کولکتہ : بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اعلان کیا ہے کہ ’انڈین کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ تنظیم کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں۔ آئی سی سی کے موجودہ چیئرمین گریک بارکلے تیسری مدت کے لیے چیئرمین بننے میں دلچسپی نہیں رکھتے جس کے بعد جے شاہ دسمبر میں اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیں گے۔جے شاہ کا کہنا ہے کہ ’میں آئی سی سی کی ٹیم اور تنظیم کے رکن ممالک کے ساتھ مل کر بین الاقوامی سطح پر کرکٹ کے فروغ کے لیے کام کرنے کے لیے پُرعزم ہوں۔‘ انہوں نے اپنی تعیناتی پر آئی سی سی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’ہمارا بنیادی مقصد کرکٹ کو مزید ممالک تک لے جانا اور اس کی مقبولیت میں اضافہ کرنا ہے۔
دنیا کے امیر ترین کرکٹ بورڈ کا سربراہ ہونے سے آئی سی سی کی قیادت تک، 35 برس کے نوجوان کا تیزی سے اُبھرنا کھیل کی بین الاقوامی انتظامیہ پر انڈیا کی بالادستی کو ظاہر کرتا ہے۔ جے شاہ کی عمر 35 برس ہے اور انہیں آئی سی سی کا سب سے کم عمر چیئرمین منتخب ہونے کا اعزاز حاصل ہوگیا ہے۔
گجرات میں پیدا ہونے والے جے شاہ نے پہلی مرتبہ 2009 میں کرکٹ کے انتظامی شعبے میں قدم رکھا اور انہوں نے گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن (جی سی اے) کے جوائنٹ سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دیں۔ سنہ 2015 میں جے شاہ نے بی سی سی آئی میں شمولیت اختیار کی اور چار سال بعد 2019 میں وہ انڈین کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری منتخب ہوئے۔