اے ایم یو : تعلیم ترقی کی بنیاد ہے ، نئی نسل کو با اصول ہونا ہوگا- وی سی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 28-01-2025
 اے ایم یو : تعلیم ترقی کی بنیاد ہے ، نئی نسل کو با اصول ہونا ہوگا- وی سی
اے ایم یو : تعلیم ترقی کی بنیاد ہے ، نئی نسل کو با اصول ہونا ہوگا- وی سی

 

علی گڑھ:: یوم جمہوریہ کا جشن منا تے ہوئے ہمیں خود سے یہ سوال کرنا چاہئے کہ اے ایم یو ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی میں کس طرح زیادہ بڑا کردار ادا کرسکتی ہے۔ اس کا جواب اختراع، حوصلہ افزائی اور شمولیت کے لئے ہمارے اجتماعی عزم میں مضمر ہے۔ یہ ہدف ذہنوں کو بیدار کرکے، ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کرکے اور مقصد کے ساتھ جدت طرازی کو فروغ دینے کے اپنے مشن کو مستحکم کرکے حاصل کیا جاسکتا ہے۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے ملک کے 76ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر یونیورسٹی کے اسٹریچی ہال پر منعقدہ تقریب میں اساتذہ، طلبہ اور عملے کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا

اے ایم یو نے 1950 میں آئین ہند کو نافذ کئے جانے کی یاد میں منائے جانے یوم جمہوریہ کا جشن جوش و خروش کے ساتھ منایا۔

این سی سی کیڈٹس کی روایتی پریڈ اور قومی پرچم لہرانے کے بعد وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے کہا کہ تعلیم ترقی کی بنیاد ہے اور جیسا کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نے درست طور سے کہا ہے’ذہن کی آبیاری انسانی وجود کا حتمی مقصد ہونا چاہیے‘، ہماری ذمہ داری تعلیم سے آگے بڑھ کر ہے - ہمیں ایسی نسل کی پرورش کرنی ہوگی جس کے پاس صرف علم ہی نہ ہو بلکہ وہ با اصول، خیرخواہ اور سماجی طور پر ذمہ دار بھی ہو۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اے ایم یو کو مسلسل ایک ایسا مقام بنے رہنا ہوگا جہاں تنوع کا جشن منایا جاتا ہے، شمولیت کے کاز کی حمایت کی جاتی ہے اور انصاف کو برقرار رکھا جاتا ہے۔ پروفیسر خاتون نے کہا ”ٹکنالوجی کی تیزرفتار ترقی کے اس دور میں اے ایم یو کو تحقیق و اختراع کے ایک مرکز کے طور پر عمدہ ترین مظاہرہ جاری رکھنا ہوگا جو ہمارے دور کے سب سے اہم چیلنجوں کو حل کرے۔ موسمیاتی تبدیلی سے لے کر صحت کی دیکھ بھال تک، ڈجیٹل تبدیلی سے لے کر دیہی ترقی تک، ہماری توجہ ایسے حل پیش کرنے پر ہونی چاہیے جو زندگیوں کو بہتر بنائے اور ہماری قوم کو مضبوط کرے۔ انہوں نے سویم پلیٹ فارم کے ذریعے ااساتذہ کو وی او سی/ وی اے سی / الیکٹیو کورسیز تیار کرنے اور پیش کرنے کی ترغیب دینے کے اے ایم یو کے اقدام کا ذکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ آرٹیفیشیئل انٹلی جنس، ڈاٹا سائنس اور انوائرمنٹل اسٹڈیز جیسے شعبوں میں عہد جدید کے کورسز کو نصاب تعلیم میں ضم کیا جا رہا ہے۔ جولائی-اکتوبر 2024 کے سیشن میں،بیس شعبوں کو محیط 31 سویم موکس تیار اور پیش کیے گئے، جن میں اب تک 16365 طلبہ نے رجسٹریشن کرایا ہے۔ پروفیسر خاتون نے اے ایم یو برادری پر زور دیا کہ وہ متحد رہ کر اور اپنے رویوں میں مثبت رہ کر ہندوستانی جمہوریت کو مضبوط کریں۔ انھوں نے کہا ”آئیے، اس یوم جمہوریہ پر ہم سرسید کے وژن اور ہندوستان کے آئین کو برقرار رکھنے کا عہد کریں۔ آئیے، ہم اے ایم یو کو ترقی کا منارہئ نور، اقدار کی پرورش گاہ اور اس عظیم ملک کی علمی اور ثقافتی میراث کا ستون بنانے کے لئے ایک ساتھ مل کر کام کریں۔

یوم جمہوریہ تقریب میں اے ایم یو کی طالبہ سیدہ زینب رئیس (بی اے انگلش) اور مسٹر شاہان عثمانی (ایم بی بی ایس، سالِ دوم) نے بھی تقریریں کیں۔ پروگرام کی نظامت اے ایم یو کے رجسٹرار جناب محمد عمران آئی پی ایس نے کی۔ بعد ازاں، وائس چانسلر نے یونیورسٹی گیمز کمیٹی اور احمدی اسکول برائے نابینا طلبہ کے زیر اہتمام منعقدہ مِنی میراتھن کے فاتحین میں انعامات تقسیم کئے۔ گیمز کمیٹی کے زیر اہتمام منعقدہ مِنی میراتھن میں لڑکوں کے زمرے میں محمد قمر عابدین، حیدر عباس اور کرشنا سنگھ کو بالترتیب اوّل، دوم اور سوم انعام دیا گیا، جب کہ لڑکیوں کے زمرے میں پورنیما شرما، ونشیکا راج اور ساریکا شرما کو اوّل، دوم اور سوم انعام سے نوازا گیا۔ احمدی اسکول کے زیر اہتمام منعقدہ یوم جمہوریہ میراتھن میں لڑکوں کے زمرہ میں جیون بابو، زین عثمانی اور عرفان نے بالترتیب اوّل، دوم اور سوم انعام حاصل کیا جب کہ لڑکیوں کے زمرے میں عاطفہ خاتون، طیبہ اور زہرہ بتول کو بالترتیب اوّل، دوم اور سوم انعامات دئے گئے۔ قبل ازیں ایس ٹی ایس اسکول اور عبداللہ ہال کی جانب سے پربھات پھیری نکالی گئی۔ یونیورسٹی کے مختلف دفاتر، فیکلٹیوں، کالجوں، شعبہ جات اور اسکولوں میں بھی یوم جمہوریہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ ایڈمنسٹریٹیو بلاک میں رجسٹرار مسٹر محمد عمران آئی پی ایس نے قومی پرچم پھہرایا۔ وائس چانسلر لاج، مولانا آزاد لائبریری، فیکلٹی آف آرٹس اور یونیورسٹی کے تمام اسکولوں اور کالجوں سمیت اہم مقامات پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ سبھی ڈین دفاتر، ڈی ایس ڈبلیو دفتر، پرووسٹ دفاتر اور پراکٹر دفتر پر بھی قومی پرچم پھہرایا گیا۔اس کے ساتھ ایڈمنسٹریٹیو بلاک، مولانا آزاد لائبریری، وکٹوریہ گیٹ، یونیورسٹی پولی ٹیکنک آڈیٹوریم، بابِ سید، سینٹینری گیٹ، آرٹس فیکلٹی سمیت یونیورسٹی کی مختلف عمارتوں کو قومی پرچم کے رنگوں میں روشن کیا گیا۔ وائس چانسلر نے مریضوں کی عیادت اور ان میں پھل تقسیم کرنے کے لئے یونیورسٹی ہیلتھ سروس کا دورہ کیا۔ اس کے علاوہ سرسید ہال کے لان میں پودے بھی لگائے