لندن : انگلینڈ کے آل راؤنڈر معین علی نے آسٹریلیا کے خلاف آئندہ وائٹ بال سیریز میں منتخب نہ ہونے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ 37 سالہ معین نے برطانوی اخبار ڈیلی میل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ یہ "اگلی نسل کے لیے وقت" ہے اور وہ محسوس کرتے ہیں کہ ریٹائرمنٹ کا یہی مناسب وقت تھا۔
انہوں نے کہا، "میں نے اپنی ذمہ داری پوری کر دی ہے۔" معین علی نے مزید بتایا کہ اگرچہ وہ اب بھی اعلیٰ سطح پر کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، لیکن اپنے بین الاقوامی مستقبل کے بارے میں حقیقت پسندانہ ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا۔ میں انگلینڈ کے لیے دوبارہ کھیلنے کی کوشش کر سکتا ہوں، لیکن حقیقت میں، میں جانتا ہوں کہ ایسا نہیں ہوگا۔معین علی نے انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے 68 ٹیسٹ، 138 ایک روزہ اور 92 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے اور انگلینڈ کی وائٹ بال فارمیٹ میں دونوں ورلڈ کپ جیتنے میں اہم کردار ادا کیا۔
حال ہی میں، انگلینڈ کے ہیڈ کوچ میتھیو موٹ کو ون ڈے اور ٹی 20 ورلڈ کپ کے دفاع میں ناکامی کے بعد عہدے سے برطرف کر دیا گیا، جبکہ معین اور جونی بیئرسٹو کو آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے باہر کیا گیا۔ ان فیصلوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ انگلینڈ کا کرکٹ بورڈ مزید تبدیلیاں چاہتا ہے۔معین علی حالیہ برسوں میں جوس بٹلر کے نائب کپتان کے طور پر اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ انگلینڈ بدھ کو ساؤتھمپٹن میں پہلے ٹی 20 میچ سے اپنی سیریز کا آغاز کرے گا۔