ٹوکیو: جاپان نے ہندوستان اور پاکستان سمیت کورونا وائرس کی ڈیلٹا قسم سے متاثر ہونے والے پانچ ممالک کے کھلاڑیوں کے کھیل شروع ہونے سے پہلے روزانہ کی بنیادوں پر سات روز تک ٹیسٹ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کو ٹوکیو اولمپکس میں حصہ لینے سے قبل چار روز تک روزانہ کورونا ٹیسٹس کروانے کا کہا جا رہا ہے۔ ٹوکیو اولمپکس کا آغاز 23 جولائی سے ہو رہا ہے جو کورونا کی وبا کے باعث ایک سال کی تاخیر سے شروع ہو رہی ہے۔
جاپانی حکومت کی جانب سے جن غیر ملکی ایتھلیٹس کے کورونا ٹیسٹ کیے جائیں گے ان میں انڈیا، پاکستان، نیپال، مالدیپ، سری لنکا اور افغانستان شامل ہیں۔ ٹیسٹوں کا سلسلہ یکم جولائی سے شروع ہوگا۔ اولمپکس کے وزیر تامایو ماروکاوا نے جمعے کو کہا تھا کہ یوگنڈا سے آنے والی اولمپک ٹیم کے ایک رکن میں ڈیلٹا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔ انہوں نے اس پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔