آئی پی ایل : کے کے آر کی پہلی جیت

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 27-03-2025
آئی پی ایل : کے کے آر  کی پہلی جیت
آئی پی ایل : کے کے آر کی پہلی جیت

 

گوہاٹی : کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے انڈین پریمیئر لیگ میں راجستھان رائلز کو برسپارا کرکٹ اسٹیڈیم میں 8 وکٹوں سے شکست دیدی ۔

اس کے ساتھ ہی اجنکیا رہانے کی کپتانی والی کے کے آر ٹیم نے اس آئی پی ایل سیزن میں جیت کا کھاتہ کھول دیا ہے۔ یہ ٹیم کا صرف دوسرا میچ تھا۔ پہلے میچ میں اسے رائل چیلنجرز بنگلور کے ہاتھوں 7 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔اس سیزن میں راجستھان کی ٹیم کی یہ مسلسل دوسری شکست ہے۔ اس نے اپنا پہلا میچ سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف کھیلا، جس میں اسے 44 رنز کی عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ پہلے تین میچوں میں سنجو سیمسن کے بجائے راجستھان ٹیم کی کمان ریان پراگ کے ہاتھ میں ہے۔

میچ میں ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کرنے والی راجستھان کی ٹیم نے 152 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں کے کے آر نے 17.3 اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔ میچ میں کے کے آر کے اوپنر کوئنٹن ڈی کاک نے 36 گیندوں میں اپنی ففٹی مکمل کی۔

اس کے بعد ڈی کاک نے میچ میں 61 گیندوں پر 97 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ اس دوران انہوں نے 6 چھکے اور 8 چوکے لگائے۔ کپتان رہانے نے 18 رنز بنائے۔ جبکہ امپیکٹ کھلاڑی انگکریش راگھوونشی نے ناقابل شکست 22 رنز بنائے۔ راجستھان کے لیے گیند باز اپنی چھاپ نہیں چھوڑ سکے۔ صرف وینندو ہسرنگا کو 1 کامیابی ملی۔

 راجستھان نے جدوجہد کرتے ہوئے یہ اسکور بنایا میچ میں راجستھان نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے۔ وکٹ کیپر بلے باز دھرو جریل نے ٹیم کے لیے 28 گیندوں میں 33 رنز کی اننگز کھیلی۔ جبکہ یشسوی جیسوال نے 24 گیندوں پر 29 رنز بنائے۔ کپتان ریان پراگ نے 15 گیندوں پر 25 رنز بنائے۔ کے کے آر  ٹیم کی جانب سے ویبھو اروڑہ، ہرشیت رانا، معین علی اور ورون چکرورتی نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس میچ کے لیے رہانے نے کولکتہ کے پلیئنگ 11 میں ایک تبدیلی کی ہے۔ سنیل نارائن کی طبیعت ناساز ہے۔ معین علی اس کی جگہ اندر داخل ہوا۔ دوسری جانب راجستھان کے کپتان ریان پراگ نے بھی ایک تبدیلی کی ہے۔ فضل الحق فاروقی کی جگہ ونیندو ہسرنگا داخل ہوئے۔