سفیان مقیم کی تباہ کن بالنگ، پاکستان نے سیریز جیت لی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 04-12-2024
سفیان مقیم کی تباہ کن بالنگ، پاکستان نے سیریز  جیت لی
سفیان مقیم کی تباہ کن بالنگ، پاکستان نے سیریز جیت لی

 

 ہرارے : پاکستان اور زمبابوے کے درمیان جاری ٹی 20 سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے 10 وکٹوں سے فتح حاصل کر کے سیریز اپنے نام کر لی ہے۔ منگل کو بلاوائیو میں کھیلے گئے میچ میں سپنر سفیان مقیم کی شاندار بالنگ کی وجہ سے زمبابوے کی ٹیم 57 رنز تک محدود ہو گئی تھی جس کے جواب میں پاکستان کے اوپنرز نے چھٹے اوور کی تیسری گیند پر چوکا مار کر مطلوبہ حدف حاصل کیا۔

پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے 36 اور عمیر یوسف نے 22 رنز بنائے اور بغیر کسی نقصان کے ٹیم کو کامیاب بنایا۔نوجوان سپنر سفیان مقیم نے زمبابوے کے خلاف 2.4 اوورز میں تین رنز کے بدلے پانچ وکٹیں حاصل کر کے نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ منگل کو تین ٹی 20 میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کی۔

اس میچ کی فتح میں جہاں سفیان مقیم کی عمدہ بالنگ نے بنیادی کردار ادا کیا وہیں سفیان ٹی20 کرکٹ فارمیٹ کے بہترین میچ فیگرز میں شریک ہو گئے ہیں۔ اس سے قبل یہ اعزاز سابق فاسٹ بولر عمر گل کے پاس تھا جنہوں نے 2009 میں نیوزی لینڈ اور 2013 میں جنوبی افریقہ کے خلاف چھ رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ یوں 15 برس بعد سفیان مقیم نے عمر گل کا یہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق نوجوان سپنر سفیان مقیم نے اب تک صرف سات ٹی 20 انٹرنیشنلز کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 14 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ سفیان مقیم کون ہیں؟ سفیان مقیم 15 نومبر سنہ 1999 کو پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر کے ضلع سدھنوتی (پلندری) کی تحصیل بلوچ بیٹھک کے گاؤں ’گلہ جنھالاں‘ سے ہے۔ انہوں نے ڈپلومہ آف الیکٹریکل انجینیئرنگ (ڈی ای ای) کر رکھا ہے۔ سفیان نے پاکستان ٹیم کے لیے ٹی20 فارمیٹ میں اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو تین اکتوبر 2023 کو ہانگ کانگ کے خلاف کیا تھا۔ اس سے قبل ڈومیسٹک کرکٹ میں سفیان مقیم پی ایس ایل میں پشاور زلمی کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ جنوری 2024 میں گھٹنے کی انجری کے باعث وہ پی ایس ایل کے سیزن 2024 میں پرفارم نہیں کر سکے تھے۔