حج : وقوف عرفہ کے بعد 18 لاکھ حجاج مزدلفہ روانہ ،اب منزل پھر منی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 16-06-2024
 حج : وقوف عرفہ کے بعد 18 لاکھ حجاج مزدلفہ روانہ ،اب منزل پھر  منی
حج : وقوف عرفہ کے بعد 18 لاکھ حجاج مزدلفہ روانہ ،اب منزل پھر منی

 

مکہ: حج کے رکن اعظم کی ادائیگی کے لیے اٹھارہ لاکھ سے زیادہ عازمین عرفات کے میدان میں موجود ہیں۔ مسجد نمرہ میں خطبہ حج سننے کے بعد عازمین نے ظہر اور عصر کی نمازیں قصر و جمع کی صورت میں ادا کیں۔ عازمین نے سارا دن میدانِ عرفات میں عبادت الٰہی اور دعائیں کرتے گزارا۔ سورج غروب ہوتے ساتھ ہی عازمین وادی مزدلفہ کی جانب روانہ ہو گئے جہاں پہنچ کر وہ مغرب اور عشاء کی نمازیں قصر و جمع کی صورت میں ادا کریں گے اور رمی کے لیے کنکریاں اکھٹی کریں گے۔

 سفید احرام میں ملبوس لاکھوں حجاج کی وجہ سے رحمہ پہاڑ کا دور سے انتہائی خوبصورت منظر دکھائی دے رہا تھا۔ حد نگاہ تک سفید احرام میں ملبوس حجاج نظر آ رہے تھے۔انتظامیہ کی جانب سے جگہ جگہ پانی کی سبیلیں لگائی گئی ہیں جبکہ عام لوگوں نے بھی حجاج میں پانی کی بوتلیں تقسیم کیں۔حجاج کرام آج یہاں غروب آفتاب سے چند لمحات قبل تک قیام کریں گے اور زوال کے ساتھ ہی مزدلفہ کے لیے روانہ ہو جائیں گے جہاں وہ تینوں دن رمی کے لیے کنکریاں اکھٹی کریں گے۔حجاج کرام رات مزدلفہ کے میدان میں بسر کریں گے اور نماز فجر ادا کرنے کے ساتھ ہی وہ منیٰ کی جانب روانہ ہو جائیں گے

 سعودی اداروں کی جانب سے حج کے رکنِ اعظم کی ادائیگی کے لیے سکیورٹی کے مثالی انتظامات کیے گئے ہیں۔ دنیا بھر سے فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے آنے والے عازمین کے قافلے بسوں اور مشاعر ٹرین سروس کے ذریعے جمعہ کی نصف شب کے بعد ہی منیٰ سے میدان عرفات کےلیے روا نہ ہوگئے تھے۔

میدان عرفات آنے والے تمام راستوں پر چیک پوسٹیں قائم ہیں جبکہ کسی کو بھی میدان عرفات میں حج پرمٹ کے بغیر جانے کی اجازت نہیں۔ ایسی گاڑییاں جن پر مشاعر مقدسہ میں جانے کا پرمٹ چسپاں نہیں انہیں چیک پوسٹوں سے گزرنے نہیں دیا جا رہا۔
وزارت دفاع اور سکیورٹی اداروں کی ٹیمیں مسلسل میدان عرفات کا دورہ کر رہی ہیں جبکہ وزارت دفاع کے ہیلی کاپٹر میدان عرفات کی مسلسل فضائی نگرانی کر رہے ہیں