راولپنڈی :ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے ساتھ ایک اور المیہ ہوا ۔ جب بنگلہ دیش نے پاکستان کو زیر کرلیا۔ پاکستان ٹیم کی بنگلہ دیش سے پہلی بار ٹیسٹ میں شکست کے بعد کپتان شان مسعود نے قوم سے معافی مانگ لی ہے۔ اتوار کو راولپنڈی میں پہلے ٹیسٹ میچ کے اختتام کے بعد پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے شان مسعود کا کہنا تھا کہ ’مایوسی ہم سب کو ہے، پوری قوم کو ہے، ٹیم کا کپتان ہونے کے ناطے پوری قوم سے، فینز سے معذرت کرتا ہوں وہ نتیجہ نہیں دے سکے جو پاکستان حق رکھتا تھا۔
کپتان شان مسعود نے اعتراف کیا کہ راولپنڈی ٹیسٹ میں اسپنر کو نہ کھلانا غلطی تھی، ان کے خیال میں تین فاسٹ بالرز اور ایک اسپیشلسٹ اسپنر کے ساتھ جانا چاہیے تھا۔ کھلاڑیوں نے اپنا سو فیصد دیا، غلطیاں سب سے ہوتی ہیں، اس وقت ایک دوسرے کو سہارا دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’ہم بطور ٹیم اپنی غلطیوں کو تسلیم کرتے ہیں، ٹیم میں کوئی بھی حد سے ذیادہ خود اعتمادی کا شکار نہیں تھا، غلطیاں سب سے ہوتی ہیں اور ہم سے اس ٹیسٹ میچ میں غلطیاں ہوئی ہیں۔‘ شان مسعود نے کہا کہ ’پہلی اننگز میں مشفق الرحیم اور مہدی حسن میراز کو چانس دیا، فیلڈنگ میں کافی غلطیاں ہوئیں اور کچھ سپیل ایسے تھے جن میں بہت زیادہ رنز بنے، پہلے چار دن وکٹ فاسٹ باؤلرز کے لیے سازگار تھی اور پانچویں دن سپنرز کو مدد ملی۔ گرین پچ کو مدنظر رکھتے ہوئے فاسٹ اٹیک کے ساتھ میدان میں اترے۔‘ پاکستان ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ’بنگلہ دیش کی ٹیم کو کریڈٹ دینا چاہیے انہوں نے کھیل کے تمام شعبوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’موسم کی صورت حال کو ذہن میں رکھتے ہوئے پہلی اننگز جلدی ڈکلیئر کر دی تھی کیونکہ راولپنڈی میں میچ سے قبل بھی بہت زیادہ بارشیں ہوئیں اور میچ کے دوران بھی بارش کے امکانات تھے۔‘ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 30 اگست کو اسی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جو پہلے کراچی میں شیڈول تھا کیوں کہ چیمپیئنز ٹرافی کی تیاریوں کے سلسلے میں نیشنل بینک سٹیڈیم میں تعمیراتی کام دن رات جاری ہے۔