جیتے۔ انھوں نے سینئر فائنلز کے لیے کوالیفائی کیا، جس میں وہ چوتھے مقام پر رہے۔ تجربہ کار قومی اور ایشیائی چیمپئنز سے مقابلہ کرتے ہوئے زہیر نے غیر معمولی عزم کا مظاہرہ کیا۔ جونیئر زمرہ میں بھی ان کی کارکردگی قابل تعریف رہی، حالانکہ وہ صرف ایک پوائنٹ سے چاندی کے تمغہ سے دور رہے۔ انھوں نے بہرحال ہندوستانی شاٹ گن شوٹنگ کے منظرنامے پر ایک ابھرتے ہوئے ستارے کے طور پر اپنی ساکھ کو مضبوط کیا ہے۔
اے ایم یو کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے صبیرہ اور زہیر کو ان کی کامیابیوں کے لیے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کارکردگی یونیورسٹی کی کھیلوں کی شاندار تاریخ و ثقافت کی عکاسی کرتی ہے۔