ویلنگٹن: پانچ میچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز جیت لی۔
بدھ کے روز ویلنگٹن میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 129 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستان کی جانب سے کپتان سلمان علی آغا 51 رنز بنا کر نمایاں رہے، شاداب خان نے 28 اور محمد حارث نے 11 رنز اسکور کیے۔ دیگر کوئی بھی بلے باز ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکا۔
نیوزی لینڈ کے باؤلرز نے شاندار کارکردگی دکھائی، جیمز نیشم نے پانچ وکٹیں حاصل کیں، جیکب ڈفی نے دو جبکہ بین سیئرز اور ایش سوڈھی نے ایک ایک وکٹ لی۔
جواب میں نیوزی لینڈ نے ہدف صرف 10 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ٹم سیفرٹ 97 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر نمایاں رہے، جبکہ فن ایلن نے 27 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے واحد کامیاب باؤلر سفیان مقیم رہے، جنہوں نے دونوں وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی اننگز
پاکستان کی جانب سے محمد حارث اور حسن نواز نے اننگز کا آغاز کیا، مگر دوسرے اوور میں ہی حسن نواز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ حسن نواز اس سیریز میں تین بار صفر پر آؤٹ ہوئے، جبکہ ایک میچ میں انہوں نے اپنے کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی تھی۔
پاکستان کو دوسرا نقصان محمد حارث کی صورت میں اٹھانا پڑا، جو 11 رنز بنا کر بین سیئرز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ پانچویں اوور میں عمیر یوسف بھی جیکب ڈفی کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔
ساتویں اوور میں پاکستان کی چوتھی وکٹ گری جب عثمان خان 7 رنز بنا کر ایش سوڈھی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ دسویں اوور میں عبدالصمد بھی 4 رنز بنا کر جیمز نیشم کا شکار بنے۔
شاداب خان اور کپتان سلمان علی آغا نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی، لیکن 16ویں اوور میں جیمز نیشم نے پہلے شاداب خان اور پھر جہانداد خان کو آؤٹ کر کے پاکستان کو مزید دباؤ میں ڈال دیا۔
18ویں اوور میں سلمان علی آغا نے 38 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی، لیکن اسی اوور میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پاکستانی ٹیم میں اس میچ کے لیے شاہین آفریدی کو ڈراپ کیا گیا، جبکہ عثمان خان، عمیر بن یوسف، سفیان مقیم، جہانداد خان اور محمد علی کو شامل کیا گیا۔ ٹیم میں کپتان سلمان علی آغا، عبدالصمد، حسن نواز، شاداب خان اور حارث رؤف بھی شامل تھے۔
نیوزی لینڈ کی اننگز
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم سیفرٹ اور فِن ایلن نے اننگز کا پراعتماد آغاز کیا اور بغیر وکٹ گنوائے 22 گیندوں پر 50 رنز کی شراکت قائم کی۔
چھٹے اوور میں سفیان مقیم نے پاکستان کو پہلی کامیابی دلوائی، جب انہوں نے فِن ایلن کو آؤٹ کیا۔ آٹھویں اوور میں مارک چیپ مین بھی سفیان مقیم کی گیند پر 3 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
ٹم سیفرٹ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 97 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور نیوزی لینڈ نے 10 اوورز میں ہی 129 رنز کا ہدف حاصل کر لیا۔اس جیت کے ساتھ نیوزی لینڈ نے ٹی20 سیریز 4-1 سے اپنے نام کر لی۔