شاہد آفریدی کا انڈیا کے جھنڈے پر آٹوگراف

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 21-03-2023
شاہد آفریدی کا انڈیا کے جھنڈے پر آٹوگراف
شاہد آفریدی کا انڈیا کے جھنڈے پر آٹوگراف

 

پاکستان کے سابق سٹار کرکٹر شاہد آفریدی کی انڈیا کے جھنڈے پر آٹوگراف دینے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہے جسے صارفین کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شاہد آفریدی بس میں سوار ہیں اور وہ بس کے عملے کے رُکن کو انڈیا کے جھنڈے پر اپنا آٹوگراف دے رہے ہیں۔

 

 

جھنڈے پر آٹوگراف دینے کے بعد انہوں نے مداح کی فرمائش پر ایک ٹی شرٹ پر بھی آٹو گراف دیا اور اُن کا شکریہ ادا کیا۔ شاہد آفریدی ان دنوں قطر کے دارالحکومت دوحا میں لیجنڈ لیگ نامی نجی ٹی20 کرکٹ ٹورنامنٹ کھیلنے کے لیے موجود ہیں جہاں اُن کے ساتھ سابق پاکستانی کرکٹرز سمیت انٹرنیشنل ریٹائرڈ کرکٹرز بھی ایکشن میں نظر آ رہے ہیں۔ اس سے قبل 2018 میں بھی ’بوم بوم‘ آفریدی کی سوئٹزرلینڈ میں نجی کرکٹ میچ کے دوران ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں اُنہوں نے انڈین مداح کے ساتھ جھنڈے کو سامنے کر کے تصویر بنوائی تھی۔ شاہد آفریدی کی انڈین جھنڈے پر آٹوگراف دینے کی ویڈیو پر شائقین کرکٹ کی جانب سے ٹوئٹر پر انہیں خوب داد دی جا رہی ہے

ماہم گیلانی نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اسے کہتے ہیں بڑا پن۔ شاہد آفریدی انڈین جھنڈے پر دستخط کر رہے ہیں۔ ہم اس طرح دوسری اقوام کی عزت کرتے ہیں۔ ایسے چھوٹے سے کاموں سے دنیا قریب آتی ہے، پیار بڑھتا ہے اور زمین پر امن ہوتا ہے۔ لالا ہمیں آپ پر فخر ہے۔‘ مجوکا نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’سب کے لیے پیار اور کسی کے لیے بھی نفرت نہیں۔ ہم پاکستان اور انڈیا ہمسائے ہیں۔‘ خالد منہاس نے امن کی بات کرتے ہوئے تبصرہ کیا کہ ’سے سے پہلے ہم انسان ہیں۔ ہمیں اپنے ہمسائے سے پیار ہے۔‘