ملتان: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ملتان میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کا اختتام میزبان ٹیم کے لیے انتہائی مایوس کن انداز میں ہوا ہے جہاں اس پر ایک اور ہار کے سائے منڈلانے لگے ہیں۔ ملتان میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کھیل کا اختتام ہوا تو پاکستان ٹیم انگلینڈ کے 823 رنز کے جواب میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنا سکی تھی۔ کریز پر سلمان علی آغا اور عامر جمال موجود ہیں جو کھیل کے پانچویں دن دوبارہ اننگز کا آغاز کریں گے۔
انگلینڈ کی جانب سے ہیری بُروک نے 317 رنز بنا کر ٹرپل سینچری سکور کی جبکہ جو روٹ نے 262 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ جو روٹ اور ہیری بروک نے412 رنز کے ساتھ انگلینڈ کی ٹیسٹ پارٹنر شپ کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔ ساتھ ہی ساتھ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم پاکستان میں ٹیسٹ کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ اس سے قبل انڈین کرکٹ ٹیم نے 2004 میں ملتان ٹیسٹ کے دوران 5 وکٹوں کے نقصان پر 675 رنز بنائے تھے۔
تاہم اس صدی میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ٹیم نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ میں 700 سے زائد رنز سکور کیا ہو۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے پاس تھا جس نے 1958 کے ایک ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے خلاف 790 رنز سکور کیے تھے۔ تاہم 800 رنز عبور کرنے والی انگلینڈ کرکٹ ٹیم تاریخ کی پہلی ٹیم ہے جس نے پاکستان کے خلاف رنز کا پہاڑ کھڑا کیا ہے۔ اس سے قبل پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 556 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں شان مسعود 151، سلمان علی آغا 104 اور عبداللہ شفیق 102 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔